Paband e Salasil Novelette Episode 3 by Bushra Irshad – Hamari Digest پابندِ سلاسل قسط 3

ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 3 – ہماری ڈائجسٹ

Paband e Salasil Novelette Episode 3 by Bushra Irshad– Hamari Digest

سلسلہ وار ناولٹ • ہماری ڈائجسٹ

ناولٹ: پابندِ سلاسل

مصنفہ: بشریٰ ارشاد  |  پبلشر: ہماری ڈائجسٹ
قسط نمبر (03)

سورج کی پیلی چمکیلی کرنیں پردے کے پیچھے سے جھانکنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

“مناہل! میری جان اٹھ بھی جاؤ نا اب۔ دیکھو سورج سر پہ آ گیا ہے۔” کسمسا کر مندی مندی آنکھیں کھول کے اس نے پھوپھو کے محبت لٹاتے چہرے کو دیکھا اور ایک بار پھر کروٹ بدل کے سو گئی۔

“اٹھ جاؤ نا میری جان۔ دیکھو سارا ناشتہ ٹھنڈا ہو جائے گا۔ چلو شاباش۔” وہ اس کے بالوں میں ہاتھ پھیر کر پچکارتے ہوئے بولیں۔

“کیا پھوپھو جان۔ سونے دیں ناں۔” وہ برے برے منہ بناتی چادر سر پر تان کر دوبارہ سو گئی۔

“دیکھو تو چندا پھوپھو نے آپ کے لیے کتنے مزیدار اور خستہ پراٹھے بنائے ہیں بالکل جو ہماری مناہل کو پسند ہیں ویسے ہی، چلو اٹھو میں چائے بھی دم پہ رکھ کر آئی ہوں، اٹھ جاؤ ورنہ دوپہر میں بابا کو ویلکم کیسے کرو گی؟”

“کیا بابا آ رہے ہیں؟ کب؟” وہ چونک کر اٹھ بیٹھی۔

“ہاں بچے۔ رات تم بخار کی وجہ سے جلدی سو گئی تو میں بتا نہیں سکی۔ فون آیا تھا بھائی صاحب کا، آ رہے ہیں، بس دو سے تین گھنٹے میں پہنچ جائیں گے۔” انہوں نے مسکراتے ہوئے تفصیل بتائی۔

“واؤ پھوپھو! کیا اوسم نیوز سنائی ہے آپ نے، دل خوش کر دیا۔” وہ چھلانگ مار کے بیڈ سے اٹھتی ہوئی واش روم کی طرف بھاگی۔

“ارے ارے آرام سے۔ تمہیں ابھی بخار کی کمزوری بھی ہے۔” وہ جلدی سے بولیں لیکن مناہل واش روم میں جا چکی تھی۔

وہ مسکراتے ہوئے کچن کی سمت چل دیں۔

✦ ✦ ✦

جہاز لینڈنگ کر رہا تھا، ونڈو سے چھوٹے چھوٹے مکان، مٹیالی زمین اور سرمئی سڑکیں نظر آنے لگی تھیں۔

انہوں نے ایک گہری سانس کھینچی اور سفر کی تھکان کو اپنے اندر سے خارج کیا۔ کسٹم کلیئرنس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے باہر نکلے تو تیز دھوپ نے ان کا استقبال کیا۔ حسن ہمیشہ کی طرح لیٹ تھا۔

“پتہ نہیں اس لڑکے کو کب اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوگا۔” آنکھوں پہ سیاہ چشمہ چڑھاتے ہوئے وہ افسردگی سے سر جھٹک گئے۔

تقریباً آدھا گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد وہ ٹیکسی سے گھر جانے کا سوچ کر باہر نکلے تو حسن سامنے کھڑا موبائل پہ کسی سے گپیں لڑا رہا تھا۔ ان کو انتہائی غصہ چڑھ گیا۔

“میں یہاں تمہارا ویٹ کر رہا ہوں اور تم گپ بازی میں لگے ہو۔” وہ اس کے سر پر جا کر گرجے۔

“اوہ۔ سوری ماموں۔ ایمرجنسی کال تھی۔” وہ انہیں ایک دم سامنے دیکھ کر سٹپٹایا۔

“معلوم ہے مجھے تمہاری ساری ایمرجنسیاں۔ اب جلدی سے گھر چلو۔ ہر کوتاہی کا تمہارے پاس کوئی نہ کوئی ریڈی میڈ بہانہ ہوتا ہے۔ کبھی تو کوئی کام ذمہ داری سے کر لیا کرو۔”

وہ اسے لتاڑتے ہوئے کار کی طرف بڑھ گئے، فی الحال وہ جلد از جلد گھر پہنچنا چاہتے تھے کیوں کہ انہیں اپنی عزیزِم بیٹی کے بارے میں سکینہ بیگم سے ایک ضروری رائے مطلوب تھی۔ گھر پہنچتے ہی مناہل ان سے لپٹ گئی۔

“بابا آپ ایک دو دن کا کہہ کر گئے تھے اور آتے آتے پورا ہفتہ لگا دیا۔ آپ کو پتہ ہے میں نے آپ کو کتنا مس کیا۔”

احسن الدین جانتے تھے کہ اب وہ انہیں پورے ہفتے کی روداد سنائے بغیر نہیں چھوڑے گی۔

“مناہل بیٹا۔ بھائی صاحب تھک گئے ہوں گے ان کو فریش ہو لینے دو پھر سب مل کر لنچ کریں گے اور پھر تم جو بھی باتیں کرنا چاہو کر لینا۔” سکینہ بیگم اسے نرمی سے سمجھاتے ہوئے بولیں۔

“اوکے پھوپھو جان۔” منہ لٹکا کے جواب دیا گیا۔

“ارے ہماری گڑیا بیٹی ناراض مت ہوئیے۔ آپ کے بابا ابھی گئے اور ابھی آئے۔” وہ ہنستے ہوئے اپنے روم میں چلے گئے۔

احسن الدین ایک نیک دل انسان تھے۔ گھر کے ملازمین سے لے کر آفس کے ایمپلائز تک سبھی ان کے اخلاق کے گرویدہ تھے۔ بیوی کے انتقال کے بعد انہوں نے ننھی بیٹی کی پرورش کا ذمہ خود اٹھا لیا۔ لیکن کاروباری انسان ہونے کے ناطے وہ یہ کام خود انجام دینے سے قاصر تھے۔ اتفاق سے انہی دنوں ان کی اکلوتی بہن بیوگی سے دوچار ہوئیں تو احسن صاحب نے ان کو اپنے پانچ سالہ بیٹے حسن کے ساتھ کراچی آ کر رہنے کے لیے کہا۔ سکینہ بیگم ویسے بھی شوہر کے انتقال کے بعد سسرال والوں پہ بوجھ بن گئی تھیں سو بھائی کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے وہ فوراً اپنے بیٹے کے ہمراہ بھائی کے بنگلے میں سیٹل ہو گئیں۔ وہ اپنے بیٹے کو ایک اچھا مستقبل دینا چاہتی تھیں اور احسن صاحب بھی اپنی بیٹی کی تربیت کے لیے اپنی بہن پر بھروسہ کر سکتے تھے۔

احسن صاحب دونوں بچوں کو اچھی تعلیم دے کر اعلیٰ مقام پہ دیکھنا چاہتے تھے؛ بیٹی تو ماسٹرز کر چکی تھی اور فی الحال ہالیڈیز انجوائے کر رہی تھی لیکن حسن نے ان کو عاجز کر رکھا تھا؛ مناہل سے پانچ سال بڑے ہونے کے باوجود وہ ابھی تک گریجویشن کمپلیٹ نہیں کر پایا تھا۔

سکینہ بیگم ہمیشہ “لاابالی ہے سمجھ جائے گا” کہہ کر بیٹے کو بچا لیتی تھیں لیکن احسن صاحب جانتے تھے کہ وہ ایک لاپرواہ اور عیاش لڑکا ہے جسے ماموں کے پیسے اڑانے کے علاوہ دوسرا کوئی کام نہیں آتا۔ وہ حسن کے لیے واقعی فکرمند تھے۔ جبکہ حسن کے دل میں مناہل سے شادی کر کے سسر کی دولت پہ زندگی گزارنے کے پلانز موجود تھے، جس سے صرف حسن ہی واقف تھا۔

لنچ سے لطف اندوز ہونے کے بعد انہوں نے سکینہ بیگم کو اپنے روم میں آنے کو کہا۔

“کیا بات ہے بھائی صاحب؟ آپ کچھ پریشان لگ رہے ہیں؟”

“دراصل تم سے ایک رائے لینی تھی، تم نے مناہل کو ماں بن کے پالا ہے، میرا فرض ہے کہ میں تمہیں اس معاملے میں شامل کروں۔” وہ تمہید باندھتے ہوئے بولے۔

“جی بھائی صاحب! کہیے۔ میں سن رہی ہوں۔”

“میرے ایک دوست نے اپنے بیٹے کے لیے مناہل کا ہاتھ مانگا ہے۔ میں لڑکے کی انکوائری کروا چکا ہوں وہ ہر لحاظ سے ہماری بیٹی کے لائق ہے۔ میں اسی سال مناہل کے فرض سے سبکدوش ہو جانا چاہتا ہوں۔”

“بھائی صاحب! آپ نے لڑکے کو پرکھ لیا ہے تو یہ رشتہ اوکے کر دیں، مناہل کو منانا میرا کام ہے۔”

سکینہ بیگم کے اطمینان دلانے پر خوشی کی لہر احسن صاحب کے چہرے پر دوڑ گئی تھی۔

✦ ✦ ✦

الارم کی آواز پر مستعدی سے بستر چھوڑتے ہوئے وہ واش روم میں جا گھسا اور ٹھیک پندرہ منٹ میں فریش ہو کر باہر بھی نکل آیا۔ اگلے پندرہ منٹ میں وہ خود پہ اپنا مخصوص ایکسٹریکٹڈ ایسنس اسپرے کرتا ہوا، خود پہ ایک طائرانہ نظر ڈال رہا تھا۔ بالوں کو ہیئر جیل سے سیٹ کرتے ہوئے اس نے خود کو ایک آخری بار آئینے میں دیکھا اور پھر ناشتہ کرنے لاؤنج کی طرف چل پڑا۔

یہ اس کے روز کا معمول تھا۔ وہ وقت کا پابند ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی چھوٹی سے چھوٹی بات کا خود خیال رکھتا تھا۔ ہینڈسم تو وہ تھا ہی لیکن پولیس کی کالی وردی میں اس کی شخصیت میں مزید نکھار اور رعب پیدا ہو جاتا تھا۔ حیدر صاحب نے اسے توصیفی نظروں سے دیکھتے ہوئے آنکھوں ہی آنکھوں میں نظر اتاری۔

“آؤ جوان آؤ! بیٹھو یار ناشتہ کرو۔ آج ہم نے اپنے ہاتھوں سے یہ سینڈوچز تیار کیے ہیں۔” وہ کمال بے تکلفی سے بولے۔

“کیا کک کا انتظام نہیں ہو پایا اب تک۔ ویسے ایک ہفتہ ہو گیا ایسے ہی بورنگ کھانا کھاتے ہوئے۔” وہ بے دلی سے سینڈوچ کا ٹکڑا منہ میں ڈالتے ہوئے بولا۔

“ہاں ہاں بڑے نخرے ہو رہے ہیں میرے ہاتھ کا بنا سینڈوچ کھاتے ہوئے تو مستقل انتظام کر دو نا صاحبزادے، کھانا پکانے والی کا۔” وہ شرارت سے گویا ہوئے۔

“کیا ڈیڈ! آپ پھر وہی ٹاپک لے بیٹھے۔”

“بور مت کرو یار، کوئی رونق میلہ لگاؤ، شادی کے ڈھول بجاؤ، یہاں اس آنگن میں تمہارے کوئی دس بارہ بچے کھیلیں تو میرا بھی دل لگے۔” وہ اس کے پکے یار تھے۔

“دس بارہ بچے۔ ہممم۔ مطلب تین چار بیویاں۔” اس نے آئی بروز اٹھاتے ہوئے حساب لگایا۔

“وہ تمہاری اپنی مرضی۔ مجھے تو بس ایک فٹ بال ٹیم چاہیے پوتے پوتیوں کی اس گھر میں۔”

“واہ ڈیڈ! اپنی دفعہ میں تو منصوبہ بندی والوں کو خوب خوش کیا، کہ میرے بعد اور کوئی پلان ہی نہیں کیا۔ اور اب میری دفعہ میں اکٹھے بارہ؟” وہ آج کافی ریلیکس موڈ میں تھا۔

“بس بیٹا آپ کی والدہ مرحومہ کو بہت جلدی تھی۔ اکیلے ہی نکل لیں۔” وہ پھیکی سی ہنسی ہنستے ہوئے بیوی کو یاد کرتے ہوئے بولے۔

“تو آپ ایک اور کر لیتے۔ ان فیکٹ آپ ابھی بھی کر سکتے ہیں۔ بھئی ینگ ہیں، اسمارٹ ہیں، آرام سے کوئی مل جائیں گی آپ کو، کوئی مشکل نہیں ہوگی۔” وہ جوس کا گلاس انہیں تھماتے ہوئے ان کا دھیان بٹانے کو بولا۔

“چپ اوئے گدھے کہیں کے۔ او یار، میں تجھ سے تیری شادی کی بات کر رہا ہوں اور تو میری کروا رہا ہے۔”

“ہاں تو بچوں کا شوق آپ کو ہو رہا ہے تو شادی بھی آپ ہی کر لیں میرے بدلے۔ ویسے I AM SERIOUS۔ آپ کرنا چاہیں تو میری طرف سے سو بسم اللہ ہے۔” اس نے ان کی گھوری کو خاطر میں لائے بغیر ایک زور دار قہقہہ لگایا۔

“تیس سال کے ہو جاؤ گے اس برس، اور ابھی بھی شادی کے لیے سیریس نہیں ہو رہے ہو۔ اس عمر میں میری گود میں تمہیں آئے ہوئے پانچ سال ہو گئے تھے۔ لیکن تم مانتے ہی نہیں ہو۔ میں کب تک تمہارے سر پہ بیٹھا رہوں گا یار۔ میری آنکھوں کے سامنے ہی سیٹل ہو جاؤ۔ میری زندگی کا کیا بھروسہ آخر۔” وہ اسے نرمی سے سمجھا رہے تھے۔ اس نے چونک کر انہیں دیکھا۔

“اوہ کم آن ڈیڈ! آپ پر یہ مرنے مرانے کی باتیں بالکل سوٹ نہیں کرتیں۔ ایسی باتیں مت کیا کریں، YOU KNOW، آپ کے علاوہ اس دنیا میں میرا ہے ہی کون۔”

“جبھی تو سمجھا رہا ہوں، کب تک یونہی چھڑے چانٹھ بن کے پھرتے رہو گے؟” وہ فکرمندی سے بولے۔

“ڈیڈ آپ کو میری ڈیوٹیز کا پتہ تو ہے۔ میں کہاں فیملی کی ذمہ داری افورڈ کر سکتا ہوں۔”

“ہاں تو یہ کہو نا کہ تم پابندیوں سے آزاد رہنا چاہتے ہو۔ اور کوئی پولیس والا تو شادی کرتا ہی نہیں ہے جیسے؟”

“ڈیڈ مجھے میریڈ لائف کو ہینڈل کرنا نہیں آ پائے گا ویسے بھی میں عورتوں کے نخرے نہیں اٹھا سکتا۔” وہ صاف گوئی سے بولا۔

“ہاں تو بیٹا جی عورتوں کے نخرے مت اٹھانا۔ صرف بیوی کے اٹھا لینا۔” وہ دو بدو جواب دے رہے تھے۔

“اچھا اچھا دیکھتے ہیں۔” اس نے فٹافٹ چائے کی پیالی ختم کر کے بات ختم کی، پھر نیپکن سے منہ صاف کرتے ہوئے باپ کے سر پہ محبت سے بوسہ دے کر خدا حافظ کہتا ہوا باہر نکل گیا۔

حیدر خان کی ایک ہی اولاد تھی شاہ ویز خان۔ جو ان کو بے حد عزیز تھی۔ بیوی کے گزر جانے کے بعد انہوں نے بیٹے کو ابروڈ بھجوا دیا اور خود اپنی مصروفیت میں گم ہو گئے لیکن یہ دوری بھی باپ اور بیٹے کے درمیان حائل نہ ہو پائی۔ وہ دونوں ہر دم ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے تھے۔ باہر جاب کرنے کے بجائے شاہ ویز نے ملک کی خدمت کرنے کی سوچی اور پاکستان آ کر سی ایس ایس کے ایگزامز دے کر سول سروس کو جوائن کر لیا۔ اور اپنی قابلیت سے ایک لائق پولیس آفیسر بن گیا۔

اپنے عہدے سے بھرپور انصاف کرنے کی وجہ سے وہ ڈیپارٹمنٹ میں عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ اپنی دیانتداری اور فرض شناسی کی بدولت جہاں اس کو اتنا پیار اور عزت نصیب ہوئی تھی، وہیں اس سے نفرت کرنے والوں کی بھی کمی نہ تھی۔ اپنے ملنے ملانے والوں میں وہ ایک ہنس مکھ اور نرم دل شخص کے طور پر جانا جاتا تھا۔ وہیں دوسری طرف اس کے دشمنوں میں وہ ایک سخت گیر پولیس آفیسر کے طور پر مشہور تھا۔ یہی وجہ تھی کہ وہ جس علاقے میں تعینات ہوتا تھا وہاں سے جرائم کی شرح ایک دم نیچے گر جاتی تھی۔

✦ ✦ ✦

“امی مجھے آپ سے کچھ بات کرنی ہے۔” حسن نے سکینہ بیگم کے پاؤں دباتے ہوئے کہا۔

“خیریت؟ آج ماں کی خدمت کرنے کا شوق کیسے چڑھ گیا؟ کون سی فرمائش پوری کروانی ہے اپنے ماموں سے۔” وہ بھی اس کی ساری چالاکیوں سے واقف تھیں۔

“امی! میں سوچ رہا تھا کہ کیوں نہ آپ میری اور مناہل کی منگنی کی بات ماموں جان سے کر لیں۔”

“تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہو گیا حسن۔” وہ حیران و پریشان ہو کے اٹھ بیٹھیں۔

“میں نے ایسی بھی کیا بات کہہ دی جو آپ اتنا ری ایکٹ کر رہی ہیں۔ آخر ماموں جان کی ایک ہی بیٹی ہے اور ہم ان کے اکلوتے رشتے دار۔ ان کو کیا اعتراض ہوگا اگر ان کی بیٹی گھر کی گھر ہی میں رہ جائے۔” اس نے اپنی منطق لڑاتے ہوئے کہا۔

“تم جانتے ہو نہ تمہاری کوئی کوالیفکیشن نہیں ہے، اور نہ ہی جاب۔ جبکہ وہ ایک پڑھی لکھی لڑکی ہے۔ تم اس کا جوڑ نہیں ہو۔” انہوں نے سختی سے جواب دیا۔

“کیسی ماں ہیں آپ جو اپنے ہی بیٹے میں کیڑے نکال رہی ہیں۔” اس نے غصے سے اٹھتے ہوئے کہا تو وہ جلدی سے بات سنبھالتے ہوئے بولیں۔

“ارے میرا بچہ! تو تو لاکھوں میں ایک ہے میری جان۔ لیکن تیرے ماموں نہیں مانیں گے اور ویسے بھی وہ مناہل کی بات طے کر چکے ہیں۔ اپنے کسی دوست کے بیٹے سے۔” ان کے اطمینان سے کیے گئے انکشاف پہ حسن کے سر پہ ایک ساتھ کئی بم پھوٹے، اس کو سونے کی چڑیا اپنے ہاتھ سے اڑتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی۔

“یہ ممکن نہیں ہو سکتا۔ میں ایسا ہرگز نہ ہونے دوں گا۔ یہ نہیں ہو سکتا۔ مناہل میری ہے۔ میں نے ہمیشہ یہی سوچا تھا۔ آپ ماموں سے بات کریں۔ یہ شادی روکیں کسی بھی طرح۔”

سکینہ بیگم نے گہری سانس لی۔ “بیٹا، میں کس حیثیت سے جا کر تیری وکالت کروں؟ تو نے اپنے لیے کیا ہی کیا ہے، نا تو نے تعلیم مکمل کی، نا جاب کی فکر کی۔ تیرے ماموں کی نظروں میں کھڑے ہونے کی کبھی کوشش ہی نہیں کی۔ بیٹا، میں کس منہ سے جاؤں اور کہوں کہ میرا بیٹا آپ کی بیٹی کے قابل ہے؟”

“امی، آپ بھی شروع ہو گئیں؟” حسن جھنجھلا گیا۔ “میں نے نہیں پڑھا تو کیا ہوا؟ ماموں کی ساری جائیداد کی دیکھ بھال کون کرے گا میرے سوا؟”

“جائیداد؟” سکینہ بیگم نے تلخ لہجے میں کہا۔ “وہ جائیداد تیرے ماموں نے اپنی محنت سے بنائی ہے۔ اور تو نے کیا کیا؟ دوستوں میں پیسے اڑائے، پارٹیاں کیں۔ پڑھائی کے بجائے اکثر رات کو پارٹی کر کے، شراب کے نشے میں دھت ہو کر گھر آتا تھا۔ میں تیری یہ ساری حرکتیں تیرے ماموں سے چھپاتی رہی کہیں وہ تجھ سے بدظن نہ ہو جائیں۔”

حسن کا منہ لٹک گیا۔ “امی، وہ تو بس کالج کے دن تھے۔ اب میں سیریس ہوں۔”

“اب سیریس ہے؟” سکینہ بیگم نے تاسف سے سر ہلایا۔ “بیٹا، وقت گزر گیا۔ تیرے ماموں نے جو فیصلہ کیا ہے سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ لڑکا پڑھا لکھا ہے، کماتا ہے۔ اور تو؟ تو ابھی تک اپنے ماموں کے ٹکڑوں پر پل رہا ہے۔”

حسن خاموش ہو گیا۔ جو منصوبہ اس نے سالوں سے دل میں پال رکھا تھا۔ مناہل سے شادی، ماموں کی جائیداد۔ وہ سب ایک لمحے میں کرچی کرچی ہو گیا تھا۔ اس کی ساری پلاننگ فیل ہو چکی تھی۔

✦ ✦ ✦

شاہ ویز نے اپنی ذاتی کوششوں سے لینڈ مافیا کے ایک بڑے اور گھناؤنے گروہ کو بے نقاب کیا تھا۔ اور اس کامیابی کے بعد ایک ایک کر کے بڑے جرائم کو ٹارگٹ کرتا جا رہا تھا جس کی وجہ سے جرائم پیشہ لوگوں میں کھلبلی مچ گئی تھی۔

لینڈ مافیا کے بعد منشیات فروش اور پھر کار لفٹرز۔ وہ ایک ایک کر کے کامیابی کا زینہ طے کرتا جا رہا تھا۔ کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اس کے دشمنوں میں بھی اضافہ ہوتا چلا جا رہا تھا یہاں تک کہ شاہ ویز کو موبائل فون پہ دھمکی آمیز کال بھی آنی شروع ہو گئی تھیں۔ لیکن وہ خدا پہ توکل رکھنے والا انسان تھا، جانتا تھا کہ موت ایک نہ ایک دن ضرور آنی ہے۔

“MAY I COME IN HANDSOME?” یہ فراز تھا شاہ ویز کا پکا یار اور اسی کی طرح ایک قابل آفیسر۔

“آجا پیارے۔ تجھے اجازت کی ضرورت کب سے پڑنے لگی؟”

مسکراتے ہوئے اس نے فائل بند کر کے ایک سائیڈ رکھ دی۔

“جب سے تو نے کام کے چکر میں دوستوں کو اگنور کرنا شروع کیا ہے۔” وہ نروٹھے پن سے کہتا کرسی کھینچ کے بیٹھ گیا۔ “بھائی میں میریڈ ہو کے بھی اتنا مصروف نہیں ہوتا جتنا تو سنگل ہو کے بزی رہتا ہے، دوستوں کے لیے ٹائم نکال لیا کر۔” فراز نے کہا۔

“سارا دن تو ہی ساتھ چپکا رہتا ہے، اور کیسے ٹائم دوں تجھے؟”

“یار یہ جاب والا ہینگ آؤٹ نہیں، میں دوسری تفریح کی بات کر رہا ہوں، چل آج دو دریا چلتے ہیں شام میں آف ہے میرا، تو بھی ٹائم نکال کے آجانا گھر سے ریڈی ہو کر۔”

“آجاؤں گا شہزادے۔”

شاہ ویز نے اپنی شام کی مصروفیت پہ نظر ڈالتے ہوئے ہامی بھری۔

“اچھا سن! ایک بڑا کیس آیا ہے ہمارے پاس۔” اس نے نیلے رنگ کی ایک فائل اس کے پاس رکھی جسے شاہ ویز نے کھول کے پڑھنا شروع کر دیا۔

“تو کب ڈالنی ہے ریڈ؟” فائل ایک سائیڈ رکھتے ہوئے وہ بالکل سنجیدہ ہو چکا تھا۔

“پہلے اس کا ٹھکانہ تو پتہ چل جائے۔ دیکھ ابھی ہمارے مخبر نے پوری انفارمیشن نہیں دی ہے۔ بس اتنا ہی پتہ ہے کہ لیلٰی نامی را کی ایک ایجنٹ کراچی میں دندناتی پھر رہی ہے۔ اور اس کے پاس ہمارے مخصوص اداروں کی کچھ خفیہ معلومات ہیں۔

فی الحال وہ ایک جسم فروش گروہ کی سرپرستی میں ہے، جس کا سرپرست بدنام زمانہ سیاستدان ندیم ڈوگر ہے، ریڈ کرنا بہت مشکل ہوگا کیوں کہ ابھی ہمیں اس ایجنٹ کی پوری انفارمیشن نہیں ملی ہے اور دوسرا ندیم ایک کرپٹ ہی نہیں بلکہ ایک بدمعاش انسان ہے، اس کے پاس اس کے ذاتی غنڈے ہیں، اس سے ٹکر لینا آسان نہیں ہوگا پولیس کے لیے۔”

“چاہے ندیم ڈوگر ہو یا افلاطون کی اولاد۔ اس کی ناک کے نیچے سے اس ملک دشمن، را ایجنٹ کو اریسٹ کریں گے ہم، ان شاء اللہ۔”

شاہ ویز یہ جانتا تھا کہ اس وڈیرے تک قانون کے ہاتھ نہیں پہنچ سکتے۔ جس کا اسے افسوس بھی تھا لیکن اب شاہ ویز چاہتا تھا کہ بردہ فروشی اور جسم فروشی سے منسلک ساری کالی بھیڑیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائیں۔

یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس ملک کے اندھے قانون کے سامنے اس جیسے پولیس آفیسر کی حیثیت آٹے میں نمک برابر تھی، وہ پرامید تھا۔ اور اپنے ارادوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم۔

“ٹھیک ہے پھر میں اس کیس پہ مزید کام کرتا ہوں۔ جتنی انفارمیشن مل جائے اتنا اچھا ہوگا۔ ویسے یہ لڑکی ایک جگہ ٹکتی نہیں ہے۔ نظر رکھنا بہت مشکل ہے اس پہ۔ کسی کے پاس اس کا کوئی فوٹو نہیں ہے۔ شناخت کے لیے بس کچھ ہی پوائنٹس مل سکیں گے ہم کو۔” فراز کہتے ہوئے اٹھ کھڑا ہوا۔

“اس سے پہلے کہ یہ اپنا مشن کمپلیٹ کرے ہم کو اسے پکڑنا ہوگا۔”

شاہ ویز پرجوش تھا۔

✦ ✦ ✦

پورا لان خوبصورت پھولوں، مہک اور روشنیوں کی لڑیوں سے چمک اٹھا تھا۔ وہ خوش تھی آج اس کی منگنی ہو رہی تھی۔ سلمان آفندی اور بیگم یاسمین کا بیٹا سدین آفندی ایک خوش شکل، پڑھا لکھا اور نفیس طبیعت کا انسان تھا، پیشے کے لحاظ سے سول انجینئر اور مناہل کی طرح اکلوتا بھی۔

بابا کے پوچھنے پہ اس نے تصویر میں کھڑے انسان کو ایک نظر دیکھ کر ہی ہامی بھر لی تھی۔ وہ جانتی تھی بابا نے اس کے لیے ہیرا انسان ہی پسند کیا ہوگا، سو مطمئن تھی لیکن جان سے پیارے بابا جان کو شادی کے بعد چھوڑ کے جانے کا خیال ہی اس کو تڑپا دیتا تھا۔

“ملکہ عالیہ ہو گئیں تیار؟” صوبیہ نے روم ناک کر کے اندر جھانکتے ہوئے پوچھا۔ یہ اس کی پڑوسن اور سب سے عزیز سہیلی تھی۔

“کیسی لگ رہی ہوں میں؟” ٹی پنک لہنگے کو گول گھوم کے گھماتے ہوئے اس نے اتراتے ہوئے پوچھا۔

“آج تو حقیقتاً چاند زمین پہ اتر آیا ہے۔” اس نے سراہا۔

“اہاہاہاہا۔۔۔۔۔ شکریہ شکریہ۔” دلکش مسکراہٹ بکھیری۔

“ویسے یہ دو دن میں کیا ماجرا ہو گیا۔ اچانک کیسے کر لی تیاریاں۔ رشتہ طے ہونے کا بھی نہیں بتایا اور بس ایک دم سے انگیجمنٹ؟ اب گونگی بنی بیٹھی ہو۔ بہت اچھے بھئی بہت اچھے۔” صوبیہ ہمیشہ کی طرح تیز تیز بولی۔

“اہاہاہا ۔۔۔۔۔ ارے بھئی، ایک پروپوزل آیا تھا، سب کو پسند آیا تو اوکے کر دیا۔ بس یہی اسٹوری ہے۔” مناہل نے کمال مہارت سے دریا کو کوزے میں بند کیا۔

“یہ تو ہیڈلائنز ہوئی اب جلدی سے تفصیل بھی بتا دو۔” صوبیہ نے مناہل کو گھورتے ہوئے بے تابی سے پوچھا جو مسکراتے ہوئے اس کی بے تابی کا امتحان لے رہی تھی۔

“کوئی خاص تفصیل نہیں ہے۔۔۔ موصوف انجینئر ہیں۔ اکلوتے ہیں جاب باہر ہے۔ آج انگیجمنٹ ہے لیکن جلد ہی نکاح کے لیے کہا ہے۔ YOU KNOW پیپرز وغیرہ کا چکر ہوتا ہے۔” اس نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔

“نکاح کب ہے؟” صوبیہ نے فکرمندی سے کہا۔

“دیکھو شاید کمنگ منتھ میں ہی ہو جائے۔” مناہل نے سوچتے ہوئے کہا۔

“چلو اتنے وقت کے لیے تو صبر کیا جا سکتا ہے۔” صوبیہ نے شرارت سے کہتے ہوئے قہقہہ لگایا۔

اور دونوں سہیلیاں کھلکھلاتے ہوئے لان کی طرف بڑھ گئیں جہاں سب دلہن کی راہ دیکھ رہے تھے۔

اور پھر وہ شام مناہل کے یادگار موقعوں میں شامل ہو گئی۔ احسان صاحب نے بے فکری سے بیٹی کے چہرے کو دیکھا جو خوشیوں کی رونق سے جھلملا رہا تھا۔ انہیں نہیں پتا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کو آخری بار مسکراتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

👉 پابندِ سلاسل ناولٹ از بشریٰ ارشاد قسط نمبر 4 پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ہماری ڈائجسٹ – رائٹر ڈیسک

السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!

کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟

اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔

ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:

  • آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
  • اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
  • آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔

اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:

اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

”ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 3 – ہماری ڈائجسٹ“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں