خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ کتاب کا تبصرہ از ظفر اقبال ظفر - ہماری ڈائجسٹ

خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ – سیرت النبی ﷺ اور تبرکات پر مبنی کتاب | ہماری ڈائجسٹ

تبصرہ: کتاب خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ | ظفر اقبال ظفر — ہماری ڈائجسٹ
تبصرہ و تعارفِ کتاب سیرت و تبرکات • ہماری ڈائجسٹ
سیرتِ طیبہ اور تبرکات پر خصوصی تبصرہ

تبصرہ: کتاب “خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ”

مصنفہ: فائزہ بنت معراج دین
تبصرہ نگار: ظفر اقبال ظفر

کتاب “خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ” کائنات کی جس محبوب ہستی سے منسوب ہے اُنہی کی صورت وسیرت کی خوشبودار عکاسی پر مبنی ہے۔

مصنفہ فائزہ بنت معراج دین نے جس طرح اس کتاب میں خود کو چھپایا اور سرکار دوعالم ﷺ کو دکھایا، میں بھی اسی انداز کو پیش کرنا چاہوں گا۔

یہ تبصرہ درحقیقت انہی حوالوں اور شہادتوں کا تذکرہ ہے جو فائزہ بنت معراج دین نے ایمان و محبت کی راہوں پہ چلتے ہوئے ساڑھے چودہ سو سال پیچھے جا کر جمع کیں۔

سیرتِ طیبہ اور تبرکات کا ایمان افروز تذکرہ

کتاب “خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ” کی تالیف فائزہ بنت معراج دین نے کی ہے۔

اس میں حضور نبی کریم ﷺ کے جسدِ اطہر، اعضائے مبارکہ، عرقِ مطہر اور مدینہ طیبہ کی بے مثال خوشبو نیز آپ ﷺ کے حسن و جمال اور حلیہ مبارک کا ایمان افروز تذکرہ شامل ہے۔

جسمِ اطہر کی قدرتی خوشبو میں پسینہ مبارک، گیسو، دستِ اقدس، لعابِ دہن اور قدمین شریفین کی معطر خصوصیات نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ مدینہ منورہ کی مٹی، فضا، سحر کی مہک اور قبرِ انور کی خوشبو کا ذکر بھی اس کتاب کا خاصہ ہے۔

حسن و جمال (حلیہ مبارک اور تبرکات) کے تحت سراپائے اقدس کی تفاصیل جیسے چہرہ انور، چشمِ مقدس، ابرو، ریش مبارک، قد و قامت اور اعتدالِ اعضاء کا محدثانہ بیان ملتا ہے۔

یہ کتاب احادیثِ مبارکہ، سیرت کی معتبر کتب (مثلاً مدارج النبوۃ، الشفا، المواہب اللدنیہ، السبل والہدٰی) اور جلیل القدر محدثین و ائمہ کے اقوال کی روشنی میں تالیف کی گئی ہے، جس میں امام احمد رضا خان اور دیگر شعراء کے نعت و عقیدت سے لبریز اشعار کا حسین امتزاج قاری کے دل میں حبِ رسول ﷺ کا شوق اجاگر کرتا ہے۔

مدینہ منورہ کے اسماء اور مٹی کی خاص خوشبو

مدینہ منورہ کو طابہ، طیبہ، طائبہ اور مطیّبہ جیسے مقدس ناموں سے یاد کیا جاتا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس شہر کی پاکیزہ اور طیب خوشبو ہے۔

علامہ ابن بطال کے مطابق جو شخص اس شہر میں رہتا ہے، وہ اس کے در و دیوار اور کوچہ و بازار سے حسین خوشبو محسوس کرتا ہے۔

علامہ شبلی فرماتے ہیں کہ مدینہ طیبہ کی مٹی میں ایک ایسی خاص خوشبو پائی جاتی ہے جو دنیا کی کسی اور چیز میں نہیں ملتی۔

مدینہ منورہ کی فضا میں مشک اور دیگر قدرتی خوشبوئیں مہکتی رہتی ہیں، خصوصاً سحر کے وقت اس کا احساس زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔

سیدنا انس رضی اللہ عنہ اور سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ مدینہ منورہ کے جس راستے سے بھی گزر جاتے، تو لوگ وہاں پھیلی پیاری خوشبو اور مہک سے فوراً پہچان لیتے کہ یہاں سے رسول اللہ ﷺ کا گزر ہوا ہے۔

وصالِ ظاہری کے بعد سیدۃ النساء حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا قبرِ انور پر حاضر ہوئیں اور قبرِ مطہر کی مٹی مبارک کو اٹھا کر اپنی آنکھوں سے لگایا، اور تاریخی شعر پڑھا کہ جس شخص نے احمد مجتبیٰ ﷺ کی قبرِ انور کی مٹی سونگھ لی ہو، وہ کسی اور خوشبو کا محتاج نہیں رہتا۔

پسینہ مبارک اور دستِ اقدس کی معطر خصوصیات

حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے پسینہ مبارک کی خوشبو عمدہ مشک و کستوری سے بھی زیادہ لطیف اور معطر تھی۔

ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپ ﷺ کے پسینہ مبارک کی مہک مشکِ اذفر سے بھی زیادہ عمدہ اور پیاری ہوتی تھی۔

روایات کے مطابق آپ ﷺ کے چہرہ مبارک پر پسینے کے قطرات خوبصورت درخشندہ موتیوں کی طرح دکھائی دیتے تھے۔

عام انسانی طبیعت کے برعکس، حضور اکرم ﷺ کا پسینہ مبارک انتہائی طاہر اور خوشبودار تھا۔

ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا دستِ مبارک خوشبو لگائے بغیر بھی عطار کے ہاتھ کی طرح ہمہ وقت معطر رہتا تھا۔

کتاب “خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ” درحقیقت خوشبو کی وہ شیشی ہے جو ہر اُمتی کے گھر میں ہونی چاہیے۔
تبصرہ نگار: ظفر اقبال ظفر • مصنفہ: فائزہ بنت معراج دین • ہماری ڈائجسٹ

👉 نومبر 2026 کا شمارہ آن لائن پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

“!جانیے کون ہیں ہماری ڈائجسٹ کے نومبر 2026 کے بہترین افسانہ نگار، جن کی قلمی کاوش نے سب کو متاثر کیا”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں