پابند سلاسل ناولٹ آخری قسط از بشریٰ ارشاد — ہماری ڈائجسٹ

پابند سلاسل ناولٹ آخری قسط از بشریٰ ارشاد | ہماری ڈائجسٹ

Paband e Salasil Novelette Last Episode by Bushra Irshad – Hamari Digest

آخری قسط

اختتامیہ قسط

موبائل کی بیپ نے کام کرتے شاہ ویز کے انہماک کو توڑا تو اسے اندازہ ہوا کہ وہ آج معمول سے زیادہ لیٹ ہو چکا ہے۔ ”شاید ڈیڈ کا فون ہو۔“ اس نے سوچتے ہوئے نمبر دیکھے بغیر کال ریسیو کی۔

”کیسے ہیں ایس ایس پی صاحب؟“

”آپ کون؟“

اس نے حیران ہو کر پوچھا۔

”ارے انسپکٹر صاحب! ہمارا حوالہ جان کر کیا کر لینا ہے آپ نے، بس یہ سمجھیے کہ آپ کا خادم بات کر رہا ہے۔“

انجان آواز کے لہجے میں مکاری بول رہی تھی۔ شاہ ویز چونک کر سیدھا ہوا۔

”کیا بکواس کر رہے ہو؟ کون ہو تم؟“

وہ حیران تھا کہ مقابل اس کو کیسے جانتا ہے، جبکہ اس کا سیل نمبر تو اس کے چند گنے چنے دوست رفقا کے علاوہ اور کسی کے پاس نہ تھا۔

”چھوڑیے بھی ایس ایس پی صاحب! کام کی بات کرتے ہیں؛ دراصل آپ کو ایک بات سے آگاہ کرنا تھا کہ یہ جو آپ آج کل ڈرگز سمگلرز کو پکڑنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں نہ، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہونا؛ کیونکہ ندیم ڈوگر نے آپ کے بڑوں سے پہلے ہی ہاتھ ملا لیا ہے، سو اب آپ اپنی صحت اس خواری میں برباد نہ کریں۔ ورنہ ہوگا کچھ بھی نہیں؛ بس ایک طرف آپ ندیم سرکار کے آلہ کاروں کو قانون کے شکنجے میں کس بھی نہیں پائیں گے کہ دوسری طرف وہ سب آپ ہی کے ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کی خفیہ ضمانتوں پہ رہا بھی ہو جائیں گے۔ اور پھر کیسز کا کیا ہے، وہ تو شیطان کی آنت کی طرح چلتے ہی رہتے ہیں، آپ کو تو اس بات کا مجھ سے زیادہ علم ہوگا۔ سو انسپکٹر صاحب! تھوڑی عقلمندی دکھائیں، ڈوگر صاحب سے ہاتھ ملائیں، اور ان کے راستے میں نہ آئیں۔ آپ حکم کریں تو میں خود آپ کو آپ کی منہ مانگی رقم دلواؤں گا ڈوگر صاحب سے، بس آپ ہاں کریں، میں میٹنگ ارینج کر دیتا ہوں۔“

اس انجان آواز نے مکاری اور چاپلوسی سے کہتے ہوئے اپنی بات ختم کی۔

”اچھا تو تم ڈوگر کے دلال بول رہے ہو؟ اچھا، تو اب وہ دو کوڑی کا غنڈا اپنے حرام خوروں کے ذریعے مجھے بے ایمانی کے سبق پڑھائے گا؟ چلو تو ایک میسج میرا بھی اس خبیث کو دے دینا کہ میں اس سمیت اپنے ڈیپارٹمنٹ کی تمام کالی بھیڑوں کو بے نقاب کر کے ہی رہوں گا۔ اتنا ہی تپڑ ہے اس میں اگر، تو آ کر روک لے۔ میں بیٹھا ہوں ابھی آفس ہی میں۔“

اس نے غصے سے کہہ کے کال کاٹ دی۔

”سر؟“

کاشف نے ناک کر کے اندر آ کر سیلوٹ مارا۔

”کہو؟“

شاہ ویز نے موبائل ٹیبل پہ پٹختے ہوئے کہا۔

”آپ کے حکم کے مطابق احسان ولا میں ہونے والی ہر سرگرمی پہ میں نے پوری نظر رکھی ہوئی تھی۔“

”اچھا تو پھر کیا رپورٹ ہے؟“

”سر ایک ڈیتھ نیوز ہے؛ سر دراصل حسن کا کثرتِ شراب نوشی اور ڈرگز کے بے تحاشا استعمال سے دل بند ہو گیا۔ ڈاکٹر نے اوور ڈوز سے میجر ہارٹ اٹیک کی تصدیق کر دی ہے۔“

کاشف نے پروفیشنل ٹون میں ایک ہی سانس میں پوری بات ختم کر دی جبکہ شاہ ویز اپنی جگہ ساکت ہو گیا تھا۔

”سر کین آئی لیو ناؤ؟“

کاشف نے شاہ ویز کو سوچ میں ڈوبا دیکھ کر پوچھا۔

”آآں… ہاں، تم جاؤ۔“

وہ چونکا۔ کاشف سیلوٹ مار کے واپس مڑ گیا۔ شاہ ویز کا دل یکدم اچاٹ ہو گیا۔ وہ جانتا تھا کہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے اور وہ ظالموں پہ ایک دن ضرور برستی ہے، لیکن اس طرح سے یہ سب ہوگا اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ سب سے زیادہ پریشان وہ مناہل کے ردِ عمل سے تھا: ”کس طرح یہ خبر دوں اسے؟ نہ جانے وہ کیسے ری ایکٹ کرے، جو بھی ہو اس کو بتانا تو ضروری ہے۔“ سارے راستے وہ لفظوں کے تانے بانے بنتا رہا۔ گھر آ کر ڈرائیو وے پہ گاڑی پارک کر کے وہ اندر جانے کو تھا جب اس کی نظر لان پہ پڑی اور اس کے قدم تھم گئے۔

شام میں اداسی کا رنگ شامل تھا۔ مغرب کی سمت ڈوبتا سورج اپنے پیچھے اداسی چھوڑے جا رہا تھا اور وہی اداسی مناہل کے چہرے پہ رقم تھی؛ وہ اسی ڈھلتی شام کا حصہ لگ رہی تھی، اداس اور زرد۔ شاہ ویز نہ جانے کب اس زرد شام کی لپیٹ میں آ گیا۔ کتنی ہی دیر گزر گئی اور وہ دم سادھے ٹکٹکی باندھے اس کو دیکھتا رہا جو ڈوبتے سورج کو دیکھ رہی تھی اور سورج کا عکس اس کے چہرے پہ بکھرا ہوا تھا، جس کی وجہ سے اس کے رخساروں پہ بہتے آنسو موتیوں کی طرح چمک رہے تھے۔

شاہ ویز کو لگا اس کے گرد ایک طلسمی حصار بندھ چکا ہے؛ ایک سنہرا طلسم، جس کے زیرِ اثر وہ دھیمے قدموں سے چلتا اس کے برابر میں جا بیٹھا، یہاں تک کہ کوئی آہٹ بھی نہ ہوئی۔ لیکن وہ بھی مناہل تھی، حد سے زیادہ حساس؛ وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کے بہتے آنسو کا نظارہ کوئی اور دیکھے، سو جلدی سے اٹھ کر جانے لگی کہ اچانک شاہ ویز نے اسے بازو سے پکڑ کے روک لیا۔

”بیٹھو! تمہیں کچھ بتانا ہے۔“

کہنے کو شاہ ویز نے اس کو روک تو لیا تھا لیکن اب اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیسے اسے اس فوتگی کی اطلاع دے۔

”دراصل آج مجھے پتہ لگا کہ تمہارے کزن حسن کی ڈیتھ ہو گئی ہے، کثرتِ شراب نوشی سے حرکتِ قلب بند ہو گئی تھی۔ میت کی تدفین تو کی جا چکی ہے لیکن تم چاہو تو پرسے کے لیے ہم ابھی چل سکتے ہیں۔“

شاہ ویز نے دھیمے اور ٹھہرے لہجے میں بات ختم کر کے اس کا چہرہ دیکھا: حیرت، افسوس، صدمہ، اور پھر سرد مہری۔

”تو پھر چلیں؟“

شاہ ویز کے سوال کے جواب میں وہ چپ رہی۔

”اگر ابھی نہ چلنا چاہو تو کوئی بات نہیں، ہم کل چلے جائیں گے۔“

وہ نرمی سے کہتا اٹھنے ہی لگا تھا جب وہ اس کے کرسی چھوڑنے سے پہلے ہی ”ابھی چلو“ کہتے ہوئے کھڑی ہو گئی۔

سارا راستہ خاموشی سے کٹا۔ شاہ ویز نہیں جانتا تھا وہاں اس کے ساتھ کیا سلوک ہوگا، سکینہ بیگم کیا کہیں گی، وہ خود کیا ری ایکٹ کرے گی؟ وہ انہی سوچوں میں گم تھا۔

احسان ولا میں داخل ہوتے ہی شاہ ویز باہر مہمانوں کے پاس رک گیا جبکہ مناہل بوجھل اور لرزتے قدموں کے ساتھ اندر لاؤنج کی طرف بڑھی، جہاں چند ادھیڑ عمر عورتیں خاموشی سے بیٹھی تھیں اور ایک کونے میں سکینہ بیگم فرش پر زانوؤں کے بل بیٹھی، سفید چادر میں لپٹی، بے آواز رو رہی تھیں۔

جوان بیٹے کا لاشہ ابھی کچھ دیر پہلے ہی قبر کی آغوش میں اتارا گیا تھا۔ حسن کی بے وقت موت نے سکینہ بیگم کے غرور، مکاری اور تمام دنیاوی تدبیروں کو ایک ہی جھٹکے میں پاش پاش کر دیا تھا۔ مناہل کے قدموں کی آہٹ پر جب سکینہ بیگم نے سر اٹھایا اور سامنے اپنے مرحوم بھائی کی بیٹی کو کھڑے دیکھا، تو ان کا وجود اندر تک کانپ گیا۔

”مناہل…“

سکینہ بیگم کے لبوں سے ایک دردناک سسکی نکلی۔ وہ گھٹنوں کے بل گھسٹتی ہوئی مناہل کے قریب آئیں اور اس کے پاؤں چھونے کی کوشش کرنے لگیں۔

”مجھے معاف کر دے مناہل! خدارا مجھے معاف کر دے! میں برباد ہو گئی… میرے گناہوں کی سزا میرے بیٹے کو مل گئی۔ رب نے مجھ سے میرا جگر کا ٹکڑا چھین لیا مناہل… میں تباہ ہو گئی!“

وہ پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے التجا کر رہی تھیں۔ مناہل نے خاموشی سے دو قدم پیچھے ہٹ کر اپنے پاؤں ان کی پہنچ سے دور کر لیے۔ اس کی آنکھوں میں نہ انتقام کی چمک تھی اور نہ ہی کوئی خوشی؛ صرف ایک گہری، جمود زدہ اداسی اور زردی تھی۔

”میں تو بس تعزیت کے لیے آئی تھی پھوپھو… حسن کے چلے جانے کا افسوس ہے مجھے…“

مناہل کی آواز اتنی دھیمی تھی جیسے کسی ویرانے سے آرہی ہو۔

”مناہل! میں تیرے آگے ہاتھ جوڑتی ہوں، یہ گھر، یہ حویلی، احسان اینڈ کمپنی کے تمام شیئرز، بینک بیلنس… سب کچھ تیرا ہے۔ میں آج ہی سب کچھ تیرے نام کرتی ہوں۔ میں نے تیرے بابا کی امانت پر ڈاکہ ڈالا تھا نا؟ تو سب واپس لے لے مناہل! مجھے ایک پائی بھی نہیں چاہیے… بس مجھے معاف کر دے! مجھے اس آگ سے بچا لے!“

سکینہ بیگم نے کانپتے ہاتھ جوڑ لیے، ان کے چہرے پر پچھتاوے کی شدت واضح تھی۔ مناہل کے لبوں پر ایک تلخ اور اداس مسکراہٹ ابھری۔ اس نے ایک نظر اس پورے شاندار لاؤنج پر ڈالی جسے حاصل کرنے کے لیے اس کے اپنے خون نے اس پر تہمتیں لگائی تھیں، اور پھر سکینہ بیگم کی طرف دیکھا۔

”آپ کو واقعی لگتا ہے پھوپھو کہ یہ سب معرکہ پیسوں کا تھا؟ آپ کو لگتا ہے کہ میں یہاں اپنے بابا کی جائیداد کا حساب مانگنے آئی ہوں؟“

مناہل کا لہجہ پتھر کی طرح سخت مگر اندر سے ٹوٹا ہوا تھا۔ سکینہ بیگم نے بے بسی سے اسے دیکھا۔

”مجھے اس مال و دولت سے کبھی کوئی غرض تھی ہی نہیں…“

مناہل کی آنکھوں سے ایک آنسو ڈھلک کر رخسار پر جم گیا: ”بابا کے جانے کے بعد، میں تو بس رشتوں کی ترسی ہوئی تھی۔ میں نے تو آپ کے قدموں میں بیٹھ کر اپنے پاک دامن ہونے کی بھیک مانگی تھی، مگر آپ نے حسن کی جھوٹی کہانی پر یقین کر کے مجھے زبردستی ذلیل کیا۔ میرے باپ کی قبر کی مٹی خشک نہیں ہوئی تھی اور آپ نے خاندان بھر کے سامنے میرا سودا کر دیا…“

”مجھے معاف کر دے بیٹی… میں اندھی ہو گئی تھی…“

سکینہ بیگم نے روتے ہوئے اپنا ماتھا پیٹا۔

”پیسے تو شاید انسان دوبارہ کما لیتا ہے پھوپھو، لیکن جب انسان اپنے خون کے رشتوں سے ہار جائے نا، تو پھر اسے دنیا کا کوئی خزانہ بھی خوشی نہیں دے سکتا۔ میں اپنے سارے رشتے ہار چکی ہوں۔ اور جب رشتے ہی ختم ہو گئے، تو اب اس دولت کو حاصل کر کے میں کیا کروں گی؟ یہ سب کچھ آپ کو ہی مبارک ہو۔ مجھے اس کا ایک روپیہ بھی نہیں چاہیے۔“

مناہل نے اپنا دوپٹہ سنبھالا اور بنا پیچھے مڑے، تیزی سے باہر کی طرف قدم بڑھا دیے۔ سکینہ بیگم وہیں فرش پر سر پکڑ کر بیٹھ گئیں، ان کے کانوں میں مناہل کے جملے ہتھوڑوں کی طرح بج رہے تھے۔ حقوق العباد کی پامالی کا وہ بوجھ، جس کی سزا انہیں دنیا میں ہی اپنے اکلوتے بیٹے کی موت کی صورت میں مل چکی تھی، اب قیامت تک کے لیے ایک دائم پچھتاوا بن کر ان کی روح کا گھیراؤ کر چکا تھا۔ وہ جانتی تھیں کہ مناہل کے معاف کیے بغیر اب خدا کی عدالت میں بھی ان کے لیے کوئی معافی نہیں تھی۔

”کیا ہوا؟ اتنی جلدی آ گئیں تم؟“

وہ اس کے پیچھے لپکا جبکہ وہ تیزی سے ڈرائیو وے کراس کرتی باہر کار کے پاس ہی جا کے رکی۔

”تعزیت ہی کرنی تھی، سو کر لی، اب گھر چلو۔“

مناہل کا لہجہ بھیگا ہوا تھا۔ شاہ ویز کی ہمت نہ ہو سکی کہ وہ کچھ اور پوچھتا۔ وہ خاموشی سے ڈرائیو کر رہا تھا۔ ایک آدھ بار اس نے ترچھی نظروں سے مناہل کے تاثرات جانچنے کی کوشش بھی کی، لیکن اس کا رخ سائیڈ ونڈو کی طرف تھا۔

عشا ہو چکی تھی اور اب سڑکوں پہ ٹریفک کا ہجوم بڑھتا جا رہا تھا۔ شاہ ویز نے روٹین روٹ لینے کے بجائے ایک سنسان لیکن قدرے نزدیکی سڑک پہ گاڑی ڈال دی۔ یہ انڈسٹریل ایریا سے متصل ایک ویران سڑک تھی۔ دن بھر مال بردار گاڑیاں اور ٹریلرز وہاں سے گزرتے رہتے تھے، لیکن رات میں اسٹریٹ لائٹس کم ہونے کی وجہ سے ہیوی ٹریفک متبادل کے طور پہ ہائی وے کا رخ کر لیتا تھا اور وہ سڑک سنسان ہو جاتی تھی۔ شاہ ویز اپنی دھن میں تیز رفتاری سے ڈرائیو کر رہا تھا؛ آس پاس اب کمرشل پلاٹس کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ سڑک سنسان ہونے کی وجہ سے اس نے گاڑی کو تیز رکھا ہوا تھا، جبھی اچانک ایک منی ٹرک نے اسے پیچھے سے زور دار طریقے سے ہٹ کیا۔ اس سے قبل کہ شاہ ویز سنبھلتا، گاڑی اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے تین پلٹیاں کھا کے سڑک سے نیچے ڈھلان میں جا گری اور الٹتے ہوئے الٹی ہو کر رک گئی۔

✦ ✦ ✦

جیسے ہی مناہل کے لاشعور کا تعلق شعور سے جڑا، ایک نہایت بری سڑانڈ اس کے نتھنوں سے ٹکرائی؛ آنکھوں کو ملتے ہوئے ایک ٹیس سی سارے جسم میں سرایت کر گئی، سارا جسم درد کی شدت سے ٹوٹ رہا تھا۔ آنکھیں کھولنے کے کافی دیر تک بھی جب اس کو کچھ دکھائی نہ دیا تو وہ سمجھ گئی کہ وہ اپنی قبر میں پہنچ چکی ہے۔ اس سوچ نے اس کا دل بٹھا دیا۔ لیکن یہ کیا؟ تنفس تو بحال تھا اور درد کا یہ احساس؟ موت تو ظاہری و باطنی تمام دردوں سے نجات دلا دیتی ہے؛ اس کا مطلب وہ مری نہیں تھی۔ جسم سے اٹھتی تکلیفوں کی لہریں اتنی کرب ناک نہ تھیں جتنا یہ گہرا اندھیرا۔ جواب دیتے حواسوں کے ساتھ وہ حلق کے بل چیخی:

”کوئی ہے؟ مجھے بچاؤ!“

مدد کے لیے دی گئی اس کی اپنی آواز لوٹ کے اس کے کانوں میں واپس آ گئی، لیکن مدد ندارد تھی۔ ذہن ایک بار پھر تاریکی میں ڈوبتا چلا گیا۔ تبھی اچانک بیرونی دروازہ کھلا اور اس کے ساتھ ہی وہ تاریک کمرہ جو حبس میں ڈوبا ہوا تھا باہر سے آتی تیز روشنی سے جگمگا اٹھا۔ روشنی کے آگے کھڑے اس کالے ہیولے کو دیکھ کر مناہل کو کپکپی طاری ہو گئی جو اب اس کی طرف بڑھ رہا تھا۔ قریب آتے ہی اس آدمی نے اس کے منہ پر سگار کا دھواں چھوڑا۔

”کیسی ہیں آپ مسز شاہ ویز؟ آپ شاید ہمیں نہیں پہچانتیں لیکن ہم آپ کو بہت اچھے سے پہچانتے ہیں۔ آپ پریشان مت ہوئیے کچھ ہی دیر کی بات ہے، آپ کے شوہر ابھی آپ کو لینے آتے ہی ہوں گے۔“

مناہل کو اپنے بے ہوش ہوتے ہوئے دماغ پر قابو پانا مشکل ہو گیا تو اس نے تھک کر آنکھیں موند لیں۔

آنکھ کھلتے ہی شاہ ویز نے آس پاس دیکھا؛ وہ ایک ہاسپٹل کا پرائیویٹ روم تھا۔ اس نے اٹھنے کے لیے اوپر ہونے کی کوشش کی تو سر میں درد کی تیز ٹیس اٹھی اور وہ دوبارہ نیم دراز ہو گیا۔ تھوڑی دیر لیٹے رہنے کے بعد اس نے کال بیل کا بٹن پریس کیا تو ایک نرس بوتل کے جن کی طرح حاضر ہو گئی۔

”سر! آپ پلیز اٹھنے کی کوشش نہ کیجیے، میں انسپکٹر کو بلاتی ہوں، وہی آپ کو یہاں لائے تھے۔“

نرس اسے واپس اٹھتا دیکھ کر لیٹنے کی نصیحت کرتی واپس مڑ گئی۔

”کیسے ہو اب؟ بہتر محسوس کر رہے ہو؟“

فراز اگلے ہی لمحے روم میں تھا۔

”مناہل کہاں ہے؟“

شاہ ویز نے بے صبری سے پوچھا۔

”یار… تلاش جاری ہے… ابھی تک ڈھونڈا نہیں جا سکا ہے لیکن… وہ حیدرآباد کی سائیڈ… وہ وین… ہم ڈھونڈ لیں گے… ارے سنو تو…“

شاہ ویز بیڈ سے اتر کر کوریڈور میں مڑ چکا تھا۔ پارکنگ تک پہنچ کے فراز اسے دھرنے میں کامیاب ہوا۔

”یار صبر تو کرو… آخر جا کہاں رہے ہو؟“

فراز بولا۔

”ندیم ڈوگر کو اس کے انجام تک پہنچا کر مناہل کو واپس لانے۔“

اس کے لہجے میں چٹانوں جیسی مضبوطی تھی۔

”تم اس حالت میں بالکل ڈرائیو نہیں کر پاؤ گے، شاہ ویز! خاموشی سے بیٹھو، میں لے کے چلتا ہوں!“

فراز نے کہتے ہوئے خود ڈرائیونگ سنبھال لی اور گاڑی کو تیزی سے ہائی وے کی طرف دوڑا دیا۔ راستے کا پورا سفر ایک طوفان کی طرح گزرا۔ ایک طرف فراز مسلسل پولیس کے بیک اپ اور کنٹرول روم کے رابطے میں تھا، اغوا کاروں کی وین کی لوکیشن ٹریس کی جا چکی تھی۔ فراز فون پر ہدایات لیتا جا رہا تھا اور ان کی گاڑی سیدھا اسی ٹریس شدہ لوکیشن کی طرف دیوانہ وار بھاگ رہی تھی۔ دوسری طرف شاہ ویز کا اندرونی عالم تباہ کن تھا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے بار بار مناہل کا خوف زدہ چہرہ، اس کی روتی ہوئی اور سوجھی ہوئی آنکھیں آ رہی تھیں جو اس کے دل کو اندر سے چیر رہی تھیں۔ اس کے سینے میں غصے، ٹینشن اور تڑپ کا ایک طوفان مچا ہوا تھا۔

وہ اندر ہی اندر سلگ رہا تھا کہ ندیم ڈوگر نے اس کے پروفیشنل کام کو تو پہلے ہی مشکل بنایا ہوا تھا، جسے وہ محض ایک دفتری ذمہ داری اور ورک لوڈ سمجھ کر مینج کر رہا تھا، مگر اسے ذرا برابر بھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ خبیث اس کی پرسنل لائف میں اس حد تک انٹرفیئر کرے گا اور اس کی بیوی کو اس کی ناک کے نیچے سے اٹھا لے جائے گا۔ یہ خیال آتے ہی شاہ ویز کا خون اور زیادہ کھولنے لگا۔ مناہل صرف اس کی بیوی نہیں تھی، وہ اس کی روح کی گہرائیوں میں بسی محبت، اس کی عزت اور سب سے بڑھ کر اس کی غیرت تھی۔ اور آج وہ اس دو کوڑی کے غنڈے کو بتانے جا رہا تھا کہ کسی کی غیرت اور محبت پر ہاتھ ڈالنے کا انجام کیا ہوتا ہے۔

ہائی وے کی تاریکیاں ختم ہوتے ہی ان کی گاڑی حیدرآباد کے مضافات میں واقع ایک الگ تھلگ، صنعتی علاقے میں داخل ہوئی۔ لوکیشن کی نشاندہی ایک متروکہ اور بظاہر ویران ویئر ہاؤس کی طرف تھی، جو درحقیقت ندیم ڈوگر کا ابھید گڑھ اور کالے دھندوں کا اہم مرکز تھا۔ گاڑی کا انجن بند کرتے ہی فراز نے شاہ ویز کو بازو سے تھاما اور التجائیا انداز میں گویا ہوا: ”شاہ ویز! بیک اپ ٹیم صرف دس پندرہ منٹ کی دوری پر ہے۔ تھوڑا حوصلہ رکھو، ہمیں اس ائیر ٹائٹ لوکیشن میں بغیر منصوبہ بندی داخل نہیں ہونا چاہیے!“ مگر شاہ ویز کی آنکھوں میں خون اتر چکا تھا۔

”وہ میری بیوی ہے فراز!“

اس نے فراز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انتہائی سرد اور اٹل لہجے میں کہا: ”مناہل کی زندگی کا ایک منٹ بھی میں اس خبیث کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا۔ تم پیچھے سے مجھے کور فائر دو، میں اندر داخل ہو رہا ہوں۔“

شاہ ویز نے اپنی نائن ایم ایم پسٹل نکال کر اس پر خاموشی سے سائلنسر چڑھایا۔ اس کی حرکتوں میں ایک تربیت یافتہ چیتے کی سی لچک اور بلا کی تیزی تھی۔ اندھیرے اور سائے کا سہارا لیتے ہوئے وہ دیوار کی آؤٹ سائیڈ باؤنڈری سے اندر لپکا۔ پہلا گارڈ جو باؤنڈری وال کے ساتھ گشت کر رہا تھا، اسے شاہ ویز نے سائے کی طرح پیچھے سے جا کر تھاما اور بغیر کسی آواز کے اس کی گردن پر کاری ضرب لگا کر وہیں ڈھیر کر دیا۔ اگلے ہی پل، مرکزی دروازے پر کھڑے دو دیگر محافظوں کو اس کے سائلنسر لگی پسٹل سے نکلی خاموش گولیوں نے پلک جھپکتے ہی ابدی نیند سلا دیا۔ شاہ ویز کی مہارت اور فاصلے کا سہول ایسا تھا کہ کسی کو چیخنے کا موقع بھی نہ ملا۔

شاہ ویز دھیرے سے ویئر ہاؤس کے زنگ آلود سائیڈ ڈور سے اندر داخل ہوا۔ اندر کا منظر انتہائی تاریک، حبس زدہ اور زنگ و ڈسٹ کی بو سے بوجھل تھا۔ ہال کے بیچوں بیچ مناہل بے بسی کے عالم میں کرسی سے بندھی ہوئی تھی۔ اس کی پیشانی کے زخم سے رسنے والا سرخ خون زرد رخسار پر جم چکا تھا اور وہ نیم بے ہوشی میں سسک رہی تھی۔ دوسری طرف ندیم ڈوگر غرور سے سگار کے مرغولے اڑا رہا تھا۔ اس کے گرد گھیرا ڈالے پندرہ ٹرینڈ کمانڈوز کی مخصوص بلیک یونیفارم اور ہاتھوں میں موجود جدید، ہیوی اٹیک رائفلز ان کے انتہائی خطرناک اور لیس ہونے کا پتہ دے رہی تھیں۔ فراز اور شاہ ویز نے طے شدہ منصوبے کے تحت تابڑ توڑ حملہ کر دیا اور پورا ہال گولیوں کی گونج اور بارود کے دھوئیں سے بھر گیا۔ شاہ ویز بلا کی مہارت سے گارڈز کو ڈھیر کر رہا تھا، لیکن فائرنگ کے شور اور گولیوں کے خوفناک دھماکوں سے نیم بے ہوش مناہل اچانک ہوش کی دنیا میں لوٹ آئی۔ اپنے سامنے شاہ ویز کو یوں زندگی اور موت کی جنگ لڑتے دیکھ کر اس کے لبوں سے بے اختیار ایک دردناک چیخ نکلی:

”شاہ ویز…“

اور وہ شاہ ویز کو پکار بیٹھی۔ مناہل کی اس تڑپتی ہوئی چیخ نے شاہ ویز کا انہماک لمحے بھر میں توڑ دیا۔ اس کا فوکس بھٹکا اور اسی ایک پل کی غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، ٹرینڈ گارڈز نے بجلی کی سی تیزی سے پیش قدمی کی اور ان دونوں کو اپنے گھیرے میں لے کر ان پر قابو پا لیا۔

ندیم ڈوگر نے اپنے سگار کا ایک لمبا کش لیا، دھواں ہوا میں اچھالا اور چہرے پر زہر آلود مسکراہٹ سجائے شاہ ویز کی طرف بڑھا۔ اس کا انداز ایسا تھا جیسے کوئی شکاری اپنے جال میں پھنسے ہوئے شیر کو دیکھ رہا ہو۔

”تجھ جیسے اصول پسندوں کا یہی مسئلہ ہے، ایس ایس پی شاہ ویز! تم قانون کی کتابیں چاٹ کر سمجھتے ہو کہ دنیا تم جیسے ‘ایمانداروں’ سے چلتی ہے۔ ارے! اس ملک میں نظام قانون سے نہیں، میرے جیسے لوگوں کے نام سے چلتا ہے۔ میں نے تمہیں سیدھی راہ دکھائی تھی، شرافت سے ساتھ ملنے کی قیمت بھی لگائی تھی… مگر تم نے اپنے اس وردی کے غرور میں میری پیشکش ٹھکرا دی۔“

ڈوگر نے ایک قدم اور قریب ہو کر شاہ ویز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں۔

”میں ڈوگر ہوں، ڈوگر! اگر سیدھی انگلی سے گھی نہ نکلے، تو میں انگلی موڑتا نہیں… پورا ڈبہ ہی انڈیل دیتا ہوں۔ بس مجھ سے یہ خطا ہو گئی کہ میں نے سوچا تو کروڑوں میں تولا جائے گا… لیکن تیری قیمت تو تیری غیرت تھی! یہ بات مجھے تھوڑی دیر میں سمجھ آئی۔“

وہ خباست سے کہتا ہوا سیدھا ہوا۔ شاہ ویز کا پورا جسم غصے سے تپ رہا تھا۔

”تُو کیا خریدے گا مجھے ڈوگر؟ تیری تو پوری نسل کی قیمت اس وطن کی مٹی کے ایک ذرّے سے بھی کم ہے! تجھ جیسے نامراد غنڈے جب سیاست دانوں کی گود میں بیٹھ کر ملک کی جڑیں کاٹتے ہیں، تب ہم جیسے سر بکف محافظ اپنی جان کی بازی لگا کر اس پاک سر زمین کے وقار کی حفاظت کرتے ہیں! تُو نے پیٹھ پیچھے وار کر کے سمجھا کہ تُو نے فتح حاصل کر لی؟ ارے، شیر کی غیرت اور اس کے جذبۂ وطن پر گھٹیا گیدڑ کبھی داغ نہیں لگا سکتے! جب تک میری رگوں میں حلال کا خون اور اس پاک پرچم کی حرمت باقی ہے، تجھ جیسے سو ڈوگر مل کر بھی، نہ تو شاہ ویز کے ایمان کو خرید سکتے ہیں، اور نہ اس کے تیور چھین سکتے ہیں!“

شاہ ویز نے اپنے چہرے پر پھیلی خون کی لکیر کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے مضبوط اور بارعب لہجے میں جواب دیا، جس سے پورا ویئر ہاؤس گونج اٹھا۔

ڈوگر کا چہرہ پل بھر کے لیے زرد پڑا، مگر اس نے فوراً مکارانہ مسکراہٹ اوڑھ لی۔

”بڑا بول بول رہے ہو ایس ایس پی صاحب! لگتا ہے تم بھول رہے ہو کہ اس وقت تم گھٹنوں پر ہو اور تمہاری بیوی میرے شکنجے میں پھنسی ہوئی ہے۔ ایسا نہ ہو کہ وطن سے محبت ثابت کرتے کرتے تم اپنی بیوی کو بھری جوانی میں بیوہ کر بیٹھو! لیکن فکر نہ کرو! تمہارے بعد میں ہوں نا تمہاری اس نازک اور خوبصورت بیوی کا خیال رکھنے کے لیے!“

یہ کہتے ہوئے وہ مکاری سے مڑا اور مناہل کی طرف اپنے قدم بڑھا دیے۔ ڈوگر کو اپنی طرف بڑھتا دیکھ کر مناہل خوف سے تھر تھر کانپنے لگی اور شاہ ویز سے روتے ہوئے التجا کرنے لگی:

”خبردار… دور رہو… شاہ ویز! پلیز مجھے بچا لو… اس سے کہو یہ مجھے نہ چھوئے! پلیز مجھے مت چھونا… مجھ سے دور رہو!“

وہ بے حد ڈری ہوئی تھی۔ مناہل کی اس گریا و زاری اور ڈوگر کی اس غلیظ بات نے شاہ ویز کی غیرت کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس کا خون کھول اٹھا۔ ایک جنونی طوفان کی طرح شاہ ویز نے تمام تر طاقت لگا کر گارڈز کے گھیرے سے خود کو چھڑایا، اور لمحے کے ہزارویں حصے میں برابر کھڑے گارڈ کی بیلٹ میں لگی دھار دار چھری پر جھپٹا مار کر اسے نکالا اور سیدھا ڈوگر پر حملہ کر دیا۔ عین اسی پل، قریب کھڑے دوسرے گارڈ نے پستول سے فائر کر دیا۔ گولی شاہ ویز کی پسلی کو چیرتی ہوئی نکل گئی اور وہ شدید زخمی ہو گیا، لیکن اس کی غیرت اور جنون کا وار نہیں رکا۔ شاہ ویز نے تڑپتے ہوئے وہی چھری پوری طاقت سے ندیم ڈوگر کے پیٹ میں اتار دی۔

”آہہہ!“

ڈوگر کی ہولناک چیخ فضا میں گونج اٹھی اور وہ خون میں لت پت ہو کر زمین پر جا گرا۔ یہ دیکھ کر ہال میں افراتفری مچ گئی۔ ڈوگر کے خاص کارندے خوفزدہ ہو کر اپنے زخمی مالک کو اٹھا کر عقبی راستے سے بھاگنے لگے، مگر اسی لمحے ویئر ہاؤس کے تمام دروازے دھماکے سے کھلے اور بھاری پولیس نفری اندر داخل ہو گئی۔ پولیس کی بڑی تعداد اور ہیوی اسلحہ دیکھ کر بقیہ تمام غنڈوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور انہوں نے فوراً اپنے ہتھیار ڈال دیے۔ ڈوگر کو پولیس اپنی تحویل میں لے رہی تھی۔

شاہ ویز اپنی پسلی سے بہتے شدید خون اور روح فرسا درد کی پروا کیے بغیر صرف اور صرف مناہل کو اس قید سے آزاد کروانا چاہتا تھا، لہٰذا سرتاپا دیوانگی کے عالم میں تیزی سے مناہل کی طرف بڑھ رہا تھا۔ دوسری طرف مناہل سکتے کی کیفیت میں، کھلی آنکھوں سے شاہ ویز کے جسم سے بہتے سرخ، انگارے جیسے گرم خون کو دیکھ رہی تھی۔ اس کا ذہن ماؤف ہو چکا تھا؛ اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا کہ شاہ ویز نے اس کی آبرو اور اس کی زندگی کی خاطر اپنی جان داؤ پر لگا کر گولی کھائی ہے۔ شاہ ویز نے مناہل کے قریب پہنچ کر تڑپتے ہاتھوں سے اس کی نازک کلائیوں پر کسے ہوئے سخت کپڑے اور رسیوں کی گرہوں کو کھول کر آزاد کیا۔ رسیاں کھلتے ہی مناہل ڈھیر ہونے لگی، مگر شاہ ویز نے اپنے کانپتے، لرزتے مگر مضبوط بازوؤں کا حصار بنا کر اسے زمین پر گرنے سے پہلے ہی اپنے سینے سے لگا لیا۔ وہ اپنے بہتے خون اور پسلی کے زہریلے درد کو بالکل بھول چکا تھا۔ اس کے ہاتھ مناہل کے چہرے، اس کی ننھی پھیلی ہوئی ہتھیلیوں اور بازوؤں کو کسی قیمتی شیشے کی طرح ٹٹول رہے تھے۔

”مناہل… تم ٹھیک ہو نہ؟ بولو نا مناہل! کہیں زیادہ چوٹ تو نہیں لگی؟ اس درندے نے… اس نے تمہیں کہیں زخم تو نہیں دیے؟“

شاہ ویز کی آواز لرز رہی تھی اور اس کے لہجے میں بے پناہ فکر اور محبت کا سمندر ٹھاٹھے مار رہا تھا۔ اس نے اپنے خون آلود ہاتھوں سے مناہل کے ماتھے پر جمے ہوئے سرخ خون اور زخم کو انتہا درجے کی نزاکت سے چھوا، جیسے ذرا سے لمس سے اسے مزید تکلیف نہ پہنچ جائے۔ اس کا اپنا خون زمین کو تر کر رہا تھا، مگر اس کی گھبرائی ہوئی، لرزتی نگاہیں صرف مناہل کے ایک ایک نقش کو کھوج رہی تھیں۔

مناہل حیرت و استعجاب کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبی، بنا پلک جھپکائے اس کی یہ سراپا دیوانگی دیکھ رہی تھی۔ بھیگی آنکھیں بے یقینی کے عالم میں شاہ ویز پر جمی ہوئی تھیں۔ وہ شاہ ویز جو ہمیشہ اس کے لیے اک ناخوشگوار رشتہ، اک بزورِ طاقت یا اک تحکم پسند انسان تھا… آج اپنے وجود سے بہتے لہو اور پسلی کے شدید زخم سے یکسر بے نیاز، اک نوخیز بچے کی سی بے قراری کے ساتھ اس کے گرد طواف کر رہا تھا۔ اس کی انگلیوں کی کپکپاہٹ اور لہجے کی پریشانی مناہل کے دل پر تازیانے کی طرح لگ رہی تھی۔ اس ایک لمحے میں مناہل کی سوچوں کے تمام زاویے بدل گئے۔ وہ اب تک کتنی بڑی بھول میں مبتلا رہی تھی! یہ شخص جسے وہ سنگدل سمجھتی رہی، وہ تو اس کی آبرو پر اپنی جان نچھاور کرنے میں ایک سیکنڈ کے لیے بھی نہیں ہچکچایا تھا۔ وہ شاہ ویز کو بتانا چاہتی تھی کہ وہ محفوظ ہے، اسے مزید کچھ نہیں ہوا ہے، مگر اس کی آواز گلے میں ہی گھٹ کر رہ گئی۔ شاہ ویز کے ہاتھوں کی گرمائش اور اس کا یوں ایک ایک خراش کو فرطِ عقیدت و فکر سے چھونا مناہل کی روح تک کو پگھلا رہا تھا۔

”مم… مما… مناہل…“

شاہ ویز کی آواز اچانک تھرتھرائی اور مدھم پڑنے لگی۔ خون کا حد سے زیادہ بہہ جانا اس کے وجود کو توڑ چکا تھا۔ مناہل کے شانے پر موجود شاہ ویز کے ہاتھوں کی گرفت آہستہ آہستہ ڈھیلی ہونے لگی اور اس کا وجود ایک طرف جھکنے لگا۔

”شاہ ویز!“

مناہل نے حواس بحال کرتے ہوئے تڑپ کر اسے گرنے سے پہلے اپنے آغوش میں سمو لیا۔ عین اسی وقت فراز نے بھی لپک کر شاہ ویز کو سہارا دیا۔ شاہ ویز کی پلکیں بوجھل ہو کر نیچے گر رہی تھیں، دنیا اس کی نظروں سے اوجھل ہو رہی تھی… لیکن بے ہوشی کی تاریکی میں ڈوبنے سے پہلے، اس کی سماعت میں جو آخری آواز گونجی، وہ مناہل کی تڑپتی، چیختی اور رقت سے بھری پکار تھی:

”شاہ ویز… آنکھیں کھولو پلیز… مجھے چھوڑ کر مت جاؤ شاہ ویز!“

✦ ✦ ✦

ایمرجنسی وارڈ کے باہر کا ماحول انتہائی کشیدہ تھا۔ حیدر صاحب سر جھکائے بینچ پر بیٹھے تسبیح پڑھ رہے تھے جبکہ فراز آپریشن تھیٹر کے لال بلب کو مسلسل تک رہا تھا۔ لیکن سب سے برا حال مناہل کا تھا۔ اس کے کپڑوں پر شاہ ویز کا خشک ہوتا خون جم چکا تھا۔ اس کی آنکھوں سے متواتر آنسو بہہ رہے تھے اور وہ بار بار ہسپتال کی شیشے کی دیوار سے اندر جھانکنے کی کوشش کر رہی تھی جہاں ڈاکٹرز شاہ ویز کی پسلی سے گولی نکالنے اور اس کا سانس بحال کرنے کی تگ و دو کر رہے تھے۔

تقریباً تین گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد ڈاکٹر باہر آئے۔ حیدر صاحب اور مناہل لپک کر ان کے پاس پہنچے۔

”ڈاکٹر صاحب! میرا شاہ ویز کیسا ہے؟“

حیدر صاحب کی آواز رقت سے کانپ رہی تھی۔ ڈاکٹر نے مسکرا کر ایک گہری سانس لی۔

”خدا کا شکر ہے، گولی پسلی کو چھو کر گزر گئی تھی اور دل کا کوئی اہم حصہ متاثر نہیں ہوا۔ آفیسر شاہ ویز صاحب انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، وہ خطرے سے باہر ہیں۔ چند گھنٹوں میں انہیں ہوش آ جائے گا، پھر آپ لوگ ان سے مل سکتے ہیں۔“

یہ سنتے ہی مناہل کے ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا اور وہ حیدر صاحب کے کندھے سے لگ کر پھوٹ پھوٹ کر رو دی۔ حیدر صاحب نے شفقت سے اس کے سر پر ہاتھ رکھا:

”دیکھا بیٹا… تمہاری دعائیں رنگ لائیں۔ اللہ نے تمہارے سہاگ کی حفاظت کی۔“

حیدر صاحب نے مناہل کے کندھوں کو تھام کر ہسپتال کے بینچ پر ساتھ بٹھاتے ہوئے کہا۔ مناہل کی ہچکی بندھ چکی تھی؛ مناہل کے رخساروں پر بہتے آنسوؤں کو دیکھ کر ان کا اپنا دل بھی بھر آیا۔

”بس کرو میری بچی…“

حیدر صاحب نے اس کے آنسو اپنے ہاتھوں سے پونچھتے ہوئے نرمی سے کہا: ”اب یہ آنسو پچھتاوے کے نہیں، شکرانے کے ہونے چاہئیں۔ رب نے تمہیں اور شاہ ویز کو ایک نیا موقع دیا ہے۔“

مناہل نے ہچکی لیتے ہوئے نظریں جھکا لیں۔

”بابا… میں شاہ ویز کا سامنا کیسے کروں گی؟ میں نے تو ہر لمحہ اسے تلخ باتیں سنائیں، اس کی محبت کا مذاق اڑایا اور اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا مجرم سمجھتی رہی۔ میں اتنی خود غرض کیسے ہو سکتی ہوں؟“

”انسان جب صدمے میں ہوتا ہے نا بیٹا، تو سچ اور جھوٹ کی تمیز بھول جاتا ہے،“

حیدر صاحب نے اسے گہرے اور دھیمے لہجے میں سمجھانا شروع کیا: ”تم نے جو کچھ سہا، اس کے بعد تمہارا یوں بکھر جانا فطری تھا، لیکن شاہ ویز نے کبھی تمہارے اس رویے کا برا نہیں منایا۔ جانتے ہو کیوں؟ کیونکہ میاں بیوی کا رشتہ محض ایک کاغذی معاہدہ نہیں ہوتا، یہ خدا کی بنائی ہوئی وہ مقدس گرہ ہے جس میں فطری طور پر ایک دوسرے کے لیے بے پناہ محبت اور جذبہِ رحمانیت رکھ دیا جاتا ہے۔“

انہوں نے مناہل کے لرزتے ہوئے ہاتھوں پر اپنا ہاتھ رکھا اور بات کو آگے بڑھایا:

”میاں بیوی کے رشتے کی فطرت ہی ایسی ہے کہ اگر ایک طرف سے نادانی میں فاصلے بنائے بھی جائیں، تو دوسری طرف سچی محبت ہو تو وہ فاصلے مٹ ہی جاتے ہیں۔ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں—ایک دوسرے کی خامیوں کو ڈھانپنے والے اور ایک دوسرے کو سکون دینے والے۔ شاہ ویز نے ہمیشہ تمہاری عزت کو اپنا مان سمجھا اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ تمہاری حفاظت اس کی پہلی ترجیح ہے۔“

مناہل خاموشی سے سر جھکائے، حیدر صاحب کا ایک ایک لفظ اپنے دل میں اتارتی رہی۔ اس کے ذہن میں اپنے کہے ہوئے وہ تمام سرد جملے گونج رہے تھے جو اس نے شاہ ویز کو کہے تھے، لیکن حیدر صاحب کی باتوں نے اس کے اندر پھیلی تاریکی کو امید کے اجالے میں بدل دیا تھا۔

”اس لیے بیٹا،“

حیدر صاحب نے ذرا مسکرا کر اس کی ٹھوڑی کو چھوا: ”اب ماضی کی تمام تلخیوں، شکایتوں اور بدگمانیوں کو درگزر کر دو۔ جو بیت گیا، اسے وہیں دفن کر دو۔ میاں بیوی کے رشتے میں جب تک پرانی باتوں کا بوجھ اٹھا کر چلا جائے، قدم آگے نہیں بڑھتے۔ شاہ ویز نے تمہارے لیے اپنی جان داؤ پر لگائی ہے، اب یہ تمہارا فرض ہے کہ تم اسے اپنے دل کا وہ مقام دو جس کا وہ حقدار ہے۔ اس کی محبت پر یقین کرو اور اسے وہی مان دو جو ایک سچے ہمسفر کو ملنا چاہیے۔“

مناہل نے ایک گہری اور سکون بھری سانس خارج کی اور آہستہ سے حیدر صاحب کے کندھے پر سر رکھ دیا۔

”جی بابا جان…“

اس کی آواز میں اب ایک عجیب سا ٹھہراؤ اور پختگی تھی: ”میں اب ماضی کی کسی تلخی کو اپنے اور شاہ ویز کے درمیان نہیں آنے دوں گی۔ میں اس کی محبت کا مان رکھوں گی۔“ وہ دل ہی دل میں گویا ہوئی۔

✦ ✦ ✦

آئی سی یو کی خاموش اور نیلگوں روشنی میں ڈرپ کے ہر قطرے کا گرنا فضا میں ایک عجیب سا سکتہ گھول رہا تھا۔ اسی گہرے سکوت کے درمیان شاہ ویز نے اپنی بوجھل پلکیں آہستہ آہستہ کھولیں۔ اس کا سر بھاری تھا اور پسلی میں ہلکی میٹھی کسک تھی، لیکن جیسے ہی اس کے حواس بحال ہوئے، اس نے محسوس کیا کہ اس کے دائیں ہاتھ کو کسی نے دونوں ہاتھوں سے انتہائی مضبوطی سے تھام رکھا ہے۔ اس نے رخ موڑ کر دیکھا؛ مناہل بیڈ کی سائیڈ پر سر رکھے آنکھیں بند کیے خاموش رو رہی تھی، اس کے چہرے پر آنسوؤں کی لکیریں واضح تھیں اور اس کی گرفت شاہ ویز کے ہاتھ پر اتنی سخت تھی جیسے اسے خوف ہو کہ ذرا سی ڈھیل پر شاہ ویز کہیں غائب ہی نہ ہو جائے۔

شاہ ویز کے زرد لبوں پر ایک دھیمی، مگر بے حد دلکش مسکراہٹ ابھری۔ اس نے اپنے دوسرے ہاتھ کو انتہائی احتیاط سے اٹھا کر مناہل کے کھلے بالوں پر رکھا۔ اس ہلکے لمس سے مناہل چونک گئی۔ اس نے فوراً نظریں اٹھائیں اور جب شاہ ویز کو آنکھیں کھولے، خود کو دیکھتے ہوئے پایا تو اس کے آنسوؤں میں مزید روانی آ گئی۔ وہ بے اختیار پوچھ بیٹھی:

”کیسی طبیعت ہے؟ زیادہ درد تو نہیں ہو رہا؟“

شاہ ویز نے اپنی تھکی ہوئی نگاہیں اس پر جمائیں اور مدھم آواز میں بولا:

”سچ بتاؤں تو… درد تو مجھے تب ہوتا تھا جب تم اپنی کڑوی باتوں سے میرے دل کے ٹکڑے کرتی تھیں۔ تمہارے دیے ہوئے زبان کے تیر سہنے کے بعد… یہ گولی تو سچ میں کچھ بھی نہیں ہے یار۔“

مناہل کو شدید پچھتاوے نے آن گھیرا، اس کا دل چاہا کہ وہ زمین میں گڑ جائے۔ شاہ ویز نے اس کی آنکھوں میں تیرتا طوفان دیکھا تو اپنی نقاہت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ماحول کی کثافت کو ہلکا کرنے کی کوشش کی:

”قسم سے یار! یقین ہی نہیں آ رہا کہ یہ قیمتی آنسو میرے لیے ہیں؟“

شاہ ویز کے تمسخر پر مناہل بدستور روتی رہی، اس کے لفظ جیسے حلق میں اٹک گئے تھے۔

”سنو…“

شاہ ویز کا لہجہ ایک دم نرم اور سنجیدہ ہوا: ”اگر یہ آنسو میری وجہ سے ہیں، تو مجھے معاف کر دو۔ اور اگر یہ میرے لیے ہیں… تو ان کی قیمت میں اپنی پوری زندگی سے بھی ادا نہیں کر سکتا۔“

مناہل کا دل شدتِ ندامت سے پھٹنے کو تھا۔ وہ شاہ ویز کی آنکھوں میں جھانک کر اپنی ہر تلخ بات اور بدگمانی کی معافی مانگنا چاہتی تھی، لیکن اس کا گلا رندھا ہوا تھا اور آنسوؤں کا ایک طوفان تھا جو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ ہر بار جب وہ بولنے کے لیے لب کھولتی، ایک سسکتی ہوئی ہچکی اس کا راستہ روک لیتی۔

”آئی ایم سوری…“

وہ ہچکیوں کے درمیان بامشکل تمام بول پائی: ”میں نے آپ کی نیت پر اتنا شک کیا… میں نے آپ کو کتنا اگنور کیا… مجھے بہت برا لگ رہا ہے…“

”ارے… بس بس!“

شاہ ویز نے فوراً اس کی بات کاٹی: ”اب اگر تم نے ماضی کا کوئی گڑھا کھودا یا اپنے ان نازک لبوں سے کوئی پچھتاوے کی بات کی، تو میں واپس سے بے ہوش ہو جاؤں گا!“

”مجھے کہہ لینے دیں…“

مناہل کی آواز سسکیوں میں ڈوبی تھی: ”بابا کے جانے کے بعد اور اپنے سگے خونی رشتوں سے ڈسے جانے کے بعد مجھے لگا تھا اس دنیا میں اب کوئی میرا ہے ہی نہیں… لیکن آپ نے… آپ نے میرے لیے اپنی جان داؤ پر لگا دی۔ میں بہت نادان تھی… میں نے آپ کو اتنی اذیت دی…“

”اوہو… بس بھی کرو اب!“

شاہ ویز نے شرارت سے بھرپور لہجے میں اسے ہنسانے کی ناکام کوشش کی: ”اتنا پانی بہا رہی ہو کہ اگر ڈاکٹروں کو پتہ چل گیا تو وہ ڈرپ کی بوتلیں ہٹا کر سیدھا تمہاری آنکھوں سے ہی نالی لگا دیں گے۔“

مناہل نے روتے روتے، سسکتی ہوئی آواز میں اسے گھورا اور غصے سے بولنے کی کوشش کی:

”آپ… آپ کو… ہر وقت مذاق سوجھتا ہے؟“

اس سے ایک جملہ بھی پورا ادا نہیں ہو پا رہا تھا، آواز ہچکیوں میں دب رہی تھی۔

”تو اور کیا کروں؟“

شاہ ویز نے اپنے مخصوص تمسخرانہ اور شوخ انداز میں کہا: ”ایک تو میں اتنی مشکل سے ہیرو بن کر، گولی کھا کر اس بستر پر لیٹا ہوں… سوچا تھا میں ہوش میں آؤں گا تو تم میری شجاعت پر کوئی لمبے چوڑے قصیدے پڑھو گی، میرے ڈمپلز اور بہادری کی تعریفیں کرو گی… اور یہاں صورتِ حال یہ ہے کہ واٹر پارک کھلا ہوا ہے!“

وہ شرارت سے اس کو ہنسانا چاہ رہا تھا۔ مناہل نے اسے سخت نظروں سے گھورا؛ وہ غصہ جو کبھی سرد مہری ہوا کرتا تھا، اب بے پناہ محبت، فکرمندی اور مان میں بدل چکا تھا۔

”ویسے بیگم… اگر تمہارے اس طرح تڑپنے اور بے تحاشا فکر کرنے کی قیمت صرف ایک گولی کھانا تھا… تو ٹرسٹ می، میں خوشی خوشی پورا میگزین اپنے اندر اتروانے کو تیار ہوں۔“

شاہ ویز کا لہجہ ایک بار پھر روایتی بے باکی کی طرف مڑ رہا تھا۔ مناہل کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔ وہ ایک پل کو بھول ہی گئی کہ وہ ہسپتال میں ہے اور شاہ ویز ابھی ابھی موت کے منہ سے باہر آیا ہے۔

”شاہ ویز! اس حال میں بھی آپ…؟“

مناہل نے شدید حیا اور خفگی سے اس کا ہاتھ چھوڑنا چاہا، لیکن شاہ ویز نے فوراً اس کی کلائی پر اپنی گرفت کس لی۔ اس بار اس کی آنکھوں کی چمک میں ایک گہرا، جان لیوا سحر اور سچائی تھی۔

”ہاتھ مت چھوڑنا،“

وہ مدھم سا مسکرایا: ”بڑی مشکل سے تو تمہاری یہ بے لوث توجہ حاصل کی ہے۔“

اس کی آنکھوں میں بلا کی شرارت اور تڑپ تھی۔ مناہل سے نظر ملانی مشکل ہو رہی تھی۔

”اب دور سے ہی میری روح کا فارنسک آڈٹ کرتی رہو گی یا قریب آنے کی زحمت بھی کرو گی میڈم؟“

مناہل کے پاس اب کوئی الفاظ نہیں بچے تھے۔ اس نے شرمندگی، حیا اور بے پناہ محبت کے ملے جلے جذبات سے اپنا چہرہ شاہ ویز کے چوڑے سینے پر رکھ دیا—خدا کی دی ہوئی سب سے محفوظ پناہ گاہ کے حصار میں۔

اگر دکھوں کے بعد کا یہ سفر اتنا خوبصورت تھا، تو وہ مسکراتے ہوئے عمر بھر کے لیے شاہ ویز کی اس سچی محبت کی آغوش میں پابندِ سلاسل رہنے کو تیار تھی۔ شاہ ویز نے اپنے زخمی وجود کے باوجود اپنے مضبوط بازو کا حصار اس کے گرد کس لیا۔ اس کا اتنے مہینوں کا صبر، اس کی سچی محبت اور غیرت کا امتحانی دور ختم ہو چکا تھا۔ اس نے مناہل کے ریشمی بالوں پر اپنے لب رکھے اور ایک گہری، مطمئن سانس خارج کی۔

”میری زندگی کے تمام سفر کا حاصل تم ہو مناہل… اب تمہاری تمام اداسیاں ختم، اور شاہ ویز حیدر کی ہر خوشی اب تمہارے نام ہے۔“

باہر ڈھلتی ہوئی صبح ایک نئے، روشن اور محبت سے بھرپور مستقبل کا پیامبر بن کر ان دونوں کی زندگی پر سایہ فگن ہو رہی تھی۔

ختم شد۔

”پابندِ سلاسل کا یہ انجام آپ کو کیسا لگا؟ اپنی محبت بھری رائے کمنٹس میں لکھ کر مصنفہ کی حوصلہ افزائی ضرور کیجیے۔“

مزید پڑھیے

بہترین قلم کار بشریٰ ارشادکے ناول کی پہلی قسط یہاں پڑھیں

:قلم کار مدیحہ سعید کے نئے ناول “وہ ایک پل” کی پہلی قسط یہاں پڑھیں

منتخب کتابوں اور دلچسپ کہانیوں کے لیے ہماری آن لائن ای لائبریری ضرور وزٹ کریں۔

ہماری ڈائجسٹ پر اشتہارات کی سہولت — اپنے کاروبار، کتاب یا برانڈ کی تشہیر کے لیے رابطہ کریں
اہم اپ ڈیٹ!
اپنے کاروبار، کتاب یا برانڈ کی تشہیر کے لیے آج ہی ہم سے رابطہ کریں۔
ہماری ڈائجسٹ کی ای لائبریری میں اپنی پی ڈی ایف کتاب مفت شائع کریں اور ظفر صاحب سے تبصرہ کروائیں۔ کوئی فیس نہیں!
ای لائبریری پبلشنگ
اپنی کتاب دنیا بھر کے قارئین تک مفت پہنچانے کا سنہری موقع!
ہماری ڈائجسٹ نومبر 2026 خواب نومبر اردو ڈائجسٹ کور، بہترین افسانہ نگار سیدہ الماس فاطمہ
نومبر شمارہ ابھی پڑھیے!
ہماری ڈائجسٹ کے اس خاص شمارے میں دل کو چھو لینے والے ناول، فکر انگیز افسانے، اور آپ کے پسندیدہ مستقل سلسلے شامل ہیں جو آپ کے ذوقِ مطالعہ کو تازہ کر دیں گے۔
ناول، افسانے اور مستقل سلسلے شامل ہیں
مبارکباد! سیدہ الماس فاطمہ
مبارکباد! سیدہ الماس فاطمہ
بہترین افسانہ نگار — ماہِ نومبر 2026
اپنے خوبصورت اور دل کو چھو لینے والے افسانوں کے ذریعے قارئین کے دل جیتنے پر ہماری ڈائجسٹ کی جانب سے ڈھیروں مبارکباد۔
ہماری ڈائجسٹ – رائٹر ڈیسک

السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!

کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟

اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔

ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:

  • آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
  • اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
  • آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔

اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:

اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

”پابند سلاسل ناولٹ آخری قسط از بشریٰ ارشاد | ہماری ڈائجسٹ“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں