عائشہ تحریم
حصہ اول
تجسس انسانی فطرت کا حصہ ہے۔ جب ایک بچہ بڑا ہو رہا ہوتا ہے تو وہ ہر وہ کام کرنا چاہتا ہے جو اپنے اردگرد دیکھتا ہے۔ وہ آگ کو ہاتھ لگانا چاہتا ہے، چھری کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے۔
مگر بڑے اسے ہر اس کام سے روکتے ہیں جو اسے نقصان دے سکتا ہے۔ اس سے بچے کے ذہن میں کئی سوالات جنم لیتے ہیں کہ میں یہ کام کیوں نہیں کر سکتا، وغیرہ وغیرہ؟ تاریخ انہی سوالوں کے جواب دیتی ہے۔
کیا کبھی آپ نے یہ سوچا کہ بڑوں کو کیسے پتہ ہوتا ہے کہ یہ چیز نقصان دہ ہے؟ جی بالکل، انہوں نے اپنے تجربے سے سیکھا ہوتا ہے۔
اور وہ نہیں چاہتے کہ بچہ بھی وہ نقصان اٹھائے جو انہوں نے اٹھایا۔
ایک ذہین انسان اپنے تجربے سے سیکھتا ہے جب کہ ایک عقلمند انسان دوسروں کے تجربے سے سیکھتا ہے۔
جی، تاریخ ہمیں یہی سکھ دیتی ہے، دوسروں کے تجربے سے آگاہی دیتی ہے کہ کوئی چیز غلط ہے تو کیوں ہے؟
ماضی میں کی گئی غلطیوں کو دہرانے سے بچنے میں تاریخ ہماری مدد کرتی ہے۔
کسی نے کہا تھا کہ ہمیں اپنے بڑوں کو سننا چاہیے کیونکہ وہ ہماری عمر سے گزر چکے ہوتے ہیں، انہیں پتہ ہوتا ہے کہ اس عمر میں کیا مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
میں نہیں کہتی کہ بڑے ہمیشہ صحیح ہوتے ہیں لیکن میرا بھی ماننا یہی ہے کہ ہمیں ایک بار ضرور انہیں سن لینا چاہیے۔
اور پھر فیصلہ کرنا چاہیے کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ اس طرح ہم صحیح اور غلط راستے میں انتخاب کر پائیں گے۔
اگر آپ تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اس سے پہلے تاریخ پڑھیں اور اس سے سیکھیں۔
جی، پہلے میرا بھی یہی خیال تھا کہ تاریخ بورنگ ہے۔ تاریخ بورنگ نہیں ہے، ہم نے اسے بورنگ بنا دیا ہے۔
ہم تاریخوں، واقعوں اور جنگوں کے نام رٹ لینے کو تاریخ قرار دے دیتے ہیں۔
مگر حقیقت میں تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ کوئی واقعہ کیوں پیش آیا؟ آج ہمارے اردگرد جو ہو رہا ہے وہ کیوں ہو رہا ہے؟ اس کے پیچھے کی داستان یا حقیقت کیا ہے؟
تاریخ پڑھے بغیر ہم یہ تو جان سکتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا ایک دوسرے کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں مگر یہ نہیں کہ اس کے پیچھے کی داستان کیا ہے؟
کون قصوروار ہے؟ انگریز کا اس میں کیا کردار ہے؟ اور کشمیر کو لے کر دونوں میں کیا مسئلہ ہے؟
تاریخ پڑھے بغیر ہمیں کیسے معلوم ہوتا کہ بنگلہ دیش کبھی پاکستان کا حصہ ہوا کرتا تھا؟
تاریخ پڑھے بغیر ہمیں یہ تو معلوم ہو سکتا ہے کہ دنیا میں کتنی ریاستیں ہیں مگر یہ نہیں کہ وہ وجود میں کیسے آئیں؟
کسی بھی چیز کو گہرائی سے سمجھنے اور اس کے پیچھے کی داستاں معلوم کرنے کے لیے تاریخ پڑھنا ضروری ہے۔
کسی انسان کو جب تک آپ نہیں جانتے، آپ کا اس کو لے کر نظریہ مختلف ہوتا ہے مگر اسے جاننے کے بعد وہ نظریہ بدل جاتا ہے۔
اسی طرح ہمارا کسی بھی چیز کو دیکھنے کا انداز بالکل بدل جاتا ہے جب ہمیں اس کی تاریخ کا پتہ چلتا ہے۔
تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ہمارے اردگرد جو مسائل ہیں وہ نئے نہیں ہیں، یہ صدیوں سے چلتے آ رہے ہیں۔
ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ان مسائل کا حل کیوں نہیں نکل سکا۔ اور ان مسائل کا حل نکالنے کے لیے بھی تاریخ کا پتہ ہونا ضروری ہے۔
ایک قوم جو اپنے ماضی کو بھلا دیتی ہے کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ماضی کبھی بھی پیچھا نہیں چھوڑتا۔
فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ نے اپنا ماضی ساتھ لے کر چلنا ہے یا اس سے ڈر کر بھاگتے رہنا ہے۔
عقلمند شخص وہ نہیں جو اپنے ماضی کو بھلا کر آگے بڑھ جائے بلکہ وہ ہے جو اپنے ماضی سے سیکھے۔
ایک قوم کی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے کہ اس کے حکمران پچھلے حکمرانوں کی غلطیوں سے سیکھیں۔
اور پھر وہ کام کریں جو قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔
ایک شخص جو سخت محنت کرتا ہے، اپنے اردگرد موجود چیزوں پر سوال اٹھاتا ہے لیکن تاریخ نہیں پڑھتا، وہ صرف اپنے اور دوسروں کے وقت کا ضیاع کرتا ہے۔
کیونکہ ایسے سوالات اس سے پہلے آنے والے لوگ کر چکے ہیں۔ ان میں سے کئی سوالوں کے تو جواب بھی ڈھونڈ چکے ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اب نئے سوالات کے جواب ڈھونڈے جائیں، نہ کہ پرانوں پر وقت ضائع کیا جائے۔
ایک شخص جو تاریخ پڑھتا ہے، وہ ہر چیز کو الگ نظریے سے دیکھتا ہے۔ وہ سوچتا ہے کہ ایسا کیا تھا جو اس کے آباؤ اجداد نے غلط کیا، ایسا کیا ہے جو اسے نہیں کرنا اور جو کرنا ہے۔
زندگی ایک انجان راستے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ تاریخ ہمیں اس راہ میں صحیح قدم اٹھانے میں مدد دیتی ہے۔
تبدیلی قدرت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہر شے بدلتی رہتی ہے مگر انسان کی فطرت وہی رہتی ہے۔
ہم کتابوں میں پڑھتے ہیں کہ اچھائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے، برائی کو ہمیشہ شکست ہوتی ہے مگر تاریخ بتاتی ہے کہ ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔ جیت ہمیشہ اس کی ہوتی ہے جس کے پاس طاقت ہوتی ہے۔
ایک عام انسان ایک امیدوار کے ان جھانسوں میں آ سکتا ہے جو وہ الیکشن سے پہلے ووٹ لینے کے لیے دیتا ہے۔ مگر ایک تاریخ جاننے والا شخص جانتا ہے کہ ایسے جھانسے ہر امیدوار شروع سے الیکشن سے پہلے دیتا آ رہا ہے۔
ایک عام انسان سوچ سکتا ہے کہ امریکہ پاگلوں والی حرکتیں کر رہا ہے مگر ایک تاریخ جاننے والا شخص جانتا ہے کہ کوئی بھی سپر پاور اپنی طاقت بچانے کے لیے ایسی ہی حرکتیں کرے گی۔



















