Paband e Salasil Novelette Episode 4 by Bushra Irshad – Hamari Digest پابندِ سلاسل قسط 4

ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 4 – ہماری ڈائجسٹ

Paband e Salasil Novelette Episode 4 by Bushra Irshad– Hamari Digest

سلسلہ وار ناولٹ • ہماری ڈائجسٹ

ناولٹ: پابندِ سلاسل

مصنفہ: بشریٰ ارشاد  |  پبلشر: ہماری ڈائجسٹ
قسط نمبر (04)

بارش کیا۔ اچھا خاصا طوفان تھا۔

وہ طوفان تو تھم گیا لیکن مناہل کی زندگی میں آنے والی آزمائشوں کے طوفان اس کی زندگی کو اپنے گھیرے میں لے چکے تھے۔

باہر طوفان کے بعد کے آثار لان میں اجڑے درختوں اور پیڑوں کی شکل میں نظر آ رہے تھے۔ پر ایک طوفان اس کے اندر بھی آیا ہوا تھا۔ اسے لگ رہا تھا وہ خود بھی انہی تند مند درختوں کی طرح سوکھ چکی ہے۔

اس کی زندگی کی رمق، اس کے بابا اس کو چھوڑ کے جا چکے تھے۔ ٹھیک اس کی منگنی کے اگلے دن۔ اس کی سب سے اہم خوشی منا کے، بغیر کسی کو کچھ بتائے، کوئی نصیحت کیے بغیر، اچانک سے، چپکے سے، اس کو روتا بلکتا چھوڑ کر۔

کتنا کچھ کہنا تھا اسے بابا کو، کتنا پیار جتانا تھا، وہ کچھ بھی نہ کر سکی سوائے ماتم منانے کے، اور ماتم بھی کب تک مناتی، آزمائش دینے والے خدا نے صبر بھی دے دیا تھا، ایک مہینہ ہو چکا تھا اب وہ پاگلوں کی طرح راتوں کو اٹھ کر چیخ چیخ کر بابا کو پکارا نہیں کرتی تھی، لیکن رونے میں ابھی بھی کوئی کمی نہیں آئی تھی۔

بجلی زور سے کڑکی اور بادل زور سے گرجے۔ اور ایک بار پھر سے طوفانی بارش پوری قوت کے ساتھ برسنا شروع ہو گئی۔ مناہل نے برستی آنکھوں کے ساتھ آگے بڑھ کر کھڑکی بند کر کے پردے گرا دیے۔ کمرے میں یک لخت اندھیرا ہو گیا۔

سکینہ بیگم ناک کیے بغیر ہی روم میں داخل ہوئیں اور اندھیرے سے گھبرا کے پردے ہٹا دیے۔

“اتنا حبس ہو رہا ہے۔ اوپر سے تم نے اندھیرا بھی کر لیا۔”

کہتے ہوئے انہوں نے آنکھوں پہ ہاتھ رکھ کے لیٹی مناہل کو ہلایا تو وہ بہت بری طرح چونک گئی بلکہ ڈر گئی کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔

بابا کے جانے کے بعد اس کا دل بہت کمزور ہو گیا تھا۔ اس کی ہرنی جیسی آنکھوں میں وحشت نے مستقل ڈیرے ڈال لیے تھے۔

“کیا ہوا بیٹا، ڈر کیوں گئی؟ میں ہوں تمہاری پھوپھو جان۔ بچے چلو شاباش اٹھ کے منہ دھو کے تیار ہو کر نیچے آ جاؤ۔ سعدین آیا ہے اپنے پیرنٹس کے ساتھ۔”

نہ دل میں منگیتر کے آنے کی کوئی ہلچل ہوئی نہ ہی شوقِ دیدار نے سر اٹھایا۔ وہ التجائیہ لہجے میں بولی:

“میرا دل نہیں کر رہا کسی کو فیس کرنے کا۔ آپ ان سے بول دیں نا پلیز کہ میں سو رہی ہوں۔”

“نہیں بیٹا۔ باقی مہمانوں کی حد تک تو ٹھیک تھا۔ میں نے خود تم کو کسی سے ملنے نہیں دیا۔ لیکن بیٹا یہ تمہارے سسرال کا معاملہ ہے، آ جاؤ بیٹا شاباش، جلدی سے تیار ہو کر، سب انتظار کر رہے ہیں،” وہ اسے پچکارتے ہوئے چلی گئیں۔

اسے تیاری کیا کرنی تھی۔ دو دن سے شکن آلود لباس اتار کر نیا ہینگ جوڑا زیب تن کیا اور منہ دھو کر سر پہ دوپٹہ لے کر روم سے باہر آ گئی۔

“السلام علیکم۔” ڈرائنگ روم میں آ کر سلام کیا گیا۔ سب کے سر اٹھے لیکن وہ سر جھکا کر پھوپھو جان ہی کے برابر میں بیٹھی رہی۔

“کیسی ہو بیٹا؟” مسٹر آفندی کے پوچھنے پہ محض سر ہلا کے خیریت بتائی۔

“دیکھو بیٹا ہم جانتے ہیں کہ آپ اپنے بابا سے بہت اٹیچ تھیں۔ لیکن اب جو ہو گیا اس کو مان کے آگے بڑھ جانے میں ہی بھلائی ہے۔ خود کو سنبھالو۔” دنیاوی لہجہ اپناتے ہوئے دو بول تسلی کے جھاڑ کے ساس صاحبہ پھوپھو جان کی طرف متوجہ ہو گئیں۔

“سکینہ بہن۔ نیکسٹ منتھ سعدین جاپان جا رہا ہے۔ ماشاء اللہ وہاں اس کی جاب ہے۔”

“یہ تو بہت اچھی بات ہے۔ اللہ مزید نصیب کھولے۔”

“جی۔ آمین۔ لیکن وہ تین سال کے بعد واپس آئے گا۔ تو کیا بہتر نہیں ہوگا کہ ہم سادگی سے مناہل کی رخصتی لے لیں ویسے بھی بھائی صاحب کے انتقال کی وجہ سے کوئی شور ہنگامہ تو کر نہیں سکتے۔ دوسرا ٹائم بھی کم ہی ہے سنڈے آنے میں پھر کیا کہتی ہیں آپ؟”

“جیسا آپ کہیں۔ مناہل آپ کی ہی بیٹی ہے۔” مناہل نے فوراً سر اوپر کیا:

“لیکن میں یہ شادی نہیں کر سکتی I AM SORRY۔” وہ دو ٹوک لہجے میں کہتی وہاں سے تیزی سے چلی گئی۔

“سکینہ بہن۔ یہ۔۔ یہ۔۔ ایک دم منہ پہ ہی انکار کر گئی آپ کی بھتیجی تو۔” مسز آفندی حیران ہوتے ہوئے ناک چڑھا کے بولیں۔

“دیکھیں وہ ابھی۔ میں۔۔ ایک منٹ ذرا۔۔۔۔” وہ ہکلاتے ہوئے اٹھ کے جانے لگیں۔

“ایک منٹ آنٹی۔ آپ کی اجازت ہو تو میں خود بات کرنا چاہوں گا۔ میں چاہتا ہوں ہمارے درمیان اعتماد کا رشتہ سب رشتوں سے پہلے استوار ہو جائے۔” سعدین نے جھجکتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا جسے سکینہ بیگم نے خوشدلی سے مان لیا۔

دروازہ پہلی دستک ہی پہ کھل چکا تھا۔ مناہل اس کو اپنے سامنے دیکھ کے پریشان ہو گئی۔

“زیادہ ٹائم نہیں لوں گا آپ کا۔ کیا میں اندر آ جاؤں؟” مناہل نے ایک سائیڈ ہو کے جگہ دی۔

“تو پھر اجازت ہے؟” مناہل نے نگاہیں اٹھا کے اسے دیکھا جو لبوں پہ دوستانہ مسکراہٹ سجائے اسی کو دیکھ رہا تھا۔

“آپ کو جو کہنا ہے، پلیز جلدی کہیے۔” مناہل نے سنجیدگی سے کہا۔

“دیکھیں! میں نیکسٹ منتھ باہر جا رہا ہوں، میری خواہش تو تھی کہ نکاح ہو جاتا، تاکہ آپ کے پیپرز وغیرہ بنوانے میں آسانی ہو جاتی، لیکن آپ اس کے لیے ذہنی طور پہ تیار نہیں، میں آپ کی ذہنی کیفیت سمجھ سکتا ہوں۔ اسی لیے بہت کوشش کر کے اگلے تین مہینے میں واپس آنے کی کوشش کروں گا۔ کیا آپ تب تک کے لیے نکاح کر سکتی ہیں؟”

“کیوں نہیں۔ یہ تو بہت اچھا آئیڈیا ہے۔” صوبیہ دروازے سے بولی۔

“ارے سالی صاحبہ آپ کی نہیں، آپ کی دوست کی رضامندی چاہیے۔” وہ مسکراتے ہوئے بولا۔

“میں اپنی دوست کو جانتی ہوں، آپ ہاں سمجھیے بس۔” وہ ہاتھ باندھ کے مسکراتے ہوئے بولی۔

“ویسے مناہل آپ میرے ساتھ پہ خوش تو ہیں؟” وہ پوچھ رہا تھا اور مناہل جو اس کی موجودگی میں صوبیہ کو گالیاں نہ سنانے پہ پیچ و تاب کھا رہی تھی اس کا سوال سن کر گھبرا گئی۔

“پتہ نہیں۔” اسے سمجھ نہیں آیا کیا کہے۔

سعدین کی مسکراہٹ غائب ہو گئی، پھر دوبارہ مسکراتے ہوئے کہا:

“ٹھیک ہے جناب! اگلی دفعہ ملوں تو پتہ کر کے رکھیے گا۔ میں پوچھوں گا ضرور، اللہ حافظ۔”

“خدا حافظ۔” ذرا کی ذرا نظر اٹھا کے جواب دیا اور پھر زمین کو گھورنے لگی۔

“سارے جواب مل جائیں گے سعدین بھائی۔ آپ فکر مت کیجیے۔” صوبیہ نے مسکرا کے کہا تو سعدین نے مسکراتے ہوئے رخصت چاہی اور نیچے بیٹھی سبھی نفوس کو خوشخبری سنا دی۔

پھوپھو مطمئن ہو گئی تھیں۔

مہمانوں کو سی آف کر کے صوبیہ نے واپس آ کر مناہل پہ چڑھائی کی۔

“وہ کوئی ایرے غیرے نتھو خیرے نہیں تھے، آپ کے منگیتر تھے۔ اور تم نے کتنا روڈلی بیہیو کیا ان کے ساتھ۔ کیا واقعی تم خوش نہیں ہو؟”

“پتہ نہیں صوبیہ۔ مجھے لگ رہا ہے میں شدید قسم کے احساسِ جرم میں مبتلا ہوں۔ ابھی بابا کو مجھ سے بچھڑے عرصہ ہی کتنا ہوا ہے، اور میں اتنا جلدی ان کو بھلا کے زندگی کی رنگینیوں میں گم ہو جاؤ؟ سعدین ایک اچھے انسان ہیں ان کے ساتھ پہ یقیناً میں خوش ہوں لیکن میں شادی نہیں کرنا چاہ رہی فی الحال دل و دماغ کی کشمکش کے آگے ہار رہی ہوں میں۔”

“۔۔ میں پھوپھو جان سے بولتی ہوں تمہیں کسی اچھے سائیکاٹرسٹ کو دکھائیں۔ تمہارے پاگل پن کا علاج میرے پاس تو نہیں۔” وہ جو روتے ہوئے صوبیہ کے منہ سے تسلی کے دو بول سننا چاہ رہی تھی، حیران ہو کے اس کا منہ تکنے لگی۔

“تم فضول قسم کے کنفیوژن کا شکار ہو رہی ہو مناہل؛ خدا تمہارے دامن میں خوشیاں ڈالنا چاہ رہا ہے اور تم خود اپنے دامن میں چھید کر رہی ہو۔ تم یہ کیوں سوچ رہی ہو کہ انکل کے بعد اگر تم دوبارہ زندگی کو جینے لگو گی تو اس کا مطلب ہوگا کہ تم نے ان کو بھلا دیا۔ پلیز مناہل اپنے سوچنے کا انداز بدلو، ورنہ سچی میں نفسیاتی مریضہ بن جاؤ گی تم۔” صوبیہ نے آج اس کے ساتھ ہمدردی جتانے کے بجائے ڈپٹ کر سمجھانا ضروری سمجھا۔

“بالکل صحیح کہا صوبیہ بیٹی نے۔ اسے خدا کی عطا کردہ خوشیاں شکریے کے ساتھ وصول کرنی چاہیے۔” پھوپھو جان بھی دروازے سے آتے ہوئے صوبیہ کی ہم نوا ہوئیں۔

“میرا خوشی منانے کا دل نہیں کرتا پھوپھو جان۔ بابا کے بعد جینے کا دل نہیں کرتا۔ کاش خودکشی حرام نہ ہوتی۔” وہ افسردگی سے گویا ہوئی۔

“استغفراللہ! یہ بھی کوئی سوچنے کی باتیں ہوئیں؟ تمہارے مرحوم ابا تک ان سوچوں کی رسائی ہو گئی تو ذرا سوچو وہ کتنا تڑپیں گے اس جہاں میں؟” پھوپھو نے ڈانٹ لگائی۔

“میں نے کہا تھا نا پھوپھو یہ پاگل ہو گئی ہے۔ دیکھ لیجیے اب۔ اس کی فٹافٹ شادی کر دیں ورنہ یہ بالکل پاگل ہو جائے گی۔” صوبیہ نے گھورتے ہوئے کہا۔

“اچھا نا۔ یونہی کہہ رہی تھی۔ اب چپ بھی کر جاؤ تم صوبیہ کی بچی۔”

“ایک شرط پہ، پہلے تم اچھی سی چائے بناؤ۔ خود بھی پیو، اور ہم سب کو بھی پلاؤ۔” صوبیہ کی فرمائش پہ وہ پھیکی سی ہنسی ہنس کے منہ دھونے واش روم کی طرف بڑھ گئی۔

زندگی اگر ایک ناول ہوتی تو شاید یہیں دی اینڈ ہو جاتا لیکن یہ اصل زندگی تھی جس میں ابھی مناہل کے لیے بہت آزمائشیں آنی باقی تھیں۔

✦ ✦ ✦

کمرے کی کھڑکی میں کھڑی وہ دور آسمانوں کی وسعتوں کو کھوج رہی تھی۔

تاروں کی جالی اوڑھے اس وسیع آسمان کو خالی الذہنی سے سوچتے ہوئے اسے مسلسل بابا ہی کا خیال آ رہا تھا۔

“کیا تھا اگر آج بابا بھی ساتھ ہوتے۔ خدا بھی کیا خوب انصاف کرتا ہے میرے ساتھ۔ بچپن میں ماں کی ممتا نصیب نہ ہوئی اور اب جب میں نئی زندگی میں قدم رکھنے جا رہی ہوں تو باپ کا مان بھی نصیب سے خارج ہو چکا ہے۔”

اس نے بے دردی سے سرخ ہوتی آنکھوں کو پونچھتے ہوئے سوچا۔

رات کی تنہائی میں جب لب خاموش ہوتے ہیں تو دل بولتا ہے؟ اور جب دل بولتا ہے تو آواز بڑی توانا ہوتی ہے۔ اسے نیند نہیں آرہی تھی۔ بے ترتیب خیالات کا ہجوم اسے سونے نہیں دے رہا تھا۔ کھڑکی کے پاس کھڑے کھڑے جب پیر شل ہونے لگے تو وہ بستر کی بانہوں میں چلی گئی۔ اور اس کی توقع کے برعکس نیند کی دیوی اس پہ بہت جلد مہربان بھی ہو گئی۔

صبح خلاف معمول بہت ہنگامہ خیز تھی۔ ڈیکوریشن والے پورا گھر ڈیکوریٹ کر رہے تھے۔ دور قریب کے کافی رشتے دار سہ پہر ہی میں آ گئے تھے۔ نکاح کی سادہ سی تقریب کا انتظام گھر ہی میں ہونا تھا۔

پھوپھو جان نے اس کو حسن کے ساتھ تیار ہو کے پارلر جانے کو کہا۔

“لیکن پھوپھو میں گھر ہی میں ریڈی ہو جاؤں گی۔ صوبیہ کر دے گی مجھے تیار۔”

“کوئی بحث نہیں۔ صوبیہ نے تمہارے لیے پارلر میں ٹائم لے لیا ہے۔ اور میں نے حسن کو پارلر کا ایڈریس سمجھا دیا ہے۔ تم بس چلی جاؤ۔ لہنگا اور جیولری تمہارے سسرال والے ڈائریکٹ پارلر ہی میں پہنچا دیں گے۔”

پھوپھو نے تیزی سے ایک سفید چادر اس کے گرد لپیٹی اور اسے اپنے ساتھ لے کے پورچ میں چھوڑ آئیں۔

مناہل کا بہت دل کر رہا تھا کہ وہ ان سے گلے مل کے خوب روئے، لیکن پھوپھو مصروف تھیں۔

“حسن! جلدی آؤ۔ کب سے بلا رہی ہوں تمہیں۔ مناہل تیار کھڑی ہے پارلر جانے کے لیے۔ جلدی آؤ۔” سکینہ بیگم نے پورچ آواز لگائی۔

اتنے میں حسن دوڑتا ہوا آیا۔ کوریڈور سے مڑتے ہوئے اس کی نظر سامنے نہیں پڑی اور غلطی سے مناہل سے ٹکرا بیٹھا۔ مناہل کے ہاتھ سے موبائل چھوٹ کے نیچے گر گیا اور نیچے گرتے ہی اس کی اسکرین چھن سے ٹوٹ گئی۔

“میرا موبائل!” مناہل نے جلدی سے جھک کر اٹھایا۔ اسکرین پوری چٹخ چکی تھی۔

“سوری سوری مناہل۔ مجھے بالکل پتا نہیں چلا۔ میں امی کی آواز سن کے بھاگا چلا آ رہا تھا۔” حسن نے شرمندہ ہو کر کہا۔

سکینہ بیگم بھی پاس آ گئیں۔ “چلو کوئی بات نہیں۔ میں پارلر والی سے کہہ دوں گی۔ جب تیار ہو جاؤ تو مجھے پارلر سے ہی کال کروا دینا حسن گاڑی لے کر پک کرنے آ جائے گا۔ تم فکر مت کرنا۔”

“ٹھیک ہے پھوپھو جان۔” وہ پھیکا سا ہنس دی۔

دونوں پورچ میں کھڑی گاڑی کی طرف بڑھے۔ جیسے ہی مناہل گاڑی میں بیٹھی، حسن نے چابی گھمائی۔ گرر… گررر… گاڑی اسٹارٹ ہی نہیں ہوئی۔

حسن نے دو تین بار ٹرائی کیا۔ پھر باہر نکل کے دیکھا تو اگلا ٹائر بالکل بیٹھا ہوا تھا۔

وہ واپس دروازے پر آیا اور شرمندگی سے بولا: “سوری مناہل، انفارچیونیٹلی اگلا ویل پنکچر ہے۔ شاید ہمیں بائیک پہ جانا پڑے گا۔ تمہیں کوئی مسئلہ تو نہیں ہے؟”

مناہل نے سفید چادر سنبھالتے ہوئے کہا: “ہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ چلیں بائیک پر چلتے ہیں۔ لیٹ ہو رہے ہیں۔”

“تھینکس۔” حسن نے جلدی سے بائیک کا لاک کھولا اور کک مار کے اسٹارٹ کر دی۔ “آ جاؤ بیٹھو۔ اب اسی شاہی سواری سے کام چلانا پڑے گا” اس نے کک لگا کے بائیک اسٹارٹ کرتے ہوئے کہا۔

“تم ذرا میری یہ فائل پکڑ کے بیٹھ جاؤ گی؟”

“ہاں ہاں! لاؤ مجھے دے دو۔ آج بھی آفس جا رہے ہو؟ آج گھر کی تقریب میں تمہاری بہت ضرورت پڑے گی پھوپھو جان کو۔”

“ڈونٹ وری آ جاؤں گا شام سے پہلے واپس۔ بس تھوڑی دیر کا کام ہے۔” اس نے بائیک کو روڈ پہ لاتے ہوئے کہا۔

منظر تیزی سے دوڑنا شروع ہو گئے، مناہل پھر سوچوں میں ڈوب گئی۔ اس بات سے بے پرواہ کہ اس سفر کے اختتام پہ ایک قیامت اس کی منتظر ہے۔

✦ ✦ ✦

شاہ ویز اپنے دفتر میں بیٹھا ندیم ڈوگر کی فائل کے صفحے پلٹ رہا تھا۔ پچھلے 6 مہینے سے یہ کیس اس کی نیندیں اڑائے ہوئے تھا۔ اچانک بیل کی مدھر آواز پر گنگناتے ہوئے سیل فون کو اٹھا کے اسکرین پر نظر ڈالتے شاہ ویز نے فوراً کال ریسیو کی۔ “ہیلو؟”

“سر، بہت پکی خبر ہے۔ ایجنٹ لیلٰی کو ابھی ابھی ندیم ڈوگر کے بنگلے سے نکلتے دیکھا گیا ہے۔ وہ امپورٹنٹ ڈاکیومنٹ کی ڈیلیوری کرنے کے لیے مزار کی طرف جا رہی ہے۔ سر ٹائم نہیں ہے۔”

“تصویر؟” شاہ ویز کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔

“سر تصویر نہیں بن سکی۔ گارڈز سر پر کھڑے تھے۔ بس حلیہ نوٹ کیا ہے: سفید چادر، کالی سینڈل، ہاتھ میں نیلی فائل۔ چہرہ نہیں دیکھ پایا۔ مگر سر یہ کنفرم ہے۔ ابھی نہیں پکڑا تو نکل جائے گی۔”

شاہ ویز نے کال منقطع کی۔ پیشانی پر شکنیں تھیں۔ SOP کے مطابق بغیر تصویر اور مکمل شناخت کے کسی بھی ٹارگٹ پر ریڈ غیر قانونی تھا۔ مگر معاملہ ہاتھ سے نکل رہا تھا۔ اس نے فوراً DIG کو ڈائریکٹ لائن پر کال ملائی۔

“سر، SSP شاہ ویز رپورٹ کر رہا ہوں۔ سورس کی مصدقہ اطلاع ہے۔ ایجنٹ لیلٰی اس وقت ندیم ڈوگر کی رہائش گاہ سے روانہ ہو کر مزارِ قائد کی جانب جا رہی ہے۔ مقصد حساس دستاویزات کی منتقلی ہے۔ لیکن سر، ہمارے پاس ٹارگٹ کی کوئی تصویر یا واضح شناختی ڈیٹیل موجود نہیں۔ صرف ظاہری حلیہ ہے۔ کیا ہم آپریشن پروسیڈ کریں؟”

دوسری جانب چند لمحے خاموشی رہی، پھر DIG کی سخت اور دبنگ آواز ابھری:

“شاہ ویز! لسن کیئر فلی۔ SOP کو فی الحال پسِ پشت ڈال دو۔ ندیم ڈوگر کے پاس جو ڈیٹا ہے وہ براہِ راست حساس اداروں سے متعلق ہے۔ اسلام آباد سے مجھ پر شدید دباؤ ہے۔ اگر یہ ڈیل آج ہو گئی تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ یہ لیلٰی ہمارے لیے گلے کی ہڈی بنی ہوئی ہے۔ اس کانٹے کو آج ہر صورت نکالنا ہے۔ مجھے رزلٹ چاہیے، طریقہ کار نہیں دیکھنا۔ وہ فائل کسی بھی قیمت پر ریکور ہونی چاہیے اور لیلٰی زندہ گرفتار ہو۔ یہ ڈیل نہیں ہونی چاہیے۔ کلیئر؟”

“کلیئر سر۔” شاہ ویز نے سپاٹ لہجے میں جواب دیا اور کال بند کر دی۔ اب اس کے پاس احکامات واضح تھے۔ اس نے انٹرکام کا بٹن دبایا۔ “تمام ٹیم، کانفرنس روم میں ایک منٹ میں۔”

اگلے 30 سیکنڈ میں پورے دفتر میں ہلچل مچ چکی تھی۔ شاہ ویز کیبن سے نکل کر کانفرنس روم کی طرف بھاگا۔ پیچھے فراز تھا۔

کانفرنس روم میں 6 سادہ لباس اہلکار اور ڈی ایس پی آپریشنز پہلے سے کھڑے تھے۔ شاہ ویز نے بغیر سانس لیے بولنا شروع کیا: “ٹائم نہیں ہے۔ ٹارگٹ: ایجنٹ لیلٰی۔ لوکیشن: مزارِ قائد۔ حلیہ: سفید چادر، کالی سینڈل، نیلی فائل۔ چہرہ معلوم نہیں۔ دیکھتے ہی گھیر لینا ہے۔ تھانے سے لیڈیز فورس منگواؤ۔ فراز تم میرے ساتھ چلو گے۔”

باہر نفری تیار ہو چکی تھی۔ پولیس وین میں لیڈیز کانسٹیبلز کے ساتھ 4 مسلح اہلکار موجود تھے۔ جبکہ شاہ ویز اور فراز ایک سرکاری کار میں تھے۔ ان کے پیچھے بیک اپ کے لیے دو سول کارز بھی تھیں۔ گاڑیاں اپنا روٹ الگ کرتے ہوئے قائد اعظم کے مزار کے چاروں طرف پھیل گئیں۔

✦ ✦ ✦

بائیک ایک جھٹکے سے رک گئی۔

“کیا ہوا؟” وہ سوچوں میں ڈوبی تھی بائیک رکنے پہ چونکی۔

“پتہ نہیں۔۔ اس بائیک کے ساتھ مسئلہ کیا ہے۔۔ کل بھی یونہی تنگ کر رہی تھی۔” حسن نے بائیک اسٹینڈ پہ لگائی۔

کافی دیر تک چیک کرنے کے بعد بھی جب اسے کچھ سمجھ نہیں آیا تو اس نے ورکشاپ کے لیے یہاں وہاں نظریں دوڑائیں تو سامنے والے روٹ پر سیدھے ہاتھ کی دوری پہ اسے ایک مکینک کی دکان نظر آ گئی۔

“تم ایک کام کرو، یہ فٹ پاتھ سیدھی چلتی جاؤ گی تو ایک بس اسٹاپ آ جائے گا… وہاں میرا ویٹ کرو میں یہ بائیک شاپ پہ چھوڑ کے آتا ہوں۔۔ یہاں تمہارا کھڑا رہنا صحیح نہیں ہوگا۔۔”

“ٹھیک ہے” وہ خالی الذہنی سے اسے دیکھتے ہوئے بولی۔

پیروں پہ نظر جمائے وہ سست روی سے چلنے لگی؛ تھوڑی دور اسے رش نظر آیا، تو متوقع بس اسٹاپ سمجھ کر اس نے وہیں رک کر حسن کا انتظار شروع کر دیا۔

فائلز ابھی بھی اس کے ہاتھ میں ہی تھیں۔ رسٹ واچ پہ نظر ڈالتے ہوئے اس نے خود سے دور کھڑے دو آدمیوں کو اپنی طرف متوجہ پایا۔ وہ آپس میں اسی کو دیکھ کر باتیں کر رہے تھے۔ مناہل نے دو ایک بار نظر انداز کیا لیکن وہ مسلسل اسی کو دیکھ رہے تھے، اب اسے بے چینی ہونے لگی تھی۔

“کہاں رہ گیا حسن؟”

اس نے اضطراری طور پہ آنے والے روٹ کی طرف دیکھنا شروع کر دیا۔ اس کی بے چینی بڑھنے لگی تھی۔

چادر کی ترتیب درست کرتے ہوئے اس نے حسن کو دیکھنے کے لیے پلٹ کر چلنا شروع کیا۔ ابھی دو قدم ہی آگے بڑھی تھی کہ اچانک ایک کار آ کر فٹ پاتھ سے ذرا دور رکی۔ اس کے پیچھے پولیس موبائل اور دو مزید کاریں تھیں۔ دروازے کھلے اور سادہ کپڑوں میں ملبوس کچھ اہلکار اتر کر سیدھے اس کی طرف آئے، جن میں سب سے آگے دو عورتیں تھیں۔ ان سب نے خاموشی سے اس کے گرد گھیرا ڈال دیا۔ وہ حیران ہو کر ان سب کو دیکھنے لگی۔

آگے والی عورت سیدھی اس کے پاس آئی۔ آنکھوں میں پیشہ ورانہ سختی تھی۔ “میڈم، آپ کا نام کیا ہے؟” اس نے پوچھا۔ لہجہ نرم لیکن حکم سخت تھا۔

مناہل کا حلق خشک ہو گیا۔ “ج… جی؟ میں… میں کسی کا انتظار کر رہی ہوں۔ آپ کون…؟”

عورت نے جواب کا انتظار نہیں کیا۔ اس کے ساتھ والی لیڈی کانسٹیبل نے بجلی کی سی تیزی سے نیلی فائل اس کے ہاتھ سے لے لی۔ مناہل کچھ سمجھتی، اس سے پہلے ہی وہ فائل ایک شفاف تھیلے میں تھی۔ اوپر سفید ٹیپ لگ چکی تھی۔

“ی… یہ کیا کر رہی ہیں آپ؟ ی… یہ میری نہیں ہے۔” مناہل کی آواز لرز گئی۔

“آپ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ تین کے تحت حراست میں لیا جا رہا ہے۔” ایس آئی شمائلہ نے سپاٹ لہجے میں کہا۔ “آپ پر ملک دشمن عناصر سے مل کر جاسوسی کرنے اور خفیہ دستاویزات کی ترسیل کا الزام ہے۔”

“دستاویزات؟ ملک دشمن؟ جاسوسی؟ آپ… آپ یہ کیا کہہ رہی ہیں؟” الفاظ ہتھوڑے کی طرح سر پر پڑے۔ مناہل کو لگا کسی نے پیروں تلے زمین کھینچ لی ہو۔

“کیا بکواس ہے یہ؟ میں نے تو… میں نے تو کچھ نہیں کیا۔ آپ… آپ مجھے جانے دیں۔ میں کہیں اور جا رہی تھی۔ میں اپنے کزن کے ساتھ آئی ہوں۔ وہ… وہ ابھی یہیں پر ہوگا۔” آنسو بے اختیار آنکھوں میں آ گئے۔

“ڈوگر کے بنگلے سے نکلتے وقت بھی یہی فائل تمہارے ہاتھ میں تھی۔ اور اب تم یہاں کھڑی ہو۔ کس کا انتظار کر رہی ہو؟ اپنے ہینڈلر کا؟”

پیچھے سے ایک بھاری مردانہ آواز آئی۔ شاہ ویز وردی میں نہیں تھا۔ کالی جینز، نیوی بلو شرٹ، آنکھوں پر کالا چشمہ۔

مناہل کا دماغ سن ہو گیا۔ “ڈوگر؟ یہ کون ہے؟ آپ پاگل ہو گئے ہیں؟ میں کسی کو نہیں جانتی، یہ فائل… یہ تو مجھے حسن نے دی تھی۔”

شاہ ویز ہلکا سا مسکرایا۔ “کون حسن؟ تمہارا… یہ ہینڈلر؟ تمہارا کھیل ختم ہو چکا ہے۔ بٹھاؤ اسے گاڑی میں۔”

مناہل کو لگا وہ کسی ڈراؤنے خواب میں ہے۔ “میں… میں نہیں جاؤں گی۔ پلیز… پلیز مجھے ہاتھ مت لگائیں۔”

اسی وقت شاہ ویز نے ہاتھ کے اشارے سے باقی ٹیم کو حکم دیا۔ “ان سب عورتوں کو بھی گاڑی میں بٹھاؤ۔” وہاں کھڑی باقی برقع پوش عورتوں کو، جو بغیر کسی مزاحمت کے وین میں بیٹھ رہی تھیں، ان کو دیکھ کر مناہل کو حیرت ہوئی کہ آخر وہ مزاحمت کیوں نہیں کر رہیں۔ مناہل کا دل بیٹھنے لگا۔

“آپ لوگ یہ کیا کر رہے ہیں؟ آپ ہم عورتوں کے ساتھ یہ سب کچھ کیوں کر رہے ہیں؟ پلیز ہمیں چھوڑ دیں۔ ہمیں جانے دیں۔ یہ سب کیوں کر رہے ہیں آپ؟” وہ اسی آدمی کے آگے گڑگڑائی۔

وہ یقیناً سب سے سینئر آفیسر تھا جو سب کو حکم دے رہا تھا۔ اسی کے حکم پر لیڈی کانسٹیبل نے مناہل کو سب سے اینڈ میں کھڑی بلیک شیشوں والی کرولا میں بٹھا دیا۔ محض دو سے تین منٹوں میں کارروائی ختم کرتے ہوئے وہ سبھی لوگ گاڑیوں میں سوار ہونے لگے۔

مناہل نے بے بسی سے آسمان کی طرف دیکھا۔ بابا کی تصویر آنکھوں کے سامنے لہرائی۔ اسی لمحے اسے لگا اس کا سر چکرا رہا ہے۔ سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ کانوں میں سیٹیاں بجنے لگیں۔ “میرا… میرا دم گھٹ رہا ہے۔ چھوڑ دو مجھے۔” اس نے بمشکل کہا۔

چند لمحوں بعد اس کی آنکھیں اور ذہن تاریکی قبول کر چکے تھے، اس کے شعور نے جو آخری بات محسوس کی وہ پولیس موبائل کے سائرن کی آواز تھی۔ اور اس کا ذہن تاریکی میں ڈوبتا چلا گیا۔

✦ ✦ ✦
— آدھا گھنٹہ پہلے —

اطلاعات کے مطابق لیلٰی نے اہم دستاویزات کی فائل ایک آدمی کے حوالے کرنی تھی۔ میٹنگ پوائنٹ مزار کا کوئی بھی دروازہ ہو سکتا تھا۔ شاہ ویز نے انڈر کور آفیسرز کو مزار کے تمام داخلی دروازوں پر جا کر کھڑا رہنے کو کہا اور خود وہ اپنی کار اور باقی گاڑیوں سمیت مزار سے دور ایک ڈھابے پر جا کھڑا ہوا۔

چند منٹوں ہی میں اس کے دو آفیسرز نے لیلٰی کی موجودگی کی اطلاع دی۔

“سر سفید چادر کالی سینڈلز اور نیلی فائل، جیسا گیٹ اپ آپ نے بتایا تھا، ایز اٹ از، گیٹ اپ میں ایک لڑکی یہاں موجود ہے۔ ہم ہنڈریڈ پرسنٹ شیور ہیں یہی لیلٰی ہے۔ آپ کارروائی شروع کر سکتے ہیں۔”

“آر یو شیور؟ یہ وہی ہے؟” شاہ ویز نے وائرلیس پر پوچھا۔

“100% شیور سر۔” آفیسر کے پریقین لہجے پر شاہ ویز نے حرکت میں آتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا۔

شاہ ویز نے وائرلیس پر تمام گاڑیوں میں موجود سبھی آفیسرز کو ہدایات دیں: “سب لوگ سن لیجیے، یہ مجرم ایک قابل فیلڈ ایجنٹ ہے۔ اسے بھاگنے کا موقع دیے بغیر اریسٹ کرنا ہے، اگر اس کے پاس ہتھیار ہوا، اور اس نے اس کا استعمال کر لیا تو پبلک کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ ریڈ پبلک پلیس اور مصروف شاہراہ پر ہو رہی ہے، ذرا سی بھی کوتاہی ہوئی تو بھگدڑ مچ سکتی ہے۔ کوئی بدنظمی نہیں ہونی چاہیے۔”

گاڑیاں تیزی سے مزار کے مشکوک دروازے کی طرف بڑھیں۔ اسپاٹ پر پہنچ کر کار سے نیچے اترتے ہی شاہ ویز نے مجرمہ کو حراست میں لینے کا حکم دے دیا۔ ٹیم نے لڑکی کے گرد گھیرا ڈال دیا۔ فائل ضبط کر لی گئی۔

مگر جب شاہ ویز نے پہلی بار اس لڑکی کا چہرہ دیکھا تو ایک لمحے کو ٹھٹھک گیا۔ اتنا معصوم چہرہ؟ انٹیل میں لیلٰی کو ‘بے رحم’ اور ‘ٹرینڈ’ بتایا گیا تھا۔ مگر سامنے کھڑی لڑکی تو کسی کالج اسٹوڈنٹ جیسی لگ رہی تھی۔

مگر اگلے ہی لمحے شاہ ویز کے پیشہ ورانہ اعصاب بحال ہو گئے۔ یہ معصومیت کا ڈھونگ رچاتی مسلسل آفیسرز کے ساتھ جرح کرنے میں لگی ہوئی تھی۔ “میں نے کچھ نہیں کیا۔ مجھے جانے دو۔ میں اپنے کزن کے ساتھ آئی ہوں۔”

شاہ ویز کے چہرے پر سختی آ گئی۔ یہ ٹرینڈ ایجنٹس کا پرانا حربہ تھا، معصومیت کا نقاب۔ شاہ ویز آگے بڑھا اور سپاٹ لہجے میں کہا: “ڈوگر کے بنگلے سے نکلتے وقت یہ فائل تمہارے ہاتھ میں تھی۔ اب تم یہاں کھڑی ہو۔ کس کا انتظار کر رہی ہو؟ اپنے ہینڈلر کا؟”

لڑکی نے ہچکی لیتے ہوئے جواب دیا: “ڈوگر؟ یہ کون ہے؟ میں کسی کو نہیں جانتی۔ یہ فائل… یہ تو مجھے حسن نے دی تھی۔”

شاہ ویز کی آنکھیں سکڑ گئیں۔ اس نے ایک قدم اور آگے بڑھ کر کہا: “کون حسن؟ تمہارا ہینڈلر؟ تمہارا کھیل ختم ہو چکا ہے۔ بٹھاؤ اسے گاڑی میں۔”

شاہ ویز اس آپریشن کو جلد سے جلد پروسیڈ کرنا چاہ رہا تھا۔ میڈیا سے پہلے، پبلک سے پہلے اسے DIG کو رپورٹ کرنا تھا۔ اس نے باقی آفیسرز کو ہدایت دی: “ان سب عورتوں کو وین میں ڈالو۔”

حکم دے کر جیسے ہی شاہ ویز پلٹا، کانسٹیبل شمائلہ اس کے پاس آئی۔ آواز میں گھبراہٹ تھی: “سر… سر گاڑی میں بیٹھتے ہی وہ لڑکی بے ہوش ہو چکی ہے۔”

شاہ ویز کے جبڑے بھنچ گئے۔ “کیا ڈرامہ لگایا ہوا ہے مگر رسک نہیں لے سکتا تھا اسے فوراً پولیس ہسپتال لے کر جاؤ۔ MLC ضروری ہے۔ میں، تم اور یاسر ساتھ چلیں گے۔”

شاہ ویز نے ASI فراز کو آرڈر دیا: “فراز، تم ان عورتوں کو لے کر تھانے جاؤ۔ میں اس مجرمہ کو میڈیکل کے بعد ڈی آئی جی کے تفتیشی آفیسرز کے حوالے کر کے آتا ہوں۔”

چند لمحوں میں، سائرن بجاتے ہوئے پولیس ہسپتال کی طرف روانہ ہو گئی۔ اس کے آگے پیچھے دو پروٹوکول کی گاڑیاں بھی سیکیورٹی کے لیے موجود تھیں۔

بیک ویو مرر سے لڑکی کے بے ہوش چہرے کا جائزہ لیتے ہوئے شاہ ویز نے پیشہ ورانہ بے رحمی سے اس میں سفاکی کے آثار تلاش کیے، مگر ہر زاویے سے وہ چہرہ صرف خوف اور معصومیت کی تصویر تھا۔ انٹیل فائلز میں لیلٰی کو کولڈ بلڈڈ دکھایا گیا تھا، مگر یہاں جو چہرہ تھا وہ کسی بھی ٹریننگ مینوئل میں درج پروفائل سے میل نہیں کھا رہا تھا۔

شاہ ویز نے اپنے کیریئر میں یہ پہلا ٹارگٹ دیکھا تھا جس کی آنکھوں میں جرم کی جگہ صرف دہشت تھی۔ یا پھر یہ اب تک کی سب سے بہترین اداکاری تھی۔ شاہ ویز نے سر جھٹک کر نظریں سڑک پر مرکوز کر لیں۔ جذبات تجربے کو دھندلا دیتے ہیں، اور ابھی اسے صرف حقائق چاہیے تھے۔

👉 پابندِ سلاسل ناولٹ از بشریٰ ارشاد قسط نمبر4 پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ہماری ڈائجسٹ – رائٹر ڈیسک

السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!

کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟

اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔

ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:

  • آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
  • اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
  • آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔

اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:

اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

”ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 4 – ہماری ڈائجسٹ“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں