تحریر: صغیر جعفری
کچن سے زور دار آواز آئی تو نفیسہ بیگم گھبرا کے کچن کی طرف دوڑیں، دیکھا تو نوری کے ہاتھوں سے بڑا دیگچہ فرش پر گرا پڑا تھا۔ اس نے معصومیت سے کہا:
“بیگم صاحبہ! قسم سے میں نے جان بوجھ کر نہیں گرایا، بس ہاتھوں سے پھسل کر گر گیا ہے۔”
نفیسہ بیگم جو پڑھی لکھی اور بڑے ظرف والی، بردبار، وضع دار اور شریف خاتون تھیں، اس بڑی حویلی کی مالکن اور اپنے شوہر رئیس خان کی چہیتی بیوی تھیں، اور نوری لوگوں کے گھروں میں کام کرنے والی ماسی تھی۔
پورا نام تو اس کا نور النساء تھا، مگر محلے کے لوگ اسے نوری کہتے تھے اور یہی نام اس کی پہچان بن گیا تھا۔
نفیسہ بیگم نے نوری سے دھیمے لہجے میں کہا:
“نوری! کوئی بات نہیں، دیگچہ تمہارے پاؤں پر تو نہیں گرا جس سے تمہیں چوٹ لگی ہو؟”
“نہیں بیگم صاحبہ! مجھے چوٹ تو نہیں لگی، مگر جو چوٹ مجھے رفیقے نے لگائی ہے، اس سے میرا دل زخمی ہو گیا ہے۔”
رفیقا نوری کا شوہر تھا جو سخت محنت مزدوری کرنے کے باوجود گھر کے اخراجات پورے نہیں کر پا رہا تھا۔
اسے کوئی بری لت تو نہیں پڑی تھی، وہ نشہ بھی نہیں کرتا تھا، وہ کام چور بھی نہیں تھا، مگر اس کی محنت کا معاوضہ اس قدر کم تھا کہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے نوری کو بھی تین گھروں میں کام کرنا پڑتا تھا۔
رفیقے میں اور تو کوئی برائی نہیں تھی، بس وہ دو مہینے کے بعد کچھ دنوں کے لیے گھر سے غائب ہو جاتا تھا اور اپنا بٹنوں والا موبائل فون بھی بند کر دیتا تھا تاکہ رابطہ نہ ہو سکے۔
نوری کو اس کی یہی بات بری لگتی تھی۔ اس کے اچانک اس طرح سے غائب ہونے سے نوری کے دل میں طرح طرح کے خیال آتے کہ کہیں رفیقے کا ایکسیڈنٹ تو نہیں ہو گیا یا اس نے چھپ کر کہیں دوسری شادی تو نہیں کر لی۔
نفیسہ بیگم نے نوری سے پوچھا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ رفیقا یہ حرکت ہر دو مہینوں کے بعد کیوں کرتا ہے؟ نوری نے لمبی سانس لے کر بتایا:
“باجی! میرے چار بچے ہیں، تین بچے تو اچھے اسکولوں میں پڑھتے ہیں اور چوتھا ابھی چھوٹا ہے، وہ قاری صاحب کے پاس قرآن پڑھتا ہے، اب ماشاء اللہ آٹھواں پارہ پڑھ رہا ہے۔
اس کمر توڑ مہنگائی میں گھر کے خرچے پورے نہیں ہوتے، میں تین گھروں میں کام کرتی ہوں۔
شکر ہے کہ چھوٹا سا گھر اپنا ہے، کرایہ نہیں دینا پڑتا۔
یہ گھر بھی میرے ابا جی نے میرے حصے کی زمین بیچ کر اور کچھ پیسے میری ماں نے اپنا زیور فروخت کرنے کے بعد بنوا کر دیا تھا۔
رفیقا بھی رنگ روغن کے ساتھ دوسروں کے مکانات کی تعمیر میں دیہاڑی لگا کر بچوں کے اخراجات میں ہاتھ بٹاتا ہے، مگر ہر دو مہینوں کے بعد اس طرح گھر سے اس کا غائب رہنا میرے لیے مصیبت بن جاتا ہے۔
گھر میں میں اور بچے اکیلے ہوتے ہیں، پہلے میری ساس ساتھ رہتی تھی، اس کی موت کے بعد جب رفیقا گھر سے باہر ہوتا ہے تو مجھے ڈر لگتا ہے۔
گھر کی چار دیواری بھی اونچی نہیں، کوئی رات کو دیوار پھلانگ کے گھر میں داخل ہو جائے تو کیا ہو گا؟” اس خدشے کا اظہار کرتے ہوئے نوری رو پڑی۔
:نفیسہ بیگم نے اسے حوصلہ دیتے ہوئے کہا
“صبر کرو، اللہ تعالی بہتر کریں گے۔”
تو نوری نے پریشان ہو کر کہا:
“باجی! بہت صبر کر لیا، صبر کر کر کے میں تھک گئی ہوں، اب میں صبر نہیں کروں گی بلکہ اس سے فیصلہ لے کر رہوں گی۔ ہر صورت اور ہر حال میں رفیقے سے فیصلہ لوں گی۔”
نفیسہ بیگم نے پوچھا: “تمہارے فیصلہ لینے کا کیا مطلب ہے؟؟”
تو نوری نے دوٹوک کہا: “فیصلے کا مطلب طلاق ہے۔ میں رفیقے سے طلاق لوں گی، روز روز کے رونے سے ایک بار ہی رو لوں گی۔ میرے رشتے داروں اور بھابھیوں نے بھی کہا ہے کہ میں طلاق لے لूं تو بہتر ہوگا۔”
:نفیسہ بیگم نے نوری کو سمجھاتے ہوئے کہا
“تمہیں معلوم ہے کہ جب کسی کی طلاق ہوتی ہے تو عرش کانپ جاتا ہے، یہ واحد حلال کام ہے جو اللہ تعالی کو سخت ناپسند ہے۔”
“تو باجی! اب میں کیا کروں؟ میں مرد بن کر اپنے بچوں کی پرورش کروں گی۔ جو ہو گا دیکھا جائے گا، بس میں نے رفیقے کے ساتھ اب نہیں رہنا، یہ میرا اٹل اور آخری فیصلہ ہے۔”
نفیسہ بیگم نے اسے پیار سے سمجھایا کہ یہ معاشرہ مرد کے زیرِ اثر معاشرہ ہے، ایک عورت کو کبھی بھی مرد کے برابر نہیں سمجھے گا۔
“میں نے گرمیوں کی چھٹیاں مری اور اسلام آباد میں بچوں کے ساتھ گزارنے جانا ہے، اچھا ایسے کرو کہ تم دو ہفتوں کی چھٹی لے کر اپنے گھر بیٹھنے کی جگہ ایک ہفتے کے لیے اپنے ایک بھائی کے گھر اور ایک ہفتہ دوسرے بھائی کے گھر رہ کر دیکھو اور انہیں یہ بھی بتا دو کہ میں نے رفیقے سے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔”
نوری کے جانے کے بعد نفیسہ بیگم سوچنے لگی کہ ہمارے معاشرے کی اقدار کیوں بدل رہی ہیں؟ میاں بیوی میں چھوٹی چھوٹی باتیں بھی برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہیں جس کا نتیجہ طلاق کی صورت میں نکل رہا ہے۔
آئے دن سوشل میڈیا پر مسلسل آ رہا ہے کہ مرد و زن دونوں طرف سے عدمِ اعتماد اور برداشت کی کمی کی وجہ سے طلاق کے کیسز تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔
نفیسہ بیگم کا خیال فوری طور پر اپنی سہیلی افشاں کی طرف گیا جو لمز یونیورسٹی سے ایم بی اے فنانس کرنے کے بعد ایک بینک میں گریڈ ون میں سروس کر رہی تھی، اس کے میاں افشاں کی سروس کے خلاف تھے، دونوں میں اختلافات بڑھ گئے تو افشاں نے اپنے شوہر پر خلع کا کیس کر دیا۔
نفیسہ بیگم کو مشہور مصنفہ بانو قدسیہ کا یہ فقرہ یاد آ گیا کہ “مرد اور عورت برابر نہیں ہو سکتے کیونکہ مرد کو اللہ تعالی نے ایک درجہ بلند عطا کیا ہے۔”
پھر نفیسہ بیگم کے ذہن میں اپنی والدہ مرحومہ کی یہ بات آ گئی کہ اگر میاں بیوی افہام و تفہیم سے کام لیتے ہوئے صرف تین الفاظ استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیں تو ازدواجی زندگی خوش گوار ہو سکتی ہے؛ وہ الفاظ یہ ہیں:
Please, Thank you, & Sorry.
:نفیسہ بیگم بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے بعد گھر آ گئیں تو ایک دن کے بعد نوری بھی آ گئی اور آتے ہی سکون اور اطمینان سے کہنے لگی
“باجی! میں نے آپ کے کہنے کے مطابق عمل کیا اور اپنے چھوٹے بھائی کے گھر چلی گئی اور جاتے ہی انہیں بتا دیا کہ میں رفیقے سے طلاق لے رہی ہوں، تو ان سب کا رویہ ہی بدل گیا، وہ ابھی سے مجھے بوجھ سمجھنے لگے۔
میں ایک ہفتہ ان کے گھر میں رہنے کے بجائے تین دن کے بعد اپنے دوسرے بھائی کے گھر آ گئی تو ان کا رویہ بھی بدلا ہوا تھا۔
بھابھی نے سمجھانے کی آڑ میں میری بے عزتی کی۔ میں ان کے گھر بھی دو دن رہنے کے بعد اپنے گھر آ گئی، یہاں میری گلی کی عورتوں نے مجھ سے منہ پھیر لیے۔
پھر مجھے رفیقے کی یاد آ گئی، اس نے تنگی کی حالت میں بھی کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھایا، کبھی گالی نہیں دی۔
بس جب وہ کم پیسے لے کر آتا تو مجھے غصہ آ جاتا، میرے اسی غصہ سے بچنے کے لیے وہ گھر سے چلا جاتا۔
جب رفیقا واپس آتا تو بچے اس کے ساتھ خوشی سے لپٹ جاتے، بے شک وہ گھر کے اخراجات کے لیے زیادہ پیسے لے کر نہ آتا، مگر بچوں کے لیے ٹافیاں اور چاکلیٹ ضرور لے آتا، اگر گنجائش ہوتی تو بچوں کے لیے کپڑے بھی لے آتا۔
باجی! اب میں نے آپ کے سمجھانے پر اچھی طرح سوچ سمجھ کر یہ آخری فیصلہ کیا ہے کہ میں رفیقے سے کبھی بھی طلاق کا مطالبہ نہیں کروں گی۔
تنگی ترسی میں صبر و شکر کے ساتھ گزارہ کر لوں گی، جو بھی مصیبت آئے ہم دونوں میاں بیوی مل کر اس کا سامنا کریں گے۔ باجی! آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے میرا گھر ٹوٹنے سے بچا لیا۔”
نوری رو رو کر نفیسہ بیگم کو دعائیں دے رہی تھی۔























