پابندِ سلاسل قسط 1 ناولٹ بشریٰ ارشاد ہماری ڈائجسٹ - Paband e Salasil Episode 1

ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد – ہماری ڈائجسٹ

Paband e Salasil Novelette Episode 1 by Bushra Irshad– Hamari Digest

خاص پیشکش • ہماری ڈائجسٹ

ناولٹ: پابندِ سلاسل

مصنفہ: بشریٰ ارشاد  |  پبلشر: ہماری ڈائجسٹ

“ہماری ڈائجسٹ” کے تمام قارئین کے لیے بشریٰ ارشاد کا تحریر کردہ ایک نہایت دلکش، جذبات سے بھرپور اور سسپنس سے لبریز اردو ناولٹ “پابندِ سلاسل” پیشِ خدمت ہے۔

یہ کہانی ہے ایک ایسے موڑ کی جہاں تقدیر کے فیصلے اور انسانی جذبات آپس میں ٹکرا جاتے ہیں۔ تاریک راہوں پر بھٹکتی تنہائی، اچانک بدلتی زندگی کے حادثات، اور ناپسندیدہ رشتوں کی زبردستی… “پابندِ سلاسل” مناہل کے دل پر جمی نفرت اور شاہ ویز خان کی ضدی محبت کی ایک انوکھی داستان ہے۔

کیا وقت کا مرہم ان زخموں کو بھر پائے گا؟ یا نفرت کی یہ دیوار دو زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے تباہ کر دے گی؟ کہانی کا ہر موڑ آپ کو سسپنس اور جذبات کے ایک نئے احساس سے روشناس کرائے گا۔ اگر آپ معیاری اردو ادب، بہترین پلاٹ اور سسپنس سے بھرپور رومانی اردو ناولز کے شائق ہیں، تو یہ ناولٹ آپ کے لیے ایک لازمی انتخاب ہے۔

قسط نمبر 1

جیسے ہی اس کے لاشعور کا تعلق شعور سے جڑا، ایک نہایت بری سڑانڈ اس کے نتھنوں سے ٹکرائی، آنکھوں کو ملتے ہوئے ایک ٹیس سی سارے جسم میں سرایت کر گئی، سارا جسم درد کی شدت سے ٹوٹ رہا تھا۔ آنکھیں کھولنے کے کافی دیر تک بھی جب اس کو کچھ دکھائی نہ دیا تو وہ سمجھ گئی کہ وہ اپنی قبر میں پہنچ چکی ہے۔

اس سوچ نے اس کا دل بٹھا دیا۔ لیکن یہ کیا؟ تنفس تو بحال تھا اور درد کا یہ احساس؟ موت تو ظاہری و باطنی تمام دردوں سے نجات دلا دیتی ہے۔ اس کا مطلب وہ مری نہیں تھی۔ جسم سے اٹھتی تکلیفوں کی لہریں اتنی کرب ناک نہ تھیں جتنا یہ گہرا اندھیرا۔ جواب دیتے حواسوں کے ساتھ وہ حلق کے بل چیخی:

“کوئی ہے؟ مجھے بچاؤ۔”

مدد کے لیے دی گئی اس کی اپنی آواز لوٹ کے اس کے کانوں میں واپس آ گئی۔ لیکن مدد ندارد تھی۔ ذہن ایک بار پھر تاریکی میں ڈوبتا چلا گیا۔

✦ ✦ ✦

گلاب، موتیے اور ایئر فریشنر کی خوشبو سے مہکتے کمرے میں قدم دھرتے ہی شاہ ویز بہت بری طرح ٹھٹکا۔ روم میں فرنیچر چھوڑ کے کوئی چیز بھی سلامت نہ تھی۔ پھولوں کی سجاوٹ پہ اچھا خاصا غصہ نکالا گیا تھا۔ ڈیکوریشن پیسز کے ٹکڑے تمام کمرے میں پھیلے ہوئے تھے۔ جبکہ ڈریسنگ ٹیبل پہ رکھا سارا سامان بھی الٹ پلٹ پڑا تھا۔ جن تازہ گلابوں سے سیج سجائی گئی تھی اب وہ قالین پہ پڑے اپنی نا قدری کا رونا رو رہے تھے۔ وہ جانتا تھا کہ وہ بہت غصے میں ہوگی اور کافی ری ایکٹ بھی کرے گی لیکن اس قدر خراب صورتحال کے بارے میں اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔

ابھی وہ روم کا دروازہ بند کر کے پلٹا ہی تھا کہ وہ اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ واش روم سے نمودار ہوئی۔ ہلکے پستئی لہنگے میں اس کا متناسب سا سراپا کمرے میں الگ ہی ماحول پیدا کر رہا تھا۔

تھکے تھکے قدموں سے چلتے ہوئے مناہل نے اچانک سر اٹھا کے دیکھا تو سامنے اس کو گہری نظروں سے خود کی طرف متوجہ پایا۔ وہ چونک گئی۔ روئی روئی سرخ آنکھیں، مٹا مٹا سا میک اپ، ہیئر اسٹائل سے آزاد الجھے بکھرے بال اور بغیر دوپٹے کے عیاں ہوتی رعنائیاں۔ شاہ ویز نظر ہٹانا ہی بھول چکا تھا۔

شعلہ بار نظروں سے گھورتی وہ اپنا دوپٹہ لینے دو قدم آگے بڑھی اور اچانک پیر میں کانچ لگ جانے سے تڑپ کر وہیں بیٹھ گئی۔ درد کی شدت سے آنسو نکل آئے تھے۔

“کیا ہوا؟ تم ٹھیک تو ہو نا؟”

نرمی سے پوچھتے ہوئے اس نے ہولے سے کندھے کو ہلایا تو وہ اس کے لمس سے کرنٹ کھا کر دو انچ دور ہٹی۔

“خبردار!! ہاتھ مت لگانا مجھے۔ دور رہو مجھ سے۔” مخروتی انگلی اٹھا کر غضبناکی سے وارننگ کی گئی تھی۔

“نہیں تو میڈم کیا کر لیں گی؟” شاہ ویز نے اس کی بے بسی کا گویا مذاق اڑاتے ہوئے پوچھا۔

“میں تماشا لگا لوں گی، ہنگامہ کھڑا کر دوں گی۔” چیختے ہوئے جواب دیا۔

“دیکھیے مسز شاہ ویز خان! دو باتیں آپ آج کی رات جتنی اچھے سے سمجھ جائیں گی اتنا ہی آپ کے حق میں بہتر ہوگا۔ پہلی بات یہ کہ مجھے لڑکیوں کا فضول بحث کرنا بالکل نہیں پسند، اور دوسرا میں جو کہوں اس کو شرافت سے کرنے کی عادت ڈال لیجیے ورنہ میں نے اپنے طریقے آزمائے تو آپ بہت پچھتائیں گی۔”

شاہ ویز نے ہاتھ باندھتے ہوئے انتہائی تحمل سے اسے خبردار کیا۔

“خبردار جو تم نے مجھے مسز شاہ ویز کہا۔ نہیں ہوں میں تمہاری بیوی، سمجھے تم۔” اس نے حقارت آمیز لہجے میں جواب دیا۔

“تو پھر میرے روم میں کیا کر رہی ہو؟ اس حال میں ایک اجنبی مرد کے ایمان کو آزمانے بیٹھی ہوئی ہو کیا؟”

اس نے ہاتھ سینے پہ باندھ کے نہایت اطمینان سے تمسخر اڑانے والے انداز میں کہا تو مناہل کو تو جیسے تیلی ہی لگ گئی۔

شاہ ویز کی بے باک نظروں کے تعاقب میں اپنا حال دیکھ کر وہ مزید سٹپٹا گئی۔ اور جوش میں اٹھ کر بیڈ پر پڑے دوپٹے کی طرف بڑھی لیکن اگلے ہی لمحے وہ دوبارہ زمین پر تھی۔

پیر پہ دباؤ پڑتے ہی تکلیف کی شدت نے اسے واپس بیٹھنے پر مجبور کر دیا تھا۔ اور وہ بے بسی کے اس مقام پہ آ گئی تھی کہ آنسو بار بار نکل آتے اور بار بار ان کو بہانے کا دل کرتا تھا۔ سو اس وقت بھی وہ بے بسی سے سر جھکائے اشک بہانے میں مصروف تھی، جب بھاری جوتوں کی دھمک اس کے قریب آ کر رکی۔ ہاتھ میں فرسٹ ایڈ باکس تھامے وہ دو زانوں ہو کر اس کے نزدیک بیٹھ رہا تھا۔

“دکھاؤ کہاں لگی ہے؟ کانچ زیادہ اندر چلا گیا تو انفیکشن ہو جائے گا، چلو شاباش۔ دکھاؤ پاؤں۔” اس نے حلاوت سے اس کو منایا۔

مرتی کیا نہ کرتی پیر آگے کرنا ہی پڑا جس کو اس نے بہت دھیان سے پکڑ کر اپنے گھٹنوں پہ رکھ لیا اور ڈیٹول سے کاٹن بھگونے لگا۔

“ہاف انچ لمبا کانچ گھسا ہے پاؤں میں، میں نکالنے لگا ہوں، تکلیف ہوگی، برداشت کرنا۔”

اس کے کہنے پہ منہ پہ ہاتھ رکھ کے مناہل نے رخ دوسری طرف پھیر لیا۔

کمال مہارت سے وہ اس کے پیر سے شیشہ نکال چکا تھا اور اب مستعدی سے بینڈیج کر رہا تھا۔ ضبط کرتے کرتے بھی سسکیاں نکل گئی تھیں۔ دل تو چاہ رہا تھا کہ گلا پھاڑ پھاڑ کے روئے، خوب ماتم منائے اپنے ارمانوں کے خاکستر ہو جانے کا، لیکن ضبط کے انگاروں پہ سلگتے ہوئے اپنی روح سمیٹ راکھ ہونے کے علاوہ اس کے پاس کوئی دوسرا چارہ بھی تو نہ تھا۔

فرسٹ ایڈ باکس سائیڈ ٹیبل کی دراز میں رکھ کے وہ اونچا ہو کر سیدھا ہوا، پھر پلٹ کے اس کو دیکھا جو آنسو بہانے میں اب بھی مشغول تھی۔

“کیا ساری رات فرش پہ ہی بیٹھے رہنے کا پروگرام ہے؟ یہیں بیٹھے بیٹھے ماتم منانا ہے تو ابھی بتا دو، میں لائٹس آف کر کے سونے جا رہا ہوں۔”

“میری طرف سے تم بھاڑ میں جاؤ۔” وہ غصے سے زیر لب بڑبڑاتی ہوئی اپنی تمام طاقت لگا کے کھڑی تو ہو گئی، مگر اب قدم بڑھانا محال لگ رہا تھا، لیکن سامنے کھڑے دشمن سے سہارا لینا بھی گوارا نہ تھا سو خود ہی تقریباً گھسٹتے ہوئے چلنا شروع کیا لیکن یہ کوشش محض دو قدم پہ ہی ناکام ہو گئی، وہ گرنے لگی تھی جب شاہ ویز نے تیزی سے بڑھ کر اس کو تھام لیا۔

ابھی وہ اس کا ہاتھ بھی جھٹک نہ پائی تھی کہ وہ اس کو اٹھا کر بیڈ پر بٹھا چکا تھا، مارے شرم و غصے کے اس کا منہ لال ہو گیا، دوپٹہ اٹھا کر کندھوں پہ ڈالتے ہوئے وہ خود کو نارمل کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ بیڈ پہ مناہل کے برابر میں بیٹھنے کی جگہ بناتے ہوئے شاہ ویز نے سائیڈ ٹیبل کی دراز سے ایک وائٹ باکس نکالا اور اس میں سے ایک ٹیبلیٹ نکال کے اس کی طرف بڑھائی۔

“لو۔ پین کلر ہے۔ کھا لو۔ صبح تک تکلیف میں کچھ آرام آ جائے گا۔”

“مجھے۔ نہیں۔ کھانی۔” وہ نفرت آمیز لہجے میں چبا چبا کے بولی تو شاہ ویز نے ٹھنڈی آہ بھر کے مسکراتے ہوئے بولنا شروع کیا۔

“جانِ شاہ ویز!! آپ شاید بھول رہی ہیں کہ کچھ دیر پہلے میں نے آپ کو کیا سمجھایا تھا۔” اس نے محبت سے کہتے ہوئے اس کے رخسار کو سہلایا۔ اس کے اس انداز پہ وہ تپ جائے گی؛ یہ بات وہ جانتا تھا اور جیسے ہی مناہل نے چڑ کے شعلے برسانے کے لیے منہ کھولا، اس نے وہ ٹیبلیٹ اس کے منہ میں ڈال دی اور تیزی سے پانی کا گلاس اس کے لبوں سے لگا دیا۔ اسے مجبوراً گولی نگلنی پڑی۔

وہ اپنا طریقہ آزما چکا تھا اور اب مسکرا رہا تھا۔ مسکراتے ہوئے وہ اور اس کے رخساروں پہ پڑنے والے ڈمپلز دونوں ہی مناہل کو زہر لگ رہے تھے۔

گلاس رکھ کے وہ پلٹا تو وہ نفرت سے لب بھینچے اسی کو گھور رہی تھی۔

“کیا نظر لگانے کا ارادہ ہے۔” وہ ہونٹوں کا کونا دبائے زیر لب مسکراتے ہوئے اسے اچھا خاصہ چڑا گیا۔

“یار!! تم اگر ایسی ہی قاتلانہ محبت پاش نظروں سے مجھے گھورتی رہیں۔ تو میں تمہارے زخم کی پروا کیے بغیر بے ایمان ہو جاؤں گا۔” وہ گھمبیر لہجے میں اس کے سراپے کو جانچتی ہوئی نظروں سے دیکھتے ہوئے بولا۔

“تمہیں میرے زخموں کا احساس کب سے ہو گیا؟ تم شاید بھول رہے ہو کہ مجھے اس حال میں لانے والے بھی تم ہی ہو۔” غصے سے بولتے ہوئے اس کی آواز بھرّا گئی۔

“میں نے تمہارے ساتھ کچھ غلط نہیں کیا، یہ وقت تمہیں خود بتا دے گا۔ جو کچھ ہوا وہ بس ایک غلط فہمی تھی۔ ایک اتفاق تھا۔ اور جہاں تک زخموں کی بات ہے تو وقت سب سے بڑا مرہم ہوتا ہے۔ تم تھوڑا وقت گزرنے دو سارے زخم اپنے آپ ہی بھر جائیں گے۔ میری بیوی بننا تمہارے نصیب میں تھا۔ یہ بات بہت عرصے پہلے ہی ہماری قسمت میں لکھی جا چکی تھی، ورنہ یہی دیکھ لو کہ چار دن پہلے تک تم مجھے جانتی تک نہ تھیں اور اب میرے روم میں میری سیج پہ بیٹھی ہو۔ اور اس قدر قریب ہوتے ہوئے بھی دوریوں کے بندھ باندھ رہی ہو۔” اچھی خاصی بات کرتے کرتے وہ پھر پٹری سے اترنے لگا۔

“ضرور کوئی گناہ ہو گیا ہے مجھ سے اسی کی سزا بھگت رہی ہوں میں۔”

“تمہارے لیے سزا، اور میرے لیے خدا کی خاص عطا۔” اس کا گنگناتا انداز مناہل کو مزید طیش دلا گیا۔

“میں اگر اپنی ناکردہ کی سزا بھگتوں گی تو تم کو بھی تمہارے ظلم کی سزا بھگتنی ہوگی۔” وہ دبے لہجے میں چیخی۔

“ہم آپ کی تمام سزاؤں کے لیے جی جان سے تیار ہیں۔” وہ ایک خاص ادا سے سینے پہ ہاتھ رکھ کے سر جھکا کے اس کے تن بدن میں آگ لگا گیا۔

“کسی پہ مسلط ہونا، اور زبردستی اس کی زندگی میں داخل ہونا کتنا بھیانک ہوتا ہے تمہیں کچھ ہی روز میں پتا لگ جائے گا۔”

وہ نفرت سے کہتے ہوئے پیٹھ گھما کر لیٹ گئی۔ اور وہ ڈائمنڈ نیکلیس کا ریپڈ پیکٹ، جو منہ دکھائی کے لیے خود خرید کے لایا تھا، اس کے سرہانے رکھ کر ایک ٹھنڈی سانس بھرتے ہوئے واش روم کی طرف بڑھ گیا۔

صبح وہ روز کی طرح آٹھ بجے یونیفارم میں نک سک سا تیار ہو کر ناشتے کی ٹیبل پہ موجود تھا۔

“یہ کیا برخوردار!! کل شادی ہوئی ہے اور آج تم کام پہ نکل پڑے.. ارے دلہن کیا سوچے گی۔” حیدر صاحب نے حیران ہوتے ہوئے اس کو ڈائننگ ٹیبل پہ ویلکم کیا۔

“ڈیڈ! اس نے میرے بارے میں کیا سوچنا ہے۔ ویسے بھی وہ مجھے پسند نہیں کرتی، اس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا میرے نہ ہونے سے۔” اس نے جلدی جلدی اپنی پلیٹ میں آملیٹ نکالتے ہوئے کہا۔

“پر بیٹا! تمہارا اس طرح کا رویہ تو اسے مزید بدظن کر دے گا۔ وہ جن حالات میں تھی اس کے اثرات سے تم ہی اسے باہر لا سکتے ہو۔ شوہر ہو تم اس کے۔” انہوں نے جیسے اس کو یاد دلایا۔

“ڈیڈ ہماری شادی جن حالات میں ہوئی ہے وہ آپ کے سامنے ہیں۔ ایسے میں میں اس سے ایک دم دوستی تو نہیں کر سکتا۔ میری نرمی سے کہی ہوئی بات بھی اس کو غصہ دلا دیتی ہے۔ ایسے میں میں جس قدر دور رہوں اتنا ہی اچھا ہے۔” اس نے آخری نوالہ منہ میں رکھتے ہوئے کہا۔

“میں جانتا ہوں تم دونوں کی ازدواجی زندگی بہت عجیب حالات میں شروع ہوئی ہے۔ پر تم اس سے دور رہ کر حالات پہ کبھی قابو نہیں پا سکتے۔ اس کو رسان سے سمجھاؤ۔ اسے تمہاری توجہ اور محبت کی ضرورت ہے۔ اب ویسے بھی اس کا تم سے زیادہ قریبی رشتہ اور کوئی نہیں ہے۔” وہ کہتے ہوئے دوبارہ ناشتے کی طرف متوجہ ہو گئے۔

“ٹھیک ہے ڈیڈ! میں کوشش کروں گا۔” اس نے پُر سوچ انداز میں کہا۔

“اچھا یار ناشتہ تو ڈھنگ سے کرو۔” وہ بولے۔

“بس ڈیڈ! آج ذرا جلدی میں ہوں۔ آج ڈی۔آئی۔جی کے آفس بھی جانا ہے اور ایک دو مزید اہم کام بھی ہیں۔ لنچ تک گھر آ جاؤں گا۔” اس نے اپنی ٹائمنگز بتائیں۔

“اچھا وہ میں نے ہمارے قریبی رشتے داروں کو تین دن بعد کا انویٹیشن دے دیا ہے۔ تمہیں کوئی مسئلہ تو نہیں ہے نا؟”

“کس چیز کا انویٹیشن؟”

“ابے گدھے۔۔۔ شادی کی ہے تو لوگوں میں اناؤنس نہیں کرو گے کیا؟ ولیمے کی دعوت پہ بلایا ہے۔ تمہیں بھی اگر کسی دوست احباب کو بلانا ہو تو بلا لینا۔ میں نے قریبی بینکویٹ بک کرا لیا ہے۔”

“جیسے آپ کی مرضی ڈیڈ۔” وہ نیپکن سے منہ پونچھتا کھڑا ہوا اور پھر معمول کی طرح ان کو خدا حافظ کہتے ہوئے باہر جانے لگا پھر کچھ یاد آتے ہوئے پلٹا اور رضیہ کو پکارا۔

“جی صاحب جی!” رضیہ چراغ کے جن کی طرح حاضر ہوئی۔

“جو بھی کام کر رہی ہو اسے چھوڑ کر فوراً کمرے میں جاؤ اور کمرے کی حالت بالکل درست کر دو۔ دلہن سمیت۔”

آخری الفاظ اس نے ذرا مدھم آواز میں کہے، وہ نفاست پسند انسان تھا اور خود سے منسلک ہر چیز کو ترتیب میں دیکھنے کا خواہشمند۔

✦ ✦ ✦

شاہ ویز نے آفس جاتے ہوئے رستے سے مٹھائی لی اور آفس جاتے ہی اچانک ہونے والی شادی کو اناؤنس کرتے ہوئے سب اسٹاف کا منہ میٹھا کروایا۔

“بھابھی کیسی ہیں اب؟” یہ اس کا سب سے قریبی دوست فراز تھا۔

“تو تھا تو کل نکاح میں۔ جانتا تو ہے سب۔ وہ کیسی ہو سکتی ہیں۔” اس نے اپنے نیو کیس کی فائل دراز میں ڈال کر لاک کی۔

“دیکھ یار میں میریڈ ہونے کے ناطے تجھے یہی ایڈوائس کروں گا کہ ابھی ان کو ٹائم دے۔ وہ آہستہ آہستہ ہی نارمل ہوں گی۔ تجھے بڑی عقلمندی سے اس رشتے کو رائٹ ٹریک پہ لانا ہے۔”

“ہاں۔۔ جانتا ہوں۔ میں تو خود۔” اس کی بات کو بجنے والے فون نے کاٹا۔

بات کر کے پلٹا تو فراز منتظر تھا۔

“جہانگیر صاحب کے پی۔اے کا فون تھا کچھ امپورٹنٹ ڈسکس کرنا ہے۔ ہم دونوں کو بلایا ہے۔”

دو گھنٹے بعد وہ میٹنگ اٹینڈ کر کے کانفرنس روم سے باہر آئے تو کافی پریشان تھے۔ ایک مافیا جس کا کام ایلیٹ کلاس کے لوگوں اور اسپیشلی عورتوں کو کڈنیپ کر کے تاوان کے طور پہ بھاری رقم وصولنا تھا، کا کیس شاہ ویز اور فراز کے پاس آیا تھا۔ پچھلے کچھ عرصے میں جس طرح ان کی ٹیم اپنی جان پہ کھیل کر کیسز حل کرتی رہی تھی تو اس وجہ سے ان سے توقع بھی زیادہ تھی لہٰذا ڈی۔آئی۔جی صاحب نے یہ کیس اسپیشلی ان دونوں کو دیا تھا۔ وہ دونوں اس کیس پہ مسلسل پورا دن بات کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے رہے پھر شاہ ویز ایک بجتے ہی لنچ کے لیے گھر روانہ ہو گیا۔

✦ ✦ ✦

کمرے میں قدم رکھتے ہی اس کی آئی بروز تن گئیں۔ کمرہ جوں کا توں تھا البتہ مناہل نارمل کپڑوں میں راکنگ چیئر پہ اس کی طرف پیٹھ کیے بیٹھی تھی۔

وہ وہیں سے پلٹ کر رضیہ کی کلاس لینے کچن چلا گیا۔

“صاحب جی! دلہن بی بی نے تو کمرے میں گھسنے ہی نہیں دیا۔ بے عزتی کر کے نکال دیا کہ اگر اندر آئی تو تمہارا منہ توڑ دوں گی۔”

وہ روہانسی ہو کر بولی جبکہ شاہ ویز شدید طیش کے عالم میں مناہل کے سر پہ جا پہنچا۔

“تم نے رضیہ کو روم میں آنے سے منع کیوں کیا؟” وہ اپنے غصے کو کنٹرول کر کے پوچھ رہا تھا۔ جبکہ وہ سابقہ پوزیشن ہی میں بیٹھی تھی۔

“میں کچھ پوچھ رہا ہوں۔” جواب ندارد تھا۔

“بہری ہو گئی ہو؟ سنائی نہیں دیتا؟”

اس نے انتہائی درشتگی سے اسے بازو سے پکڑ کر کھڑا کیا۔ بدلے میں وہ “میں کہہ رہی ہوں، مجھے ہاتھ مت لگاؤ” کہتی ہوئی پھنکارتی ہوئی اس پہ جھپٹ پڑی اور ناخن سے اسے نوچنے کی کوشش کرنے لگی۔

وہ اپنے بچاؤ کے لیے اس کا وحشی پن روکنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن جیسے ہی مناہل کے ناخنوں نے اس کی گردن پر خراش ڈالی، وہ اپنا غصہ کنٹرول نہ کر سکا اور ایک دم اس کا ہاتھ اٹھ گیا۔

“چٹاخ”

وہ اس کے بھاری ہاتھ سے تھپڑ کھا کے کھڑے قد سے زمین پہ جا گری۔

“میں نے کہا تھا کوئی تماشا نہیں۔ تم اپنی حد میں رہنا سیکھو۔” وہ اس کے سر پہ گرجا۔

“حد تو تم نے پار کی ہے۔ اور حد مجھے سمجھا رہے ہو۔ زندگی برباد کر دی تم نے میری۔ مجھ سے میرے اپنوں کو چھین لیا۔ مجھے اکیلا کر دیا تم نے۔ سارے زمانے میں رسوا کر دیا مجھے۔” وہ چہرے پہ ہونے والی جلن کی تکلیف کا احساس نظر انداز کرتے ہوئے روتے ہوئے بولی۔

“اگر میں نے تمہیں رسوا کیا ہے تو پوری عزت سے اپنایا بھی ہے۔”

اس کا لال دہکتا ہوا گال شاہ ویز کو اگلے ہی پل شرمندہ کر گیا۔ اس نے کبھی عورت ذات پہ ہاتھ نہیں اٹھایا تھا۔ وہ پیچھے ہو کے صوفے پر گرنے کے سے انداز میں بیٹھ گیا۔ سر کو ہاتھوں میں گراتے ہوئے وہ نہایت نرمی سے بولا:

“دیکھو مناہل میں تمہیں کل رات ہی اپنی صفائی پیش کر چکا ہوں۔ جو کچھ ہوا وہ اتفاق تھا۔ میں نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا۔ تم اس رشتے کو موقعہ تو دو۔”

“اپنے گناہ کو اتفاق کا نام مت دو۔ تمہاری ہزار صفائیاں بھی میرے دل پہ جمی نفرت کی سیاہی کو مٹا نہیں سکتیں۔” وہ کہتے ہوئے واش روم کی طرف بڑھ گئی، اس سے اپنے آنسو روکنا محال ہو گئے تھے۔

شاہ ویز نے ایک گہری سانس خارج کرتے ہوئے رضیہ کو آواز لگائی۔ ریپڈ باکس ابھی بھی بیڈ کے کنارے پڑا تھا۔ اس نے ہونٹ بھینچ کر سر جھٹک دیا۔

آنے والے دنوں کی بے ترتیب آہٹیں وہ ابھی سے محسوس کر رہا تھا۔

شادی کو آج تیسرا دن تھا اور ان دونوں کے بیچ کی خاموشی کو بھی۔ مناہل نے شاہ ویز کے آفس جاتے ہی روم سے باہر قدم نکالا۔ اس کا بے حد دل کر رہا تھا پھوپھو جان سے بات کرنے کا۔ سیل فون نہ ہونے کی وجہ سے اسے لاؤنج میں پڑے لینڈ لائن کو یوز کرنا پڑ رہا تھا وہ گھر میں موجود کسی بھی چہرے کا سامنا نہیں کرنا چاہتی تھی۔

بار بار ٹرائی کرنے کے بعد بھی پھوپھو کا نمبر بند ملا تو وہ مایوسی سے وہیں سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

“ارے مناہل بیٹی! آپ یہاں کیا کر رہی ہیں؟”

پرشفیق آواز پہ اس نے سر اٹھا کر دیکھا۔ حیدر صاحب مسکراتے ہوئے اس کے سامنے کاؤچ پہ بیٹھ رہے تھے۔

“میں اپنی پھوپھو جان کو کال کر رہی تھی۔ لیکن وہ ریسیو ہی نہیں کر رہیں۔” اس نے کھوئے کھوئے لہجے میں جواب دیا۔

“ارے پر کیوں؟”

“وہ مجھ سے نفرت کرتی ہیں۔” اس نے روتے ہوئے جواب دیا۔

“دیکھو بیٹی! وہ تمہاری ماں جیسی ہیں۔ ان کے دل میں شاید تھوڑا غصہ ہو لیکن نفرت نہیں ہو سکتی۔ اور ان سارے معاملے میں تمہارا تو ویسے بھی قصور کوئی نہیں۔ جو کچھ ہوا وہ شاہ ویز سے ہوا ہے۔ وہ بھی غلطی سے۔”

“صحیح کہا آپ نے۔ آپ کا بیٹا ہی ذمہ دار ہے میری تباہی کا۔ اسی کی وجہ سے آج میں اس حال میں ہوں۔ اور میں اس کو کبھی معاف نہیں کروں گی اس کے فعل کے لیے۔ یہ سن لیں آپ۔”

حیدر صاحب اس کا منہ دیکھ کر رہ گئے پھر رسانیت سے گویا ہوئے:

“دیکھو بیٹا اللہ فرماتا ہے کہ کسی سے غلطی ہو جائے تو اس کو معاف کر دو۔ خاص کر جب وہ انسان شرمندہ بھی ہو۔ ضروری نہیں کہ ہر غلطی کی سزا بھی دی جائے۔ آج آپ اسے درگزر کر دو۔ پھر دیکھو وہ کتنا اچھا شوہر ثابت ہوگا۔”

“معاف کر دوں؟ کن کن باتوں کے لیے۔ مجھے اتنی تکلیف پہنچانے کے لیے، اپنوں سے دور کرنے کے لیے، مجھے ان کی نظروں میں گرانے کے لیے، یا زبردستی میری زندگی میں داخل ہونے کے لیے۔ بتائیں کتنا معاف کروں؟ اور کہاں تک معاف کروں؟”

وہ کربناکی سے ان کی طرف دیکھ کر بولی۔ اور پھر جواب نہ پا کر پاؤں پٹخ کر سیڑھیاں چڑھتی اپنے روم میں چلی گئی۔ حیدر صاحب کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ شاہ ویز کو اس کی نظروں میں کیسے معتبر کریں۔

👉پابندِ سلاسل ناولٹ از بشریٰ ارشاد قسط نمبر2 پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ہماری ڈائجسٹ – رائٹر ڈیسک

السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!

کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟

اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔

ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:

  • آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
  • اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
  • آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔

اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:

اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

3 تبصرے ”ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد – ہماری ڈائجسٹ“

اپنا تبصرہ بھیجیں