مثبت تبدیلی کے عنوان سے اسلامی مضمون کی تصویر جس میں کھلا ہوا قرآن مجید، تسبیح اور پر سکون روشنی دکھائی گئی ہے

مثبت تبدیلی: رزق پر توکل، سچی توبہ اور قرآن کا پیغام

Positive Change: Trust in Rizq, True Repentance & Quranic Message | Hamari Digest

مثبت تبدیلی — رزق، توبہ اور قرآن کی روشنی | Positive Change
اصلاحِ نفس اور قرآنی پیغام

مثبت تبدیلی

Positive Change — Rizq, Repentance & The Light of Quran

اس قحط الرجال و النساء اور مادی دور میں حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے حصولِ رزق کے لیے ہم ہمہ وقت مصروفِ عمل رہتے ہیں، مگر پھر بھی تالیفِ قلب نہیں کر پاتے اور رزق کے حصول کے لیے مزید تگ و دو میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ حالانکہ ہر ذی روح کے رزق کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے، مگر اس رزق کے حصول کے لیے کوشش کرنا ضروری ہے:

وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَىٰ
انسان جس قدر کوشش کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کوشش کے حساب سے اس کا صلہ دیتے ہیں۔ (سورۃ النجم: 39)

مشہور عالمِ دین اصمعی رحمہ اللہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جا رہے تھے کہ راستے میں ایک ڈاکو نے ان کا راستہ روک لیا اور پوچھا:

ڈاکو: ’’رکو! تم کون ہو؟‘‘

اصمعی: ’’میں حج ادا کرنے جا رہا ہوں۔‘‘

ڈاکو نے انہیں لوٹنے کی نیت سے پوچھا تاکہ اس کی مالی حالت کا پتا چل جائے: ’’تم کیا کام کرتے ہو؟‘‘

اصمعی: ’’میں مسلمانوں کے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم دیتا ہوں۔‘‘

ڈاکو: ’’تو پھر مجھے بھی قرآن کی کچھ آیات سناؤ۔‘‘

اصمعی نے پہلے سورۃ ھود کی یہ آیت سنائی:

وَمَا مِن دَابَّةٍ فِي الْأَرْضِ إِلَّا عَلَى اللَّهِ رِزْقُهَا
اور زمین پر چلنے والے ہر جاندار کا رزق اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے۔ (سورۃ ھود: 6)

اصمعی نے پھر یہ آیت تلاوت کی:

وَفِي السَّمَاءِ رِزْقُكُمْ وَمَا تُوعَدُونَ
’’اور آسمان ہی میں تمہارا رزق ہے اور وہ بھی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے۔‘‘ (سورۃ الذاریات: 22)

ڈاکو: ’’کیا واقعی یہ آیات قرآن میں موجود ہیں؟‘‘

اصمعی: ’’بلا شک یہ آیات قرآن مجید میں ہیں۔‘‘

جب اسے یقین ہو گیا تو اس نے اپنا خنجر اور چھری زمین پر پھینک دی اور بے اختیار پکار اٹھا:

’’میرا رزق تو اللہ کے ذمہ ہے اور میرا رزق آسمانوں میں طے کر دیا گیا ہے، مگر میں اسی رزق کو حاصل کرنے کے لیے زمین پر اس ذات کی نافرمانی کرتا پھر رہا ہوں جو مجھے رزق عطا کرتی ہے! اللہ کی قسم! اے میرے رب، اب میں کبھی تیری نافرمانی نہیں کروں گا۔‘‘

اصمعی اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے بیت اللہ پہنچ گئے۔ ایک رات وہ خانہ کعبہ کا طواف کر رہے تھے کہ ان کی نظر ایک شخص پر پڑی جو کعبے کے ایک کونے کے قریب کھڑا زار و قطار رو رہا تھا اور نہایت درد بھرے انداز میں اپنے رب سے عرض کر رہا تھا:

’’اے میرے رب! کیا تو نے میری توبہ قبول فرما لی ہے کہ میں خود کو مبارک باد دوں؟ یا تو نے میری توبہ رد کر دی ہے کہ پھر میں کس طرح اپنے آپ کو تسلی دوں؟ میں تیرے دروازے پر کھڑا ہوں اور تیری ہی پناہ اور بخشش کا طلب گار ہوں۔ اے میرے مالک! مجھے اپنے در سے خالی ہاتھ نہ لوٹانا۔‘‘

اس شخص کی اپنے رب کے حضور عاجزی، سوز و گداز اور سچی تڑپ دیکھ کر اصمعی کا دل متاثر ہوا۔ وہ اس کے قریب گئے اور پوچھا:

اصمعی: ’’کیا تم وہی ڈاکو ہو؟‘‘

وہ شخص: ’’جی ہاں۔‘‘

پھر اس نے پوچھا: ’’کیا آپ ہی وہ ہیں جنہوں نے مجھے یہ آیات سنائی تھیں: کہ ہر جاندار کا رزق اللہ کے ذمہ ہے، اور آسمان ہی میں تمہارا رزق ہے اور وہ بھی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے؟‘‘

اصمعی: ’’ہاں، میں ہی تھا۔‘‘

وہ شخص: ’’مہربانی کرکے مجھے ایک بار پھر وہ آیات سنائیں۔‘‘

اصمعی نے اس مرتبہ ان دو آیات کے ساتھ یہ آیت تلاوت کی:

فَوَرَبِّ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ إِنَّهُ لَحَقٌّ مِّثْلَ مَا أَنَّكُمْ تَنطِقُونَ
’’پس آسمان اور زمین کے رب کی قسم! یہ بات بالکل سچ ہے، بالکل اسی طرح جیسے تم بات کرتے ہو۔‘‘ (سورۃ الذاریات: 23)

یہ آیت سنتے ہی توبہ کرنے والے اس شخص نے حیرت اور عقیدت سے کہا:

’’آخر کس نے اس ربِ ذوالجلال کو ناراض کر دیا کہ اسے اپنی بات کی سچائی ثابت کرنے کے لیے قسم اٹھانا پڑی؟‘‘

یہ الفاظ کہنے کے کچھ ہی لمحوں بعد وہ بے قرار ہوا اور اس کی روح اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی۔ بعد ازاں اصمعی نے اسے خواب میں دیکھا تو پوچھا:

اصمعی: ’’اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے بعد تمہارے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا؟‘‘

اس نے جواب دیا:

إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ كَانَتْ لَهُمْ جَنَّاتُ الْفِرْدَوْسِ نُزُلًا
’’بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال کرتے رہے، ان کی مہمانی کے لیے فردوس کے باغ ہوں گے۔‘‘ (سورۃ الکہف: 107)

تدبرِ قرآن اور عملی زندگی

کبھی کبھی قرآن کی ایک آیت انسان کی پوری زندگی کا رخ بدل دیتی ہے۔ جس دل کو دنیا کی کوئی نصیحت نہیں بدل پاتی، اسے اللہ کا ایک کلام جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے اور مثبت تبدیلی لازماً لاتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق — جیسا کہ سورۃ النساء (82) میں فرمایا گیا: «أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ» اور سورۃ الانعام (50) میں: «أَفَلَا تَتَفَكَّرُونَ» — قرآن مجید کو غور و فکر کے ساتھ پڑھنے کے بعد اس پر عمل بھی کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کو صرف پڑھنے والا نہیں، بلکہ اسے سمجھ کر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے والا بھی بنائیں۔ اگر قرآن مجید کی تعلیمات کا کما حقہ ہماری زندگیوں پر عمل دخل ہو جائے تو ہم یقینی طور پر اس دنیا میں اور ان شاء اللہ آخرت میں بھی مثبت تبدیلی کے بعد فلاح پائیں گے۔ ان شاء اللہ۔

تحریر: صغیر جعفری
تمام جملہ حقوق بحقِ مصنف محفوظ ہیں۔

قارئین کی آواز

اس تحریر پر آپ کی کیا رائے ہے؟

کیا آپ مصنف کے خیالات سے متفق ہیں؟

نیچے دیے گئے بٹن کے ذریعے یا براہِ راست ای میل پر اپنی قیمتی رائے ضرور ارسال کریں—آپ کے منتخب تبصرے ہمارے اگلے ماہانہ شمارے کا حصہ بن سکتے ہیں!

منتخب رائے اگلے ماہانہ شمارے میں شائع کی جائے گی

ای میل پر رائے بھیجیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں