
تحریر: صغیر جعفری
الہ آباد میں مشاعرہ اپنے عروج پر تھا؛ شعراء اپنا کلام لحنِ داؤدی کے ساتھ سنا کر داد سمیٹ رہے تھے۔ عامیانہ سا کلام—جو شعری تقاضوں کے مطابق بھی نہیں تھا—بڑے وقار اور طمانیت سے شعراء پیش کر رہے تھے، اور بدذوق سامعین بھی اسی طرح بھونڈے انداز میں بآوازِ بلند داد دے رہے تھے۔ ایسے میں فراق گورکھپوری ایسی صورتحال میں تلملا کر اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔
خدا خدا کرکے حضرت فراق گورکھپوری کی باری آئی، تو مائک سنبھالتے ہی آپ نے کہا:
”اب تک آپ بے تکی شاعری قوالوں سے سن رہے تھے، اب صحیح شاعری اصل شاعر کی زبانی سنئیے۔“
مجمع میں سکوت چھا گیا اور فراق نے تحت اللفظ شاعری سنا کر مشاعرہ لوٹ لیا۔
معذرت کے ساتھ گزارش ہے کہ آج کل بھی اکثر سامعین میں وہ ذوقِ سلیم نہیں جس سے اچھی شاعری اور تک بندی میں امتیاز کیا جا سکے۔
آج کے اس نفسانفسی کے دور میں، اردو شاعری کے نام پر جو کچھ کھلم کھلا پیش کیا جا رہا ہے، وہ محض ایک تشویشناک صورتِ حال نہیں بلکہ ہماری علمی و ادبی حسیت و حیثیت کا شدید ماتم ہے۔ بات کسی ایک فردِ واحد کی مقبولیت کی نہیں، نہ ہی کسی کے ذاتی ذوق و پسند پر پابندی لگانے کی ہے؛ اصل روح فرسا سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے شاعری کے بلند و بالا معیار، زبان کی نزاکت، خیال کی ناپید گہرائی اور فن کی بنیادی شرائط کو محض وقتی شہرت اور سستی داد و تحسین کی قربان گاہ پر ذبح کر دیا ہے؟
سوشل میڈیا کی موجوں پر تیرتے ہوئے عام سے نام، شہرت کی بلندیوں پر پرواز کر رہے ہیں۔ یہ تلخ سوال ہر جگہ سر اٹھاتا ہے کہ آخر ہم نے ظاہری مقبولیت اور حقیقی ادبی معیار کو ایک ہی ترازو میں تولنا کیوں شروع کر دیا ہے؟ کسی شاعر کے جلسے جلوس، مشاعروں میں گونجتی تالیاں، چاہنے والوں کا ہجوم یا ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر وائرل ویڈیوز کا طوفان—ان میں سے کوئی بھی چیز کلام کی علمی اور فنی قدر و قیمت کی ضامن نہیں ہو سکتی۔ شاعری کا فیصلہ ہجوم کی جذباتی تالیوں سے نہیں، بلکہ فن کی کسوٹی اور عروض کی میزان پر ہوتا ہے۔
شاعر ہونا محض چند سنسنی خیز، چونکا دینے والے یا جذبات کو گرمانے والے جملے بول دینے کا نام نہیں۔ شاعری تو زبان کی تہذیب، الفاظ کا مقدس انتخاب، احساس کی سچائی، استعاروں کی نزاکت اور فنی ضبط کا وہ حسین امتزاج ہے جو عام بول چال کو شاہکار میں بدل دیتا ہے۔
ہر بلند آواز میں پڑھا گیا فقرہ گہرا نہیں ہوتا، ہر جذباتی جملہ شعر نہیں بنتا، اور جو مصرع سامعین سے فوری داد وصول کر لے، وہ لازماً ادب کا شاہکار نہیں کہلا سکتا۔ کبھی کبھی ایک خاموش، سادہ اور سنجیدہ شعر میں وہ روحانی گہرائی اور فکر کی وسعت ہوتی ہے جو بلند آہنگ الفاظ کے پورے کے پورے مجموعے میں بھی پیدا نہیں ہو سکتی۔
بڑے افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے معاشرے میں ادبی تنقید کی جگہ اندھی شخصیت پرستی نے لے لی ہے۔ اگر کسی شاعر کے ساتھ وائرل شہرت کا لیبل لگ جائے، تو اس کے کلام پر سوال اٹھانا گویا اس کی ذات پر حملہ اور گناہِ کبیرہ سمجھ لیا جاتا ہے۔ حالانکہ ادب کی دنیا میں سوال اٹھانا بے ادبی نہیں، بلکہ زندہ شعور کی دلیل ہے۔ شاعر کی شخصیت کا احترام سر آنکھوں پر، مگر اس کے نقائص سے بھرپور کلام کو تنقید سے بالاتر مان لینا اردو زبان اور اس کے شاندار ماضی کے ساتھ سراسر خیانت و بددیانتی ہے۔
ہمیں یہ کڑوا سچ قبول کرنا ہوگا کہ شاعری سے محبت کرنا اور ہر مقبول کلام کو اعلیٰ ادب مان لینا دو بالکل مختلف راستے ہیں۔ اگر ہم یونہی ہر عام فقرے کو شعر، ہر سطحی جذبے کو تخلیق اور ہر وائرل شخص کو بڑا شاعر مانتے رہے، تو ہم آنے والی نسلوں کو ادب سکھانے کی جگہ ان سے ادبی ذوق بھی چھین لیں گے۔
اردو شاعری کی روایت میر، فراق، غالب، اقبال، فیض، جوش، جون، مجید امجد، منیر نیازی اور فراز کے خونِ جگر سے سینچی گئی ایک وسیع اور گہری جھیل ہے۔ اس میں لفظ کی حرمت بھی ہے اور خیال کی جادوگری بھی۔ اس عظمت کو سمجھنے کے لیے چند وائرل اشعار یا ویڈیو کلپس کافی نہیں؛ اس کے لیے کلاسیکی روایت، غزل کی ساخت، عروض کے قوانین اور تنقیدی شعور کا ہونا لازمی ہے۔
یہ کسی شاعر کے خلاف بغاوت یا اسے رد کرنے کی مہم نہیں، بلکہ اپنے مردہ ہوتے ہوئے ادبی ذوق کو بیدار کرنے کی ایک تڑپ ہے۔ اگر کسی کا کلام ناقص ہے تو دلیل کے ساتھ بات کیجیے، فنی کمزوری کو مثالوں سے واشگاف کیجیے۔ مگر خدارا! صرف شہرت کو معیارِ ادب نہ بنائیے۔
پاکستانی قارئین اور سامعین کو آج اپنے گریبان میں جھانک کر خود سے یہ سوال پوچھنا ہوگا: کیا ہم سچی شاعری سن رہے ہیں، یا صرف ایسے عارضی جملوں پر محظوظ ہو رہے ہیں جو چند لمحوں کی سنسنی کے بعد ہوا میں تحلیل ہو جاتے ہیں؟
شاعری صرف تالیاں سمیٹنے کی کاوش نہیں، یہ زبان اور احساس کی بھاری ذمہ داری ہے۔ ادب کو زندہ رکھنے کے لیے ہمیں شخصیات کی پرستش چھوڑ کر کلام کو پڑھنا ہوگا، شور کے بجائے معنی کی تہہ میں اترنا ہوگا؛ کیونکہ ہر وہ شخص جو شعر کہتا ہے ضروری نہیں کہ شاعرِ اعظم ہو، اور ہر وہ بات جو داد سمیٹ لے ضروری نہیں کہ ادب کے آسمان پر روشن ستارہ بن سکے۔ اردو شاعری کو اندھی عقیدت نہیں، بلکہ ایک باشعور قاری اور دیانت دار تنقید کی ضرورت ہے۔ صغیر جعفری اپنی اس تلخ نوائی کے لیے صدقِ دل سے معذرت خواہ ہے۔













