پاکستان زرعی ملک ہے، یہ جملہ ہم نے بچپن سے سنا ہے، کتابوں میں پڑھا ہے، تقریروں میں سنا ہے۔ مگر کبھی ہم نے رک کر یہ نہیں سوچا کہ جس ملک کو زرعی کہا جاتا ہے، اس ملک کا کسان سب سے زیادہ بے حال کیوں ہے؟
جس کے ہاتھ کی محنت سے ہماری روٹی بنتی ہے، وہ خود کیوں بھوکا سوتا ہے؟ جس کے پسینے سے کھیت ہرے بھرے ہوتے ہیں، اس کے اپنے گھر میں خوشحالی کا چراغ کیوں نہیں جلتا؟ یہ سوال صرف کسان کا نہیں، یہ پورے پاکستان کا سوال ہے۔ کیونکہ سچ یہ ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، اور کسان پریشان ہوگا تو پورا ملک پریشان ہوگا۔
ہم کسان کو اکثر ایک سادہ سا آدمی سمجھتے ہیں۔ مٹی میں لپٹا ہوا، دھوپ میں جلا ہوا، پھٹی ہوئی چادر والا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ یہی سادہ سا آدمی اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اگر کسان ایک دن کام چھوڑ دے تو شہروں میں روٹی نہیں ملے گی۔ منڈیاں ویران ہو جائیں گی، دکانیں خالی ہو جائیں گی، فیکٹریوں میں خام مال آنا بند ہو جائے گا۔ شہر کی اونچی عمارتیں کھڑی رہیں گی، مگر ان میں رہنے والے بھوکے ہوں گے۔
قرضوں کے بوجھ اور منڈی کے استحصال کا شکار کسان
ہمارے ہڑپہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور ارد گرد کے علاقوں کو ہی دیکھ لیں۔ یہاں کی زمین سونا اگلتی ہے۔ گندم، کپاس، گنا، مکئی، سبزیاں، ہر نعمت یہیں سے پیدا ہوتی ہے۔ مگر اس سونے کو اگانے والا کسان خود قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ بیج مہنگا، کھاد مہنگی، ڈیزل مہنگا، بجلی مہنگی اور پانی نایاب۔ کسان فصل لگاتا ہے تو قرض لے کر لگاتا ہے، فصل کاٹتا ہے تو ساری کمائی قرض اتارنے میں نکل جاتی ہے، اور اگلی فصل کے لیے پھر وہی قرض، وہی پریشانی۔ یہی اس کی زندگی بن گئی ہے۔
کسان فجر سے پہلے اٹھتا ہے۔ سردی ہو یا گرمی، بارش ہو یا آندھی، وہ کھیت میں ہوتا ہے۔ وہ سارا سال محنت کرتا ہے، مگر اکثر کسان کو یہ شکایت رہتی ہے کہ منڈی میں اسے اس کی فصل کا پورا دام نہیں ملتا اور درمیان میں کئی لوگ منافع لے جاتے ہیں۔ کسان کی محنت کا پورا پھل اس تک نہیں پہنچتا۔ کیا اس سے بڑی ناانصافی کوئی ہو سکتی ہے؟
سرمایہ کاری، بدلتے رویے اور جدید زراعت کی ضرورت
ہمیں بھی اپنے رویے پر غور کرنا ہوگا۔ ہم کسان کا مذاق اڑاتے ہیں، اس کے کپڑوں پر ہنستے ہیں، اس کی سادہ زبان کو حقیر سمجھتے ہیں۔ مگر یاد رکھیں، جس ہاتھ میں ہل ہے، وہی ہاتھ اس ملک کو چلا رہا ہے۔ اگر ہم نے کسان کی عزت نہ کی تو آنے والی نسل کھیتوں سے بھاگ جائے گی۔ آج ہی دیکھ لیں، نوجوان کھیتی چھوڑ کر شہروں کا رخ کر رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کھیتی میں نہ عزت ہے نہ کمائی۔ یہ بہت خطرناک سوچ ہے۔ اگر نوجوان نے کھیت چھوڑ دیا تو کل ہمیں گندم بھی باہر سے منگوانی پڑے گی۔
اب وقت آ گیا ہے کہ کسان کو جدید علم بھی دیا جائے۔ دنیا کا کسان موبائل سے موسم دیکھتا ہے، ڈرون سے اسپرے کرتا ہے، نئی مشینوں سے کم وقت میں زیادہ کام لیتا ہے۔ ہمارا کسان ابھی بھی پرانے طریقوں پر چل رہا ہے۔ اسے تربیت چاہیے۔ اسے بتایا جائے کہ کم پانی سے زیادہ فصل کیسے لیں، زمین کی زرخیزی کیسے بچائیں، اپنی فصل کو براہ راست کیسے بیچیں۔ علم مل جائے تو کسان کسی کا محتاج نہیں رہے گا۔
کسان کے بچوں کی تعلیم اور ملکی خوشحالی کی کنجی
اور سب سے اہم بات کسان کے بچوں کی تعلیم ہے۔ کسان کا بچہ بھی ڈاکٹر، انجینئر، افسر اور صحافی بن سکتا ہے، بس اسے موقع چاہیے۔ گاؤں کے سکول اچھے ہوں، استاد وقت پر آئے، کتابیں وقت پر ملیں۔ اگر کسان کا بچہ پڑھ جائے گا تو وہ اپنے باپ کی قسمت بھی بدلے گا اور اپنے گاؤں کی بھی۔
یعنی جس گھر میں گندم ہو وہ گھر کبھی بھوکا نہیں سوتا۔ آج ہمیں اس بات کو پھر سے یاد کرنا ہوگا۔ پاکستان کی خوشحالی بڑی فیکٹریوں میں نہیں، کسان کے کھیت میں چھپی ہوئی ہے۔ جب کھیت ہرا ہوگا تو ملک ہرا ہوگا۔ جب گاؤں خوشحال ہوگا تو شہر خوشحال ہوگا۔
اس لیے آئیے، آج سے کسان کی عزت کریں، اس کی محنت کو سلام کریں۔ حکومت سے مطالبہ کریں کہ کسان کو سہولتیں دے، اور کسان بھائیوں سے گزارش ہے کہ ہمت نہ ہاریں۔ آپ کا پسینہ اس مٹی میں گرتا ہے، یہی پسینہ اس ملک کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ آپ کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔
اللہ تعالیٰ ہمارے کسانوں کو خوشحال کرے اور ہمارے ملک کو ترقی دے۔ آمین
- Feels like
- 26°C
- Humidity
- 18%
- Wind
- 10 km/h














