Paband e Salasil Novelette Episode 2 by Bushra Irshad – Hamari Digest پابندِ سلاسل قسط 2

ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 2 – ہماری ڈائجسٹ

Paband e Salasil Novelette Episode 1 by Bushra Irshad– Hamari Digest

سلسلہ وار ناولٹ • ہماری ڈائجسٹ

ناولٹ: پابندِ سلاسل

مصنفہ: بشریٰ ارشاد  |  پبلشر: ہماری ڈائجسٹ
قسط نمبر (02)

آفس سے واپسی پر شاہ ویز مناہل کے گھر چلا گیا۔ اسے اپنے سسرالیوں کے نام پر موجود مناہل کی واحد رشتے دار اس کی پھپھو جان کو ولیمے کے لیے انوائٹ بھی کرنا تھا۔ یوں تو اسے پھپھو اور ان کا بیٹا حسن کچھ سمجھ نہیں آئے تھے لیکن دنیا داری نبھانی تھی۔

تیسری بیل پہ دروازہ کھل چکا تھا۔

“آپ؟ آپ کی ہمت کیسے ہوئی یہاں آنے کی۔ اس گھر سے اب آپ کا اور آپ کی بیوی کا کوئی واسطہ نہیں۔ اسی وقت واپس چلے جائیے آپ۔” حسن نے انتہائی بدتمیزی سے اس کو دیکھ کے کہا۔

“مجھے تم سے کوئی بات نہیں کرنی۔ اپنی امی کو بلاؤ۔”

“کون ہے حسن؟” سکینہ بیگم نے پیچھے سے جھانک کے پوچھا اور پھر اس کو دیکھ کر حسن سے اس کو اندر بلانے کو کہنے لگیں۔

“آئیے۔” وہ دانت چبا کے اس کو راستہ دیتے ہوئے بولا۔

“کیوں آئے ہو یہاں؟ جب تمام باتیں ختم ہو چکی ہیں۔”

“اس اتوار ریسیپشن ہے، آپ کو انوائٹ کرنے آیا ہوں۔ آپ اگر آئیں گی تو مناہل کو اچھا لگے گا۔”

“ہمارا تمہارا اب کوئی تعلق نہیں۔ اور جن سے تعلق نہ ہو ان کی خوشیوں میں جانا ہم پسند نہیں کرتے۔” انہوں نے ہاتھ اٹھا کے اسے مزید بولنے سے روکا۔

“مناہل آپ کو بہت مس کرتی ہے۔ آپ جانتی ہیں جو ہوا اس میں اس کی کوئی غلطی نہیں تھی۔ آپ کے ہاتھوں کی پلی لڑکی کی بات پہ آپ کو کچھ تو یقین ہونا چاہیے۔”

“مجھے کسی کا یقین نہیں کرنا اور آئندہ آپ یہاں آنے کی زحمت نہ کیجیے گا۔”

کہتے ہوئے وہ کھڑی ہو گئیں۔ جس کا مطلب تھا کہ وہ اب واپس جا سکتا ہے۔

شاہ ویز کو اس قدر رکھائی کی توقع نہیں تھی۔ وہ چاہتا تھا کہ ولیمے میں اپنے گھر والوں کو دیکھ کر مناہل کے دل میں اس کے لیے کچھ گنجائش پیدا ہو جائے۔ لیکن اس کے گھر والوں کو تو مناہل میں کوئی دلچسپی ہی نہیں تھی۔ وہ مایوسی سے واپس لوٹ آیا۔

✦ ✦ ✦

“مناہل بیٹی دروازہ کھولو۔” حیدر صاحب نے پے در پے دروازہ بجانے کے بعد آواز لگائی۔

“جی؟”

دروازہ کھول کے اس نے سائیڈ میں ہو کے انہیں اندر آنے کی جگہ دی۔

“بیٹی آپ کے لیے ولیمے کا جوڑا منگوایا تھا اور بیوٹیشن بھی آ چکی ہے میں ان کو آپ کے روم میں بھیج رہا ہوں۔”

“کیوں؟” وہ نہ سمجھتے ہوئے بولی۔

“آپ کو شاہ ویز نے بتایا ہوگا آج آپ کا ریسیپشن ہے۔ بیٹا! آپ کو تیار ہو کر ولیمہ اٹینڈ کرنا ہے۔” وہ شرمندہ ہو کر وضاحت کرنے لگے۔

“میں کہیں نہیں جا رہی اور نہ ہی مجھے تیار ہونا ہے۔” وہ نروٹھے پن سے کہتے ہوئے دروازہ کھلا چھوڑ کر بیڈ پہ جا بیٹھی۔

“بیٹی! آپ غصہ ہیں نا کہ ناچاہتے ہوئے بھی آپ کی وجہ سے آپ کے بابا کا نام خراب ہوا آپ کے خاندان میں؟ دیکھو میں بھی آپ کا باپ ہی ہوں۔ یہ اب آپ کا گھر ہے اس گھر کی عزت کرنا اور کروانا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔”

انہوں نے اس کے سر پہ ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔

“آپ کے بابا نے یقیناً آپ کو اپنے سے بڑوں کی عزت کرنا سکھایا ہوگا۔ پھر کیا آپ چاہو گی کہ آپ کا یہ باپ لوگوں کے سامنے آپ کی وجہ سے شرمندہ ہو؟”

وہ خاموشی سے نیر بہائے جا رہی تھی۔

“صرف آج کے دن ہی سہی، آپ ہماری لاج رکھ لیجیے بیٹا۔” انہوں نے اس کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا۔

“یہ آپ کیا کر رہے ہیں انکل۔ پلیز ایسا مت کریں۔”

اس نے تڑپ کر ان کے ہاتھوں کو نیچے کیا۔

“آپ بھیج دیجیے بیوٹیشن کو۔ میں کم سے کم آپ کا سر تو نہیں جھکنے دوں گی۔”

اس نے اشک بھری آنکھوں سے ان کی طرف منہ اٹھا کر کہا۔ فرطِ مسرت سے حیدر صاحب کی آنکھیں بھی بھیگ گئیں۔

وہ جانتے تھے کہ مناہل بہت کچھ بھگت چکی ہے لیکن اس سے حقیقت کو قبول کروانا بھی بہت ضروری تھا۔

“شکریہ بیٹی۔ جیتی رہو۔”

وہ اس کے سر پہ شفقت سے ہاتھ پھیر کر روم سے نکل گئے۔

✦ ✦ ✦

جب شام کو وہ تیار ہو کر فراز کی بیوی کے ساتھ نیچے اتری تو شاہ ویز تو جیسے مبہوت ہی ہو گیا۔

ملٹی شیڈ کلرز کے لہنگے میں اس کی دودھیا رنگت اور چمکدار جلد آنکھوں کو خیرہ کر رہے تھے اور تیکھے نین نقش اس کی خوبصورتی کو دو آتشہ بنا رہے تھے۔ بینکوئٹ میں ہر نظر ان کی جوڑی کو سراہ رہی تھی۔

وہ چپ چاپ سے اس کے ساتھ بیٹھی مہمانوں سے علیک سلیک کر رہی تھی۔ شاہ ویز کے لیے اتنا ہی کافی تھا کہ وہ تیار ہو کر ریسیپشن اٹینڈ کر رہی تھی، ورنہ اس کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے اسے لگا نہیں تھا کہ ولیمہ ہو بھی پائے گا۔

“بھابھی کے گھر سے کیا کوئی بھی نہیں آئے گا آج؟” فراز نے شاہ ویز سے سوال کیا۔

“گیا تھا بلانے۔ پر وہ اب کوئی میل جول نہیں رکھنا چاہتے۔” شاہ ویز بولا۔

“یہ تو بڑی عجیب سی بات ہے۔ ان کو اپنے گھر کی بیٹی پہ تھوڑا تو اعتبار ہونا چاہیے۔” فراز کو حیرت ہوئی۔

“سکینہ بیگم کو اپنے بیٹے پہ زیادہ اعتبار ہے۔ یہ ساری آگ اسی کی لگائی ہوئی ہے۔” شاہ ویز نے جواب دیا۔

“مجھے تو دال میں کچھ کالا لگتا ہے۔ بھابھی کی پھپھو تو خاصی سمجھدار خاتون لگ رہی تھیں لیکن ان کا ایسے اپنی یتیم بھتیجی سے جان چھڑانا عجیب معلوم ہوتا ہے۔” فراز نے کہا تو شاہ ویز بھی سوچ میں پڑ گیا۔

“اور بھائی شاہ ویز صاحب آپ کے سسرال والے نظر نہیں آ رہے۔”

ایک مہمان کے پوچھنے پہ فراز نے جلدی سے “آپ نے ڈنر تو صحیح سے کیا ہی نہیں۔” کہتا ہوا بات سنبھالتے ہوئے انہیں لیے آگے بڑھ گیا۔

شاہ ویز فراز کو پُر شکر نظروں سے دیکھ کے رہ گیا، جسے اس کے ساتھ مل کے لوگوں کے طرح طرح کے سوالوں کے جواب دینے پڑ رہے تھے۔

✦ ✦ ✦

واش روم میں نہانے کے لیے گھستے وقت اس نے دیکھا تو وہ جیولری اتار رہی تھی اور اب جب نہا کے نکلا تو وہ بدستور جیولری اتارنے میں ہی مصروف تھی۔

بالوں کو تولیے سے رگڑتا وہ ڈریسنگ کے پاس گیا۔ نیکلیس کا لاک کھولنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

خود پر مین 212 کا اسپرے کرتے ہوئے اس نے پوچھا:

“میں کچھ ہیلپ کروں؟”

“بہت بہت شکریہ۔”

تیز لہجے میں جواب دیتے ہوئے اس نے اپنے ہاتھوں کو جھٹکا جو مسلسل اوپر رکھنے سے سن ہونے لگے تھے۔

وہ اس کے عقب میں جا کھڑا ہوا اور اس کے منع کرنے کے باوجود ہک کھولنے لگا جو زنجیر میں الجھ گیا تھا۔ اس کی نظریں کمر سے جا ٹکرائیں۔ پچھلا گلا کچھ زیادہ ہی گہرا تھا۔ دودھیا رنگت ملٹی شیڈز کو ماند کر رہی تھی۔ وہ بمشکل اپنی نظریں چرانے میں کامیاب ہوا۔

“لو کھل گیا۔” اس نے ہاتھ آگے کر کے اس کے گلے کو نیکلیس سے آزاد کیا تو وہ جھٹکے سے کھڑی ہوئی اور تیزی سے اس کے برابر سے نکلنے لگی جبھی شاہ ویز نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔

“ایک منٹ رکو۔ بیٹھو کچھ بتانا ہے تمہیں۔”

خاموشی سے اسے ڈریسنگ اسٹول پہ بٹھا کر وہ ڈریسنگ سے ٹک کے کھڑا ہو گیا۔

“میں تمہاری پھوپھو سے ملنے گیا تھا۔”

اس کے انکشاف نے نیچے نظریں کیے مناہل کو چونک کے سر اٹھانے پہ مجبور کر دیا تھا۔

“پھر؟” مناہل نے تڑپ کے پوچھا۔

وہ سینے پہ ہاتھ باندھے بہت ٹھہرے ہوئے لہجے میں بولا: “پھر یہ کہ ابھی وہ غصے میں ہی ہیں۔ حسن نے ان کو تمہارے خلاف بھر دیا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ سچ دیکھنا ہی نہیں چاہ رہیں۔ لہٰذا اگر تم یہ سوچ رہی ہو کہ سب جلدی ٹھیک ہو جائے گا تو ایسا ممکن نہیں۔ ابھی تمہاری معافی اور شرمندگی بھی بے کار ہوگی۔ وقت کو گزرنے دو۔ وقت اگر کچھ چیزوں میں شدت لاتا ہے تو کمی بھی لاتا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کو احساس ہو جائے گا کہ وہ تمہارے ساتھ ناحق زیادتی کر رہی ہیں۔”

وہ اسے حوصلہ دے رہا تھا۔ انتہائی نرم اور ٹھہرے ہوئے لہجے میں۔

وہ اب سر جھکائے بیٹھی تھی۔ وہ دوبارہ گویا ہوا:

“دیکھو میری بیوی بننا تمہاری قسمت میں تھا۔ ہم کو اسی طرح ایک دوسرے کی زندگی میں آنا تھا۔ ورنہ فیس ٹو فیس کبھی نہ ہم ملے تھے، نہ ہی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ پھر بھی ہمسفر بن گئے۔ دیکھو یہی قسمت ہے یہی نصیب۔”

وہ حیران تھا کہ وہ اب تک چپ کیسے ہے آخر اب تک اس نے جواب کیوں نہیں دیا۔

“میں تم سے مخاطب ہوں۔”

اس نے ہاتھ سے اس کا سر سہلاتے ہوئے کہا۔ جواب بدستور ندارد تھا البتہ سسکیوں سے اس کا وجود ہلنے لگا تھا۔ وہ رو رہی تھی۔ اور یہ آنسو شاہ ویز کے دل پر گر رہے تھے۔ اسے مناہل کے لیے واقعی برا لگ رہا تھا۔

“مناہل آئی ایم سوری۔ میں جانتا ہوں قصور وار ہوں میں۔ مجھے پروفیشنلزم میں اندھا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ میری غلطی کا میں اور کس قدر اعتراف کروں؟”

اس نے لاچارگی سے اس کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ کے اس کا چہرہ اوپر کرتے ہوئے کہا:

“مجھے اپنی غلطی کا پورا پورا اعتراف ہے۔ لیکن اب میں تمہیں چھوڑ نہیں سکتا۔ اب میں تمہیں اپنا مان چکا ہوں۔”

شاہ ویز اس کے الجھے بکھرے حلیے سے نظریں چرا گیا۔ کتنے دنوں سے وہ اس کے ہوشربا حسن سے نظریں چرائے پھر رہا تھا۔ شادی کے روز سے اب تک اسے چھوا تک نہ تھا۔ آج اس کی لاپرواہی اسے پھر بے ایمان کر رہی تھی۔

اچانک سر اٹھاتے ہوئے وہ اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بولی: “موقع پرست بزدل ہو تم۔”

“کیا؟” شاہ ویز نے ناسمجھی سے اسے دیکھا۔

“سنا تھا پولیس والے عزتوں کے رکھوالے ہوتے ہیں لیکن تم نے تو سیدھا میری عزت پر ہی وار کر دیا۔”

اس کے لہجے میں درد بول رہا تھا۔

“میری زندگی برباد کر کے تمہیں سکون نہیں ملا تو لوگوں کے سامنے ترس کھا کر نکاح کی آڑ لے کر اپنے کمرے تک گھسیٹ کے لے آئے، کرپٹ پولیس والوں کی نیت اسی طرح اچھے گھر کی عورتوں پہ خراب ہو جاتی ہے نا؟” وہ بول نہیں رہی تھی زہر اگل رہی تھی۔

وہ سمجھ نہ سکا وہ کیا پوچھ رہی ہے اور جب سمجھ آیا تو اس کا میٹر گھوم گیا۔

“تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہو گیا ہے؟ معلوم ہے کتنا بڑا الزام لگا رہی ہو مجھ پر۔”

وہ غصے سے کھڑا ہو گیا۔ وہ اب بھی بدستور اسے گھور رہی تھی۔

“تمہیں میں اس قسم کا انسان لگتا ہوں؟ مجھ پہ تہمت لگا رہی ہو تم؟ شوہر ہوں میں تمہارا۔” اس کا خون کھول اٹھا تھا۔

وہ مناہل کی زندگی میں اچانک نووارد ہوا ہے اور اس کے دل کی کدورتوں کو مٹانے میں اسے خاصا وقت لگ سکتا ہے، یہ بات وہ جانتا تھا لیکن مناہل اس سے اس قدر بدظن ہے کہ اس کے کردار کو اس قدر ہلکا سمجھتی ہے یہ بات اسے آج سمجھ آئی۔

“ابروڈ میں رہ کر خود کو ایک مشرقی لڑکے کی طرح سنبھالا ہے میں نے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ کرنے کو دنیا بھر کی عیاشی کر سکتا تھا۔ لیکن میرے باپ کی دی ہوئی تربیت نے مجھے بہکنے نہیں دیا۔ اور تمہیں لگتا ہے میری نیت تم پر خراب ہو گئی تھی؟؟”

وہ افسردگی سے بولا۔ مناہل کی بات سے اسے شدید رنج پہنچا تھا۔ لب بھینچے کھڑے شاہ ویز سے پوچھا۔ آخر مقصد بھی تو اسے ہرٹ کرنا ہی تھا۔

“ہاں ہوئی۔” اس نے بھی فوراً اعتراف کیا۔

“مرد ہو کر تمہیں اپنی عزت کی اس قدر پرواہ ہے تو پھر میرے بارے میں کیا خیال ہے؟ مجھے تو یہ تکلیف روز ہوتی ہے۔ ہر پل، ہر سیکنڈ میں اس اذیت سے گزرتی ہوں، جو تہمت تم نے میرے وجود کے ساتھ منسلک کر دی ہے، اس کے بارے میں سوچا ہے کبھی؟ ساری رات میرے زخم مجھے تڑپاتے رہتے ہیں۔ میں جاگتی رہتی ہوں اور تم سو جاتے ہو۔” اس کے لہجے میں درد بول رہا تھا۔

“میں حیران ہوں تمہیں نیند آ کیسے جاتی ہے؟ میں تو اس وقت کا انتظار کر رہی ہوں جب تمہیں بھی یہ اذیت ناک رت جگے نصیب ہوں گے۔”

وہ نفرت سے کہتے ہوئے کھڑی ہو گئی۔

شاہ ویز جانتا تھا کہ وہ بہت تکلیف میں ہے لیکن جب جب وہ اس سے بات کرنا چاہتا وہ اسے طعنے دے دے کر ذلیل کرنے لگ جاتی تھی۔

“میں تم سے بار بار معافی مانگ چکا ہوں۔ اور کیسے یقین دلاؤں کہ میں شرمندہ ہوں؟” اس نے سرد لہجے میں اپنے غصے سے آؤٹ ہوتے دماغ کو قابو کرتے ہوئے پوچھا۔

“تمہاری کوئی معافی میری نظروں میں تم کو معتبر نہیں کر سکتی۔ میں تم جیسے گرے ہوئے انسان کی کسی بات کا یقین نہیں کر سکتی۔ کیا معلوم اپنے عہدے کے نشے میں تم نے کتنوں کی زندگیاں تباہ کی ہوں گی۔ میں تو آسان ہدف رہی ہوں گی تمہارے لیے۔۔ آگے پیچھے کوئی ہے جو نہیں۔۔” وہ حقارت سے بولتی اس کی انا کو اکسا چکی تھی۔

“تو تمہیں واقعی لگتا ہے میری نیت تم پر خراب تھی۔” اس نے سپاٹ لہجے میں پوچھتے ہوئے اس کی طرف قدم بڑھائے۔ اس کا دماغ گھوم چکا تھا۔

“تمہیں جو سمجھنا ہے سمجھ لو۔” وہ کہتے ہوئے دو قدم پیچھے ہٹی۔

“تو ایک بات تم بھی سمجھ لو کہ میں اچھوں کے لیے اتنا اچھا نہیں ہوں جتنا بروں کے لیے برا۔” وہ معنی خیزی سے کہتا اس کی طرف بڑھا۔ اور وہ انجان ہونے کے باوجود بھی اچھی طرح اس کی نظروں کا مفہوم سمجھ چکی تھی سو بدک کے پیچھے ہٹی۔

“مطلب کیا ہے تمہارا۔” اس نے حقارت بھری نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے پوچھا۔

“وہی مسز شاہ ویز جو آپ سمجھ چکی ہیں۔” اس کے قدم رکے نہیں تھے۔

“دور ہٹو مجھ سے۔” وہ اب دیوار سے جا لگی تھی۔

“سوری میڈم۔ آپ کے بقول میں تو ایک کمزور نیت کا انسان ہوں۔ تو کمزور نیت کے انسان سے آپ شرافت کیسے ایکسپیکٹ کر سکتی ہیں؟ اور ویسے بھی، بقول آپ کے کرپٹ پولیس والوں کی نیت تو شریف عورتوں کو دیکھ کر خراب ہو جاتی ہے، آپ تو پھر میرے نکاح میں ہیں۔ آج کی رات مجھ میں اتنا حوصلہ نہیں کہ میں پیچھے ہٹ جاؤں، ان فیکٹ اب تک جو راتیں نکالی ہیں وہ بھی خدا جانتا ہے۔”

وہ گھمبیر لہجے میں کہتا ہوا اسے کلائی سے پکڑ کر اپنی طرف کھینچ چکا تھا۔

✦ ✦ ✦

روم میں نیم اندھیرا تھا لیکن گلاس ڈور سے جھانکتی چاندنی کمرے کو جگمگا رہی تھی۔ سرد ہوا کے جھونکے دریچے سے ہوتے ہوئے اس کے وجود کو سن کر رہے تھے۔ اوائل ستمبر کی رات۔ یخ بستہ ہوائیں اس کے وجود کے آر پار ہو رہی تھیں۔ طوفان کا اندیشہ تھا۔ جذبات کے مدوجزر کو تو وہ بھی جھیل کر ہی بیٹھی تھی۔ نسوانیت کا قتل، بین کرتا وجود، لیکن خاموش لب، اس کی چیخوں نے اس کے وجود کا احاطہ کیا ہوا تھا، لیکن آواز صرف وہ محسوس کر سکتی تھی۔ چند قدم کے فاصلے پہ سویا وہ لاپرواہ انسان اپنا مطلب پورا کر کے انتہائی پرسکون ہو کے سو رہا تھا، اس ظالم کی سماعت کہاں اس کے بین کا اندازہ کر سکتی تھی۔ وہ تن و تنہا اپنی نسوانیت کی لاش اٹھائے اکیلے جنازے میں شریک تھی۔

مناہل کی سسکیاں اور آہیں بھی اس کو بچا نہیں سکی تھیں۔ ایک مرد کی طاقت سے مقابلہ کرنا اس کے بس سے باہر ہو گیا تو اس نے مزاحمت چھوڑ دی لیکن اس کا دل نفرت سے بھر چکا تھا، مگر شاہ ویز کو اس بات سے کوئی غرض نہ تھی۔ بقول اس کے اس نے اپنا حق وصول کیا تھا جس میں وہ حق بجانب تھا۔

✦ ✦ ✦

صبح اس کا چہرہ پہلے دن کی طرح سوجا ہوا تھا، وہ ساری رات روتی رہی تھی اس لیے اس کی آنکھیں سرخ اور پپوٹے بھاری ہو رہے تھے۔

شاہ ویز نے ایک آدھ بار کن انکھیوں سے اسے دیکھا اور پھر اپنی تیاری میں مصروف ہو گیا۔

“I KNOW I LOOK GOOD, مگر اس قدر دیکھو گی تو نظر لگ جائے گی مجھے۔” وہ آئینے میں اسے دیکھتے ہوئے شرارت سے بولا، جو صوفے پہ پیر اوپر کیے، دونوں بازو گھٹنوں کے گرد لپیٹے اسی کو گھور رہی تھی۔

“نفرت۔ شدید نفرت ہے مجھے تم سے۔ دل چاہتا ہے تم پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا دوں۔ پھر شاید تم کو اندازہ ہو سکے کہ آگ میں جلنا کیسا ہوتا ہے۔”

وہ سرد لہجے اور بھرائی ہوئی آواز میں بولی، تو اینگما کا اسپرے کرتے، شاہ ویز کے ہاتھ تھم گئے۔

“ارے ارے ارے! ابھی تو جمعہ جمعہ چار دن بھی نہیں ہوئے اور تم ابھی سے خود کو بیوہ کرنے پہ تل گئی ہو؟ پاگل ہو گئی ہو کیا؟”

وہ ہلکے تبسم اور مبہم لہجے میں بولا۔

“ہاں۔ ہو گئی ہوں پاگل۔ تم نے کیا ہے مجھے پاگل۔” وہ کاٹ کھانے کو دوڑی۔

“بس ایک ہی رات میں؟” وہ محبت پاش نظروں سے اس کے وجود کو جانچتا ہوا اسے آگ لگا گیا۔

وہ دانت پیستے ہوئے نفرت سے رخ موڑ گئی۔

رضیہ ناشتہ لے کر روم میں گئی مگر اس نے وہ بھی واپس کر دیا۔

“دلہن بی بی نے دروازہ کھولنے سے منع کر دیا۔” رضیہ نے اطلاع دیتے ہوئے ناشتے کی ٹرے ٹیبل پہ رکھ دی۔

“رکو میں دیکھتا ہوں۔” حیدر صاحب نے کھڑے ہوتے شاہ ویز کو ہاتھ کے اشارے سے واپس بیٹھنے کو کہا اور خود ٹرے لے کر اوپر چلے گئے۔

مگر 10 منٹ بعد وہ واپس ٹرے سمیت ٹیبل پہ موجود تھے۔

“کیا ہوا ڈیڈ؟ آپ واپس کیوں آ گئے؟”

“بیٹا ہو سکتا ہے وہ واش روم میں ہو۔ یا پھر ابھی دل نہ ہو۔”

“مطلب؟ اس نے آپ کی ناک پہ بھی دروازہ نہیں کھولا؟” شاہ ویز نے غصے کو کنٹرول کرتے ہوئے پوچھا۔

“چلو بیٹا۔ کوئی بڑی بات نہیں۔ ابھی وہ غصے میں ہے۔” حیدر صاحب نے فوراً اس کی سائیڈ لی۔

“یہ کوئی صحیح بات نہیں ہے ڈیڈ۔ میں واپس آ کر پوچھوں گا اس سے۔” اس نے نیپکن ٹیبل پہ پٹخا۔

“نہیں بیٹا غصہ نہیں کرتے۔ وہ غصے میں ہے اب تم بھی غصہ گرمی دکھاؤ گے تو معاملہ الجھ جائے گا۔ اچھا چھوڑو یہ باتیں۔ جاؤ تم جا کر اس کو ناشتہ کروا دو۔ ہو سکتا ہے تم کہو تو کر لے ناشتہ۔ ویسے بھی کل ولیمے کے پورے فنکشن میں اس نے کچھ خاص کھایا نہیں تھا۔ جاؤ شاباش۔”

انہوں نے غصے سے لب بھینچے بیٹھے شاہ ویز کو مناتے ہوئے کہا۔

“سوری ڈیڈ! میرے پاس ان چونچلوں کے لیے ٹائم نہیں ہے۔ اگر وہ یہ سب مجھے دکھانے کے لیے کر رہی ہے تو اس کو احساس ہونا چاہیے کہ یہ میرے جانے کا ٹائم ہے۔ یہ نخرے پھر کبھی سہی۔ خدا حافظ۔”

وہ اپنی کیپ اٹھا کر لمبے لمبے ڈگ بھرتا چلا گیا۔ حیدر صاحب ایک ٹھنڈی سانس بھر کے رہ گئے۔

✦ ✦ ✦

شام کو حیدر صاحب کی کال نے شاہ ویز کو اچھا خاصا پریشان کر دیا۔ مناہل کسی کو بغیر بتائے کہیں چلی گئی تھی۔

“دوپہر کو بھی رضیہ نے لنچ کروانا چاہا مگر اس نے انکار کر دیا۔ اور پھر ابھی مجھے چوکیدار نے بتایا کہ اس نے کیب منگوائی اور پھر وہ اس میں بیٹھ کر چلی گئی۔” حیدر صاحب کی آواز میں واضح پریشانی تھی۔

“آپ پریشان مت ہوئیے ڈیڈ۔ میں ڈھونڈ لوں گا اسے۔ آپ بس تمام ملازمین کو تنبیہ کر دیجیے کہ اب اگر وہ گھر سے باہر جانے کے لیے کہے تو وہ فوراً آپ کو اطلاع دے دیں۔” اس نے پریشانی سے ماتھا مسلتے ہوئے کہا۔

“ٹھیک ہے۔ تم جلدی اسے ڈھونڈو۔ پتہ نہیں کہاں ہوگی وہ۔”

“جی ڈیڈ!!”

اس نے فون رکھ کر گاڑی کی چابیاں اٹھائیں اور باہر نکل گیا۔ ڈرائیونگ کرتے ہوئے اس کا ذہن مسلسل کل رات کے واقعے کی طرف الجھ رہا تھا۔

گاڑی کی اسپیڈ تیز تھی، مگر اس کا دماغ اس سے بھی تیز بھاگ رہا تھا۔ سامنے مناہل کا سوجا ہوا چہرہ گھوم رہا تھا۔ وہ سرخ آنکھیں، بھاری پپوٹے…

“کہیں مجھ سے کوئی غلطی تو نہیں ہو گئی؟ اگر اس نے خود کو کچھ کر لیا؟”

اس کو پچھتاوے گھیر رہے تھے۔

“کل رات وہ کتنا روئی ہوگی اور میں بے حسوں کی طرح سو گیا یہ کیا ہو گیا مجھ سے۔ مجھے زبردستی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ اس نے ‘نہیں’ کہا تھا، بار بار کہا تھا۔ ‘دور ہٹو مجھ سے’ اور میں نے اس کی نہیں کو اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا۔ یہ کیا کر دیا میں نے؟”

اب جا کر اسے احساس ہوا تھا کہ نکاح کا رشتہ تو دو روحوں کی رضامندی سے بندھتا ہے۔ اس نے اپنی انا کا سر اونچا رکھنے کے لیے اپنی نئی نویلی ہمسفر کے سامنے خود کو کتنا ہلکا کر لیا تھا۔ جلد بازی میں اس کی نظروں میں اپنی رہی سہی قدر بھی کھو دی۔

“پہلے میری بیوقوفی کی وجہ سے اسے زبردستی ایک ان چاہے انسان کے ساتھ زندگی گزارنے کی سزا ملی۔ دوسرا خونی رشتوں سے تعلق توڑنا پڑا۔ اور آخر میں جس انسان پر اب اسے ساری زندگی تکیہ کرنا ہے، اس نے بھی اسے دھوکا دے کر صرف اپنا مطلب پورا کیا۔ وہ کیا سوچتی ہوگی میرے بارے میں؟”

ملامت کے سائے اس کے وجود کا احاطہ کر رہے تھے اور اس کا دل بیٹھا جا رہا تھا۔

اسٹیئرنگ پر اس کی انگلیاں سرد پڑ گئیں۔ اسے اپنے اوپر رہ رہ کے غصہ آ رہا تھا۔ ایکسیلیٹر پر پاؤں کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔ اسے ہر حال میں مناہل کو ڈھونڈنا تھا۔

“کاش اس دن میں نے وہ غلطی نہ کی ہوتی جس کی وجہ سے ہم سب تکلیفوں میں آ گئے ہیں۔”

اس کا ذہن ماضی میں بھٹکنے لگا تھا۔

پابندِ سلاسل ناولٹ از بشریٰ ارشاد قسط نمبر 3 پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ہماری ڈائجسٹ – رائٹر ڈیسک

السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!

کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟

اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔

ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:

  • آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
  • اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
  • آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔

اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:

اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

2 تبصرے ”ناولٹ: پابند سلاسل ازقلم بشری ارشاد قسط 2 – ہماری ڈائجسٹ“

اپنا تبصرہ بھیجیں