Paband e Salasil Novelette by Bushra Irshad – Episode 6 – Hamari Digest
قسط نمبر 06
(حال میں)
شام کو حیدر صاحب کی کال نے شاہ ویز کو اچھا خاصا پریشان کر دیا تھا؛ مناہل بغیر کچھ بتائے ٹیکسی میں بیٹھ کر کہیں چلی گئی تھی۔ اس نے حیدر صاحب کو تسلی دی اور رش ڈرائیونگ کرتا ہوا محض پندرہ منٹ میں احسن ولا جا پہنچا۔ وہ جانتا تھا کہ وہ اور کہیں تو جا نہیں سکتی تو یہیں ہوگی، اور اس کی توقع کے عین مطابق وہ روتی بلکتی وہیں پائی گئی۔ سکینہ بیگم کے قدموں میں اکڑوں بیٹھی، تڑپتی ہوئی وہ قابلِ رحم لگ رہی تھی۔
”خدارا پھوپھو مجھ پہ تھوڑا تو یقین کریں، میں بیٹی ہوں آپ کی، میں آپ کا سر کیسے نیچے کر سکتی ہوں؟ پھوپھو پلیز…“
وہ روتے ہوئے بولی۔
”شکر کرو تم میری بیٹی نہیں ہو، اگر تم میری بیٹی ہوتی، تو اس رسوائی کے بعد کب کا میرے ہاتھوں مر چکی ہوتی۔“
ان کا انداز اس قدر سرد تھا کہ مناہل کو اپنا جسم ٹھٹھرتا ہوا محسوس ہوا۔
”شکر کرو مناہل، شکر کرو کہ تم میرے مرحوم بھائی کی بیٹی ہو، میری نہیں؛ ورنہ جو چاند تم نے چڑھایا تھا، اس کے بعد مجھ میں اتنی سکت نہیں تھی کہ تمہارا گناہگار وجود اپنی آنکھوں کے سامنے برداشت کر پاتی۔ سمجھی تم؟“
وہ بے گانگی کی حد کر رہی تھیں۔
”خدا کا واسطہ ہے پھوپھو، مجھے جان سے مار ڈالیں، مگر اس قدر نفرت اور بدگمانی کی مار نہ ماریں۔ مجھ سے آپ کی نفرت برداشت نہیں ہوتی۔ میں مر جاؤں گی پھوپھو، میں مر جاؤں گی۔“
وہ پھوٹ پھوٹ کے رو دی لیکن سکینہ بیگم پہ اس کے آنسوؤں کا کوئی اثر نہیں ہوا تھا۔
”تو جاؤ، جا کر مر جاؤ، مگر مجھے اپنی گناہگار شکل دوبارہ مت دکھاؤ۔“
انہوں نے غصے سے اس کے ہاتھ جھٹک دیے جو ان کے گھٹنوں کو چھو رہے تھے۔
”آرام سے سکینہ صاحبہ! ذرا نرمی سے بات کیجیے۔ یہ کوئی دشمن نہیں، آپ کی اپنی بھتیجی ہے، آپ کا خون، اور اس گھر کی بیٹی۔“
شاہ ویز نے مناہل کو بازو سے پکڑ کے اٹھاتے ہوئے پہلی بار دخل اندازی کی۔
”مر گئی اس گھر کی بیٹی ہمارے لیے؛ لے کے جائیے اپنی بیگم کو یہاں سے ایس ایس پی صاحب۔ اب ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔“
انہوں نے حقارت سے مناہل کو دیکھ کر شاہ ویز کو حکم دیا۔
”آپ کے کہہ دینے سے میری بیوی کا آپ سے، اور اس گھر سے رشتہ ختم نہیں ہو سکتا؛ اور غالباً آپ بھول رہی ہیں کہ جسے آپ اس گھر سے دھکے دے کر نکال رہی ہیں وہ، اور صرف اور صرف وہ ہی، اس گھر کی اصل وارث ہے، سو کم از کم قانوناً طور پر تو آپ اسے گھر بدر نہیں کر سکتیں۔“
شاہ ویز طنزیہ اور کاٹ دار لہجے میں بولا تو سکینہ بیگم کے سر سے لگی تو تلوؤں میں جا کے بجھی۔
”منہ سنبھال کر بات کرو۔ تمہیں کس نے حق دیا کہ تم ایسی بات کرو؟ یہ گھر میرے سگے بھائی کا ہے۔ سمجھے؟“
وہ گڑبڑا کر بولیں۔
”اور جسے آپ اس گھر سے نکال رہی ہیں وہ اسی بھائی کی بیٹی ہے۔“
وہ بھی دو بدو بولا تو سکینہ بیگم کا غضب آسمان کو چھونے لگا؛ اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتیں مناہل کو مداخلت کرنی پڑی۔
”پلیز شاہ ویز، تمہارا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، خدا کے لیے چپ کر جاؤ۔“
اس نے ہاتھ جوڑے۔
”میں اپنی بیوی کی تذلیل ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔“
اس نے مناہل کی آنکھوں میں دیکھ کر غصہ ضبط کرتے ہوئے جواب دیا تو وہ ایک سیکنڈ کے لیے اس کا منہ دیکھ کر رہ گئی۔
”اور یہ جواب تو ان کو دینا ہی پڑے گا کہ آخر تم سے قطع تعلق کے بعد بھی یہ کس حیثیت سے تمہاری جائیداد کی مالک بن رہی ہیں، اور اگر انہوں نے جواب نہیں دیے، تو قانون کے پاس اگلوانے کے اپنے طریقے ہیں۔“
شاہ ویز کی آئی بروز تن گئی تھیں اور اس کا لہجہ اس کے غصے و غضب کو ظاہر کر رہا تھا مگر صرف مناہل کا لحاظ کرتے ہوئے وہ اپنے آپ کو کنٹرول کیے ہوئے تھا۔
”اوہ! تو اس لیے اپنے قانون دان شوہر کو یہاں لے کر آئی ہو تاکہ ہمیں ذلیل کروا سکو؟ لیکن تم شاید یہ بھول رہی ہو کہ بھائی صاحب نے مرنے سے پہلے ہی سارا کچھ میرے نام کر دیا تھا: بزنس، پراپرٹی، یہ گھر، سب کچھ۔“
وہ کمال مہارت سے جھوٹ بول رہی تھیں۔ مناہل چپ سی ہو گئی تھی کیونکہ وہ جانتی تھی کہ یہ ایک سفید جھوٹ ہے۔
”کیا یہ سچ ہے مناہل؟“
شاہ ویز کو سکینہ بیگم کا مطمئن انداز کنفیوز کر رہا تھا جبکہ مناہل چپ کھڑی تھی اور بے یقینی سے سکینہ بیگم کو دیکھے جا رہی تھی۔
”یہ کیا کچھ کہے گی، جواب یہاں ہے۔“
حسن کی آواز پہ سب نے مڑ کر دیکھا جو ہاتھ اوپر کیے ہوا میں ایک فائل لہرا رہا تھا۔
”یہ ہیں وہ تمام لیگل ڈاکیومنٹس جو اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ احسان اینڈ کو سمیت یہ گھر اور باقی جائیداد خود ماموں جان نے مناہل کی رضامندی سے امی کے نام کیے تھے۔“
وہ خباثت سے مسکراتے ہوئے بولا۔
”مناہل کیا یہ سچ ہے؟“
شاہ ویز نے وہ فائل دیکھنے کے بعد متفکر ہو کر اس سے پوچھا۔
”ہاں، یہ سچ ہے۔ یہ سب انہی کا ہے، میرا ان سب میں کوئی حصہ نہیں۔“
وہ سر جھکا کے سپاٹ لہجے میں بولی۔ وہ سمجھ گئی تھی کہ حسن کی پلاننگ میں سکینہ بیگم بھی شامل ہو چکی تھیں اور اب شاہ ویز کے سامنے وہ اپنے رشتے داروں کو جھوٹا ثابت نہیں کرنا چاہتی تھی سو بھرم رکھنے کے لیے اسے جھوٹ بولنا پڑ رہا تھا۔ جبکہ سکینہ بیگم کی خوشی ان کے چہرے سے جھلک رہی تھی۔ وہ مناہل کی طبیعت سے اچھی طرح واقف تھیں؛ انہیں سو فیصد یقین تھا کہ محبت کی ترسی ان کی یہ بھتیجی، اپنا خلوص ثابت کرنے کے لیے اس جھوٹ کو خوشی خوشی قبول کر لے گی۔
”تو پھر یہاں کیا کر رہی ہو؟ چلو یہاں سے!“
شاہ ویز بازو سے کھینچتا ہوا اسے گاڑی تک لے آیا۔ اسے مناہل کی عقل پہ افسوس ہو رہا تھا۔ وہ چپ چاپ گاڑی میں بیٹھ گئی۔ اسے بابا کی ڈیتھ کے بعد کے دن یاد آرہے تھے جب پھوپھو نے کتنی ہی بار اس کو پچکارتے ہوئے اس کے سگنیچرز ڈفرنٹ ڈاکیومنٹس پہ بہانے بہانے سے لیے تھے، اور وہ پڑھی لکھی ہونے کے باوجود بھی بغیر دیکھے سائن کرتی رہی۔
”غلطی تو میری اپنی ہے، کیوں اسٹڈی کیے بغیر سائنز کیے میں نے؟ تو یہ تھی وہ محبتیں جن کے لیے میں مری جا رہی تھی؟“
اس نے منہ سائیڈ ونڈو کی طرف موڑ کے آنسو بہائے۔ اس سے اب اپنے ضبط کو قائم رکھنا محال ہو رہا تھا۔ اسے ماضی یاد آ رہا تھا جب چھوٹی چھوٹی تکلیفوں پہ کیسے پھوپھو اس کے لیے تڑپ جایا کرتی تھیں۔
”تو کیا وہ سب ڈراما بابا کو امپریس کرنے کے لیے ہوتا تھا؟ کیا یہی ہے خون کے رشتے کی کشش؟ کیا مال کی محبت خون کی محبت سے بڑی ہے؟“
اس کا ذہن سوال پہ سوال کر رہا تھا۔ اس سے یہ صدمہ قبول کرنا محال ہونے لگا تو اس نے تھک کے آنکھیں بند کر لیں۔ شاہ ویز نے اس کی طرف تاسف سے دیکھا اور کار کی اسپیڈ بڑھا دی۔
گھر آتے ہی وہ سیدھا اپنے روم میں جا گھسی۔ شاہ ویز نے حیدر صاحب کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کیا تو وہ بھی حیران ہوتے ہوئے افسوس کرنے لگے۔
”بہت افسوس ہوا سن کر، نہ جانے لوگوں کا خون کیسے سفید ہو جاتا ہے ذرا سے مال کے پیچھے۔ خدا رسول کا کوئی خوف نہیں آج کل کے انسانوں کے دلوں میں۔ بیچاری مناہل بیٹی ایک کے بعد ایک صدمے سہہ رہی ہے، خدا اسے صبر دے۔“
”آپ فکر مت کیجیے ڈیڈ! میں کوئی ناانصافی نہیں ہونے دوں گا اس کے ساتھ، یہ تو واضح ہے کہ مناہل کے ساتھ اس کے رشتے داروں نے گیم کھیلا ہے ورنہ وہ اچانک ایسے خاموش نہ ہوتی اور نہ ہی بغیر کسی مزاحمت کے اتنی آسانی سے وہاں سے میرے ساتھ واپس آتی۔ میں ان لوگوں کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑوں گا، آپ دیکھیے گا۔“
اس نے مٹھی بھینچتے ہوئے کہا۔
”وہ سب ٹھیک ہے بیٹا، مگر مناہل بیٹی جس ذہنی اضطراب سے گزر رہی ہے اسے اب بس تم ہی سنبھال سکتے ہو۔“
”ڈونٹ وری ڈیڈ! میں اب مزید کسی پریشانی کو اس کے نزدیک نہیں آنے دوں گا۔ وہ مناہل شاہ ویز ہے، میری بیوی ہے، اب اس کی خوشیوں کی ذمہ داری میری ہے۔“
شاہ ویز کے لہجے میں اس عزم کی پختگی تھی۔ حیدر صاحب مطمئن ہو کے مسکرا دیے۔
وقت کا پنچھی اپنی مخصوص رفتار سے پرواز کرتا جا رہا تھا۔ شادی کو چھ ماہ کا عرصہ گزر چکا تھا۔ اس تمام عرصے میں اگر کوئی تبدیلی آئی تو بس یہ کہ اب حیدر ولا کے کل تین نفوس ایک ساتھ کھانا کھانے لگے تھے لیکن مناہل کی ناراضگی اب بھی وہیں کی وہیں تھی؛ البتہ حیدر صاحب سے اس کی گپ شپ ہوتی رہتی تھی۔
شاہ ویز کی لاکھ کوششوں کے باوجود بھی مناہل کے رویے میں کوئی لچک نہیں آئی تھی۔ وہ جس قدر اس سے قریب ہونے کی کوشش کرتا وہ مزید اپنے خول میں سمٹنے لگتی۔ مناہل کے رویے کا کھچاؤ شاہ ویز کو مزید جوش دلا دیتا اور پھر اس رشتے کو ناکامی کے حوالے کر دینے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا، کیونکہ اب وہ اس سے محبت کر بیٹھا تھا۔ اسے محبت اور توجہ کی بھیک مانگنا پسند نہ تھا لیکن وہ جانتا تھا ایک بار مناہل کا دل و دماغ اس کی طرف پلٹ آتے تو وہ اسی کی ہو کر رہنے والی تھی، لیکن بیچ کا یہ مرحلہ سخت تھا۔
کمرے کے ہنگامے سرد ہو چکے تھے۔ کافی عرصے سے دونوں میں کوئی نوک جھونک نہیں ہوئی تھی۔ خاموشی کی دیوار میں دراڑ ڈالتے ہوئے شاہ ویز نے ہی پہل کی۔
”چاند اتنا ہی حسین لگ رہا ہے، تو توڑ کر لا دوں تمہیں؟“
وہ بے حد انہماک سے آسمان پہ سجی اس نور کی ٹکیہ کو دیکھنے میں محو تھی جب عقب سے اس کی گھمبیر سرگوشی گونجی۔ مناہل نے چونک کر مڑ کے دیکھا تو وہ ایک دلفریب مسکان سجائے اسی کو دیکھ رہا تھا۔
”تم اتنے عرصے میں میرے چہرے پہ مسکان تو لا نہ سکے، چاند کیا خاک لاؤ گے؟“
وہ اس کا رومانٹک موڈ غارت کرنے کو بولی۔
”بھئی مسکرانے کی تو بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں بشرطیکہ انسان طبیعت سے بیزار نہ ہو تو۔“
وہ مصنوعی بے چارگی سے بولا۔
”اچھا؟ مثال کے طور پہ؟ کون سی وجوہات ہیں میرے پاس مسکرانے کی؟“
وہ بیزاری سے بولی۔
”مثلاً: یہ رات کی گھمبیر خاموشی، ہوا کے یہ پرلطیف جھونکے، پورے چاند کی چاندنی میں بھیگا تمہارا وجود، اور سب سے بڑھ کر، تمہارے سامنے کھڑا تمہارا یہ وجیہہ ہمسفر۔“
وہ ایک جذب کے عالم میں بولا جبکہ مناہل کو اس کی گہری نظروں اور وجود سے اٹھتی تیز اور دلفریب مہک سے منہ چرانا مشکل محسوس ہو رہا تھا۔
”اگر یہی وجوہات ہیں تو مجھے مسکرانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔“
وہ نروٹھے پن سے کہتی ٹیرس سے پلٹ کے روم میں آ گئی۔
”ویسے، آج تم ڈنر کے لیے نیچے نہیں آئیں، طبیعت وغیرہ صحیح ہے؟“
وہ بھی اس کے پیچھے کمرے میں واپس آیا۔
”کیا ہوا؟“
وہ جواب نہ پا کے پوچھ بیٹھا۔
”کیا اپنے والد کو یاد کر کے روئی ہو؟“
وہ اکثر جواب نہ پا کر خود ہی نتائج اخذ کرنے لگتا تھا۔ اس کا اندازہ درست تھا۔
”میں ان کو بھولی ہی کب تھی، بھولی تو میں کچھ بھی نہیں، اور نہ ہی کبھی بھول پاؤں گی۔“
اس نے آخری جملہ شاہ ویز کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
”کچھ یادوں کو بھلا دینا ہی بہتر ہوتا ہے، اس سے آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔“
وہ اس کے پاس آ کر رک گیا۔
”مجھے موو آن کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔“
اس نے لاپرواہی سے کہتے ہوئے نیند کی گولیاں ہاتھ پہ نکالیں۔ اس کا سر رونے سے بھاری ہو رہا تھا۔ شاہ ویز کا اندازہ درست تھا، وہ آج بابا کو یاد کر کے بہت روئی تھی۔ اس وقت وہ بس سونا چاہتی تھی لیکن شاہ ویز نے قریب آ کر تیزی سے اس کے ہاتھ سے گولیاں لے لیں۔
”پانی بھی اگر ایک ہی جگہ رکا رہے، تو اس میں بھی کائی لگ جاتی ہے، تعفن پیدا ہوتا ہے، ہم تو پھر انسان ہیں۔ ہماری زندگی اگر بہتے پانی جیسی نہیں ہوگی تو ہم بھی اندر ہی اندر گل جائیں گے۔ تم حقیقت میں جینے کے بجائے ماضی میں ہی بھٹکتی رہو گی تو سوچو، ہمارے مستقبل کا کیا ہوگا؟“
وہ گولیاں شیشی میں ڈال کے سیدھا اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے پوچھ رہا تھا۔ مناہل سے نظر ملانی مشکل ہو رہی تھی۔ کچھ اس کی باتیں، کچھ اس کی قربت؛ وہ ہمیشہ کمزور پڑنے لگتی تھی۔ یہ غلط نہیں تھا کہ شاہ ویز ایک بھرپور وجیہہ مرد تھا، دوسرا وہ اس کے نکاح میں تھی، اور اس کی وارفتگانہ نظریں… یقیناً ان میں بے پناہ محبت تھی لیکن وہ دیکھنا ہی نہیں چاہتی تھی اور نہ ہی اس کی محبت کا جواب محبت سے دینا چاہتی تھی۔
دشمن سے بھی کوئی محبت کرتا ہے؟ وہ تو اس کا جانی دشمن تھا؛ ایسا دشمن جس نے اس کی زندگی میں زبردستی داخل ہو کر سب کچھ ملیامیٹ کر دیا تھا۔ اب ازالے کے طور پر اگر وہ ہمدردی میں تھوڑی سی محبت پیش کر رہا تھا، تو وہ کیسے اس سودے کو قبول کر لیتی۔ لیکن دوسری طرف اس رشتے کی کشش، اس کی نظریں، ان میں موجزن محبت کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر، پرشفیق لہجہ؛ وہ کہاں تک دامن بچاتی۔ نظروں کو اس کے کٹاؤ دار لبوں نے جکڑا تو مناہل کو اندازہ ہوا کہ وہ اب بھی کچھ بول رہا تھا۔
”دیکھو یار، نکما سا انسان ہوں، عشق معشوقی میں کبھی پڑا نہیں سو محبت جتانا نہیں آتی۔ بس یہی جانتا ہوں کہ میرے دل میں تمہاری محبت خدا نے ڈالی ہے، ورنہ یہ اس رشتے کی کشش ہی ہے جو مجھے تم سے تمہاری لاکھ بے اعتنائی کے باوجود بھی بدظن نہیں ہونے دیتی۔“
وہ اس کا چہرہ تھامے اسے اپنی محبت کی سچائی کا یقین دلا رہا تھا۔ اس کے وجود سے اٹھنے والی تیز مگر دلکش سی خوشبو نے مناہل کا گھیراؤ کر لیا تھا۔ یہ خوشبو، یہ لمس، یہ جذبات سے لبریز لہجہ؛ وہ بہتا گنگناتا جھرنا نہیں تھا، تند و تیز دریا تھا، جب بھی اس کے قریب آتا اس کو یونہی بہا کے لے جاتا کسی خس و خاشاک کی مانند۔ وہ محبت بھری گستاخی کرنے کو تھا، جب وہ ہوش کی دنیا میں لوٹ کر حواسوں میں آ گئی۔
”مجھے یہ جھوٹے عشق کے قصے نہ سنایا کرو۔“
وہ اس کے ہاتھ جھٹک کر، خود پہ نفرین بھیجتی، مڑ کر ڈریسنگ ٹیبل پہ رکھی چیزیں درست کرنے لگی، جو پہلے ہی ترتیب میں تھیں۔
”کیا تمہیں احساس نہیں میں کیا محسوس کرتا ہوں تمہارے لیے؟ یہ محبت ہی ہے جو مجھے تمہارے لیے خوار کر رہی ہے، ورنہ مجھ جیسے کامیاب مرد کو رشتوں کی کوئی کمی تھی کیا؟“
”تو جو کرتا ہے وہی بھگتتا ہے؛ عشق کے دورے تمہیں پڑ رہے ہیں تو خواری کا الزام مجھے نہ دو۔“
وہ برجستگی سے بولی۔
”محبت کے بدلے محبت دینی چاہیے، سزا نہیں۔“
وہ لاچارگی سے بولا۔
”یہ سزا تم نے اپنے لیے خود مقرر کی ہے۔ میرے دل میں تمہارے لیے نفرت کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔“
اس نے بے حسی سے جواب دیا۔
”بس کر دو یار، میں تھک چکا ہوں، کب تک دو گی یہ اذیت؟“
وہ واقعی پریشان ہو چکا تھا۔ اس کی ہر کوشش، محبت کا ہر انداز، چاہت کے تمام حربے اس پہ ناکام ہو چکے تھے۔
”بس ابھی سے؟“
وہ طنزیہ بولی۔
”آخر کب تک تم یوں مجھے اور خود کو اذیتیں دیتی رہو گی؟ کب تک یوں ماضی کا آئینہ دکھاتی رہو گی مجھے؟ آخر کیوں تم عام عورتوں جیسی نہیں بن سکتی؟“
اس نے درشتی سے اپنا ماتھا مسلا؛ وہ سخت مضطرب تھا۔
”عورت؟ تم جانتے بھی ہو عورت ہوتی کیا ہے؟“
اس کا لہجہ سرد تھا۔
”عورت جب اپنے دل میں کسی کو مقام دیتی ہے نہ، تو وہ اتنا بلند اور معتبر مقام دیتی ہے کہ آسمان اس کے قدموں میں آ جاتا ہے۔ کسی مقدس کتاب کی طرح لپیٹ کر اس کی عزت اور احترام کو محفوظ رکھتی ہے۔ اسی لیے جب کوئی اس کے دل کے اس مقام سے گرتا ہے تو وہاں سے گرنے کے بعد اس احترام کی موت ہو جاتی ہے۔“
اس کی نسوانیت کا غرور تڑپ تڑپ کے رو رہا تھا۔
”یہ تمہاری بدنصیبی ہے کہ تم نے میرے دل کو چھونے کے بجائے جسم کو پانے کی تمنا رکھی۔ اب میں تم کو معاف کر بھی دوں لیکن اس مقام پہ لے جا کے بالکل نہیں بٹھا سکتی جس کے تم متمنی ہو۔ کوئی عورت کے دیے ہوئے مقام کی تقدیس کو پامال کر دے تو پھر وہ بھی اس کے بھرم کو غلاف میں لپیٹ کر زینت سے نہیں رکھتی۔“
اس کی آواز نم تھی پر لہجہ مضبوط تھا۔ منٹ کی سوئی نے نہ جانے کتنے ہی چکر مکمل کر لیے تھے۔ خاموشی کے شور میں دونوں کے بیچ حائل تھا۔
”مجھے اعتراف ہے، تمہارے ساتھ ہونے والی قیامتوں کا میں ہی ذمہ دار ہوں، لیکن میں شوہر ہوں تمہارا، فطری تعلق ہے ہمارا؛ صرف ایک بار، سب بھول کر میرا ہاتھ تھام کر تو دیکھو، میں تمہارا مان کبھی نہیں توڑوں گا۔“
اسے یوں محبت کی بھیک مانگنا اچھا نہیں لگ رہا تھا لیکن وہ دل کے ہاتھوں مجبور تھا۔
”میرے لیے یہ شادی بس ایک کاغذی رشتہ ہے۔ تم چاہو تو دوسری شادی کر لو لیکن مجھ سے امیدیں مت لگاؤ، میں اپنی زندگی میں اپنی ترجیحات سیٹ کر چکی ہوں، اور تم ان میں کہیں ایگزسٹ نہیں کرتے۔“
اس نے اس قدر صفائی سے اپنی اور اس کی آنے والی زندگی کا نقشہ کھینچا کہ شاہ ویز کی ساری امیدیں جل کر خاکستر ہو گئیں؛ کچھ دیر تک تو وہ کچھ بول ہی نہ سکا اور جب بولا تو بس اتنا ہی کہ:
”ایک بات جو ہو کر ختم ہو چکی ہے، تم اسے ساری زندگی پہ محیط کیے بیٹھی ہو، ایسا نہ ہو کہ اس بات کے اثرات سے تم مزید کسی کو کھو دو۔“
وہ اپنا تکیہ اٹھا کر روم سے جا چکا تھا۔
”میرے پاس رہ ہی کیا گیا ہے کھونے کو۔“
وہ جل کر زیرِ لب بولی تھی۔
بشریٰ ارشاد کے دلچسپ اردو ناولٹ “پابند سلاسل” کی آخری قسط پڑھیں۔

پہلا پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی شینژو-24 مشن پر خلا روانہ | تاریخی سنگِ میل
Journey Beyond the Stars: Muhammad Zeeshan Ali’s Historic Space Mission | Hamari Digest ستاروں سے آگے کا سفر — پاکستان زندہ باد!…
فیصل آباد پریس کلب: شفافیت کی جانب ایک تاریخی قدم | ہماری ڈائجسٹ
سندھ کی سیاست، اقتدار اور وسائل کا سوال | اوشاق علی بلیدی — ہماری ڈائجسٹ
سیلاب کی تباہ کاریاں، انسانی المیے اور بچاؤ کی تدابیر | آیتِ نورؔ — ہماری ڈائجسٹ
پہلا پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی شینژو-24 مشن پر خلا روانہ | تاریخی سنگِ میل
Journey Beyond the Stars: Muhammad Zeeshan Ali’s Historic Space Mission | Hamari Digest ستاروں سے آگے کا سفر — پاکستان زندہ باد!…
خواب نگر: ڈاکٹر شاہد ایم شاہد | ہماری ڈائجسٹ
نوجوان مساجد سے دور کیوں؟ از قلم: طارق بلال لیل
اضافی فلش لائٹس ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ | طارق بلال لیل — ہماری ڈائجسٹ
زندگی کی خوب صورتی -اصلاحی اور نفسیاتی اردو کالم | ہماری ڈائجسٹ
رشتوں سے دور ہوتی نسل | سید ساجد علی شاہ – ہماری ڈائجسٹ
بچوں کی اخلاقی تربیت | ڈاکٹر شاہد ایم شاہد — ہماری ڈائجسٹ
آدابِ معاشرت — حضرت لقمانؑ کی نصیحتیں | صغیر جعفری – ہماری ڈائجسٹ
Adab e Muashrat by Sagheer Jafari – Hazrat Luqman Advice | Hamari Digest اصلاحی و قرآنی مضمون • ہماری ڈائجسٹ آدابِ معاشرت…

عبدالرحمٰن -اردو کہانی از قلم: عائشہ حسین | ہماری ڈائجسٹ
Abdur Rehman Urdu Story by Aisha Hussain – Hamari Digest کہانی • ہماری ڈائجسٹ عبدالرحمٰن صنف: کہانی | از قلم: عائشہ حسین…
السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!
کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟
اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔
ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:
- آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
- اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
- آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔
اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:
اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!























