مہنگائی اور روٹی کے موضوع پر طارق بلال لیل کا معاشرتی کالم

مہنگائی اور روٹی: کاغذی اعداد و شمار اور غریب کی تھالی کا سچ | طارق بلال لیل

از قلم: طارق بلال لیل

سرکاری کاغذوں میں مہنگائی کم ہو گئی ہے۔ اخباروں میں خبر آئی ہے کہ افراط زر کی شرح 9.6 فیصد پر آ گئی ہے۔ ٹی وی پر بیٹھے ماہرین کہہ رہے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، ڈالر مستحکم ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے۔

مگر ذرا ہڑپہ کی منڈی میں جا کر کسی غریب مزدور سے پوچھیں، اس کی روٹی مہنگی ہوئی ہے یا سستی؟ وہ آپ کو بتائے گا کہ مرغی 600 روپے کلو سے اوپر ہے، گائے کا گوشت 1400 روپے کلو کو چھو رہا ہے، گھی 277 روپے لیٹر اور دال چنا، دال مسور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ چینی، آٹا، دودھ، سبزی، ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔

یہ کیسی مہنگائی میں کمی ہے جس کا فائدہ صرف ٹی وی کی خبروں تک ہے، عام آدمی کی جیب تک نہیں پہنچا؟ یہ کیسی ترقی ہے جس کا مزہ صرف بڑے شہروں کے بڑے لوگوں کو آ رہا ہے، چھوٹے شہروں کے غریب کو نہیں؟

میں کل ایک دکاندار سے بات کر رہا تھا، اس نے کہا طارق صاحب پہلے گاہک آ کر ایک کلو گھی مانگتا تھا، اب پاؤ مانگتا ہے۔ پہلے بچے کے لیے ایک کلو مرغی لے جاتا تھا، اب آدھا کلو لے کر شرمندہ سا ہو کر کہتا ہے، پانی زیادہ ڈال لینا۔ پہلے لوگ مہینے کا سودا اکٹھا لیتے تھے، اب روز کا سودا بھی ادھار پر لے رہے ہیں۔

یہ ہے ہمارے ملک کی اصل تصویر۔ یہ وہ تصویر ہے جو سرکاری رپورٹوں میں نظر نہیں آتی۔

آئی ایم ایف کہتا ہے پیٹرولیم لیوی 27 روپے تک بڑھاؤ، سبسڈی ختم کرو۔ حکومت مان جاتی ہے۔ مگر جب غریب کہتا ہے کہ میری تنخواہ بڑھاؤ، میرے بچے کی فیس کم کرو، میری دوائی سستی کرو، تو کہا جاتا ہے خزانہ خالی ہے۔

سوال یہ ہے کہ خزانہ غریب کے لیے ہی کیوں خالی ہوتا ہے؟ بڑے بڑے لوگوں کے لیے، بڑی بڑی گاڑیوں کے لیے، بڑے بڑے پروٹوکول کے لیے خزانہ کبھی خالی نہیں ہوتا۔ جب اشرافیہ کی مراعات کی باری آتی ہے تو پیسہ ہی پیسہ ہے، جب غریب کی روٹی کی باری آتی ہے تو خزانہ خالی ہے۔

ایک مزدور جو سارا دن اینٹیں اٹھاتا ہے، وہ شام کو 1000 روپے لے کر گھر جاتا ہے۔ اس نے آٹا بھی لینا ہے، سبزی بھی لینی ہے، بچوں کی کتاب بھی لینی ہے، ماں کی دوائی بھی لینی ہے، بجلی کا بل بھی دینا ہے، گھر کا کرایہ بھی دینا ہے۔ آپ مجھے بتائیں، وہ 1000 روپے میں کیا کیا کرے گا؟ وہ بچوں کو کھانا کھلائے گا یا ان کو پڑھائے گا؟ وہ ماں کی دوائی لے گا یا بیوی کے لیے آٹا لے گا؟

ہم نے ترقی کا مطلب صرف سڑکیں، پل اور بڑی عمارتیں سمجھ لیا ہے۔ ترقی کا اصل مطلب یہ ہے کہ غریب آدمی کو رات کو بھوکے پیٹ نہ سونا پڑے۔ ترقی کا مطلب یہ ہے کہ ایک مزدور کا بچہ بھی اچھے سکول میں پڑھ سکے۔ ترقی کا مطلب یہ ہے کہ بیمار ماں کو ہسپتال میں دوائی کے لیے ذلیل نہ ہونا پڑے۔

اگر سرکاری اعداد و شمار درست ہیں تو پھر بازار میں چیزیں سستی کیوں نہیں؟ اس کا مطلب ہے کہ مسئلہ کہیں اور ہے۔ ذخیرہ اندوز بیچ میں بیٹھا ہے، مڈل مین بیچ میں بیٹھا ہے، منافع خور بیچ میں بیٹھا ہے، اور پس رہا ہے تو صرف غریب پس رہا ہے۔

میں حکومت سے یہ نہیں کہتا کہ آپ جادو کی چھڑی گھمائیں۔ میں صرف یہ کہتا ہوں کہ ذرا ہڑپہ، ساہیوال، چیچہ وطنی جیسے چھوٹے شہروں کی منڈیوں میں بھی چکر لگائیں۔ وہاں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو بھیجیں۔ وہاں دیکھیں کہ ایک غریب کیسے جی رہا ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ غریب کے لیے سستے بازار لگائے، یوٹیلیٹی سٹوروں پر واقعی سستی چیزیں دے، مزدور کی کم از کم تنخواہ مہنگائی کے حساب سے بڑھائے، اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ صرف اعلان سے کام نہیں چلے گا، عمل سے چلے گا۔

ہمیں ایک دوسرے کا خیال بھی رکھنا ہوگا۔ اگر ہمارے محلے میں کوئی غریب بھوکا سو رہا ہے تو اس کا گناہ ہم سب پر ہے۔ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ وہ شخص مومن نہیں جو خود پیٹ بھر کر سوئے اور اس کا پڑوسی بھوکا ہو۔

خدارا! مہنگائی کو صرف فائلوں میں کم نہ کریں، اسے غریب کی تھالی میں بھی کم کریں۔ کیونکہ غریب کی آہ کبھی خالی نہیں جاتی۔

اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پر رحم فرمائے اور ہمارے حکمرانوں کو غریب کا درد سمجھنے کی توفیق دے۔ آمین

نیوز لیٹر میں شمولیت اختیار کریں

روزانہ تازہ ترین خبریں براہ راست اپنے ای میل میں حاصل کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں