Musiqi Ka Dirakhshanda Aftab Nusrat Fateh Ali Khan Article by Sagheer Jafri - Hamari Digest

موسیقی کا درخشندہ آفتاب: استاد نصرت فتح علی خان – ہماری ڈائجسٹ

Musiqi Ka Dirakhshanda Aftab Nusrat Fateh Ali Khan Article by Sagheer Jafri - Hamari Digest

تحریر: صغیرجعفری

موسیقی کا کوئی مذہب، قومیت اور زبان نہیں ہوتی اور یہ جغرافیائی حدود سے ماورا ہوتی ہے۔

روح جب تڑپتی ہے تو سُر خود بخود کائنات کا رقص و طواف کرنے لگتے ہیں۔ ایک ایسی ہی بے قرار روح کی آواز، سُر، تال اور ردھم پر سوار ہو کر ساری دنیا میں پھیل گئی۔ فیصل آباد سے اٹھی یہ آواز استاد نصرت فتح علی خان صاحب کی تھی! استاد نصرت فتح علی خان کی زندگی موسیقی، صوفیانہ رنگ اور انتھک محنت کی ایک ایسی لازوال داستان ہے جس نے قوالی کو گلی کوچوں سے اٹھا کر بین الاقوامی اسٹیج تک پہنچا دیا۔ واشنگٹن پوسٹ نے انہیں خراجِ عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے سرورق پر یہ الفاظ لکھے

A great legendary personality – Nusrat Fateh Ali Khan

A bridge between people and God

ان کی زندگی کے چند ایسے پہلو ہیں جو کسی بھی پڑھنے والے کے دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں:

۱۔ خاندانی روایت اور والد کی خواہش

نصرت صاحب ۱۳ اکتوبر ۱۹۴۸ء کو فیصل آباد (لائل پور) میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق قوالی کے ایک مشہور اور قدیم گھرانے سے تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے والد، استاد فتح علی خان، جو خود بہت بڑے قوال تھے، نہیں چاہتے تھے کہ نصرت صاحب قوال بنیں۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا ڈاکٹر یا انجینئر بنے، کیونکہ اس زمانے میں قوالی کو وہ مقام اور عزت نہیں ملتی تھی جس کے وہ حقدار تھے۔ لیکن نصرت صاحب کے دل میں موسیقی رچی بسی تھی، اور بالآخر ان کے والد نے ان کا شوق دیکھ کر انہیں سکھانا شروع کیا۔

۲۔ خواب اور پہلی پرفارمنس

جب نصرت صاحب محض ۱۶ برس کے تھے، تو ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ والد کی وفات کے کچھ دن بعد، نصرت صاحب نے خواب میں دیکھا کہ ان کے والد انہیں گانا سکھا رہے ہیں اور انہوں نے نصرت صاحب کو گانے کا حکم دیا۔ اس خواب کے بعد، اپنے والد کے چہلم پر، نصرت صاحب نے اپنی زندگی کی پہلی عوامی پرفارمنس دی، اور وہیں سے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

۳۔ قوالی میں انقلاب، فیوژن اور عالمی شہرت

۱۹۷۱ء میں اپنے چچا مبارک علی خان کی وفات کے بعد، نصرت صاحب نے اپنے قوالی گروپ کی کمان سنبھالی اور اس میں بنیادی تبدیلیاں کیں۔ ہارمونیم پر ان کے چھوٹے بھائی استاد فرخ فتح علی خان (استاد راحت فتح علی خان کے والد) کا انتخاب کیا، جو بلا شبہ ہارمونیم سے سُر بکھیرنے والے لیجنڈ تھے۔

دوسری سائیڈ پر ہارمونیم بجانے والے استاد بھاگ علی خان تھے، جن کا تعلق شام چوراسی گھرانے سے تھا اور وہ ہمارے علاقے تھانہ احمد یار، عارف والا کی شان تھے۔ طبلے میں سنگت کے لیے استاد دلدار حسین خان کا انتخاب کیا۔ اس طرح انہوں نے بہترین امتزاج (Combination) کے ساتھ اپنی پارٹی میں سُر، تال اور موسیقی سے ہم آہنگ کرنے کے بعد قوالی پیش کرنے کا اہتمام کیا۔

انہوں نے روایتی صوفیانہ کلام کو ایک نیا رنگ دیا:

  • رفتار اور جوش: انہوں نے قوالی کی رفتار (Tempo) کو تھوڑا تیز کیا تاکہ نوجوان نسل بھی اس کی طرف راغب ہو۔
  • عالمی سفر: انہوں نے مغربی موسیقاروں جیسے پیٹر گیبریل اور مائیکل بروک کے ساتھ کام کیا۔ “دم مست قلندر” اور “اللہ ہو” جیسے کلام جب مغربی دنیا نے سنے، تو وہ زبان نہ سمجھنے کے باوجود جھومنے پر مجبور ہو گئے۔ مغربی میڈیا نے انہیں “دی وائس آف ہیون” (آسمانی آواز) کا خطاب دیا۔

جاپان میں نصرت فتح علی خان کو ایک دیوتا کی حیثیت حاصل تھی؛ جاپانی انہیں بدھا کی تعلیمات کو موسیقی کے انداز میں پیش کرنے والا مہان گلوکار سمجھتے تھے۔

۴۔ سُروں کے لیے لازوال محبت اور وفات

نصرت صاحب کی زندگی کا سب سے اثر انگیز پہلو ان کی اپنی لگن تھی۔ وہ گھنٹوں، بلکہ پیاسے رہ کر دن رات ریاض کرتے تھے۔ ان کا وزن اور صحت گرتی رہی، لیکن انہوں نے سُروں سے رشتہ نہیں توڑا۔ وہ اکثر کہتے تھے کہ:

“جب میں قوالی گاتا ہوں، تو مجھے اپنے جسم کا ہوش نہیں رہتا، میں کسی اور دنیا میں ہوتا ہوں۔”

۱۶ اگست ۱۹۹۷ء کو محض ۴۸ سال کی عمر میں یہ درویش صفت آواز دنیا سے رخصت ہو گئی، لیکن وہ دنیا کو ایک ایسا سحر دے گئے جو آج بھی اتنا ہی تازہ ہے جتنا ۳۰ سال پہلے تھا۔

اگر آپ کو یہ تحریر پسند آئی ہے تو صغیرجعفری کے دیگر منتخب کالمز اور تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنکس پر کلک کریں:

👉 شکرگزاری: نعمتوں کی قدر اور شکر کا عملی طریقہ از صغیرجعفری پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

👉 آزادی نعمتِ عظمیٰ ہے از صغیرجعفری – مکمل کالم پڑھیں

👉 اردو زبان و املا کی درستگی اور غلط العام الفاظ | صغیر جعفری – خصوصی تحریر

👉 اندھی عقیدت اور اس کے اثرات از صغیرجعفری – پڑھنے کے لیے کلک کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں