مجموعی احساس ذمہ داری کالم صغیر جعفری ہماری ڈائجسٹ

مجموعی احساسِ ذمہ داری: چیونٹی کا سبق | ہماری ڈائجسٹ

تحریر: صغیر جعفری

اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں انسانوں کے علاوہ مختلف جانوروں اور پرندوں کی ودیعت کردہ ذہانت، عقل مندی، منصوبہ بندی اور اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پورا کرنے کا ذکر ہماری رہنمائی کے لیے فرمایا ہے۔ ان میں خاص طور پر چیونٹی (النمل) اور شہد کی مکھی (النحل) کی صلاحیتوں کا ذکر بڑے خوبصورت اور ناصحانہ انداز میں فرمایا ہے اور ان کی صفات کو الگ الگ مکمل سورتوں کی شکل میں بیان فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوق کی رہنمائی کے لیے انبیاء کرام کو وحی کے ذریعے آگاہی عطا فرمائی ہے۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے شہد کی مکھی کو جو شہد بنانے کا عمل سمجھایا ہے، اس کے لیے انبیاء کرام کی طرح وحی کا لفظ استعمال کرتے ہوئے فرمایا: “وَأَوْحَىٰ رَبُّكَ إِلَى النَّحْلِ” یعنی تیرے رب نے شہد کی مکھی کو وحی کی۔

آج میں آپ کو چیونٹی کے بارے میں اس مجموعی احساسِ ذمہ داری سے آگاہ کروں گا، جس کا تفصیلی ذکر سورۃ النمل میں کیا گیا ہے۔ سورۃ النمل کا یہ واقعہ مجھے ہمیشہ سے اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، کیونکہ اس میں حکمت اور عبرت کا ایک بہت بڑا سمندر پوشیدہ ہے۔ آپ لوگوں نے سورۃ النمل میں پڑھا ہوگا کہ کس طرح ایک چیونٹی باقی چیونٹیوں کو خبردار کرتی ہے کہ اپنے بلوں میں چلی جاؤ، کہیں ایسا نہ ہو کہ بے خبری میں حضرت سلیمان علیہ السلام کا لشکر تمہیں کچل دے۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے: “حَتَّىٰ إِذَا أَتَوْا عَلَىٰ وَادِ النَّمْلِ قَالَتْ نَمْلَةٌ يَا أَيُّهَا النَّمْلُ ادْخُلُوا مَسَاكِنَكُمْ لَا يَحْطِمَنَّكُمْ سُلَيْمَانُ وَجُنُودُهُ وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ” (ترجمہ: یہاں تک کہ جب وہ چیونٹیوں کی وادی میں پہنچے تو ایک چیونٹی نے کہا: اے چیونٹیو! تم سب اپنے گھروں میں داخل ہو جاؤ، کہیں ایسا نہ ہو کہ سلیمان اور ان کے لشکر تمہیں کچل ڈالیں اور انہیں اس کا احساس بھی نہ ہو۔)

وہ چیونٹی بہت ذہین تھی، مگر اس میں ایک خاص بات ایسی ہے جو ہم سب کے لیے ایک عظیم سبق ہے۔ جب وہ چیونٹی کہتی ہے: “يَا أَيُّهَا النَّمْلُ” (اے چیونٹیو!) تو وہ صرف خود نہیں بھاگتی، وہ یہ نہیں کہتی کہ مجھے خطرہ ہے اور مجھے بچنا ہے، بلکہ وہ پوری قوم کو پکارتی ہے۔ اس کے شعور میں صرف “میں” نہیں بلکہ “ہم” کا تصور تھا۔ اس نے خطرہ دیکھا تو اپنی جان بچانے سے پہلے اپنی قوم کو خبردار کیا۔ یہاں ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے کہ جب ہمیں کسی نقصان کا علم ہوتا ہے تو کیا ہم صرف خود کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں یا اپنے ساتھ موجود لوگوں کی فکر بھی کرتے ہیں؟ جب ہمیں کوئی دینی بات سمجھ آتی ہے، کوئی گناہ نظر آتا ہے، کوئی فتنہ یا خطرہ محسوس ہوتا ہے، تو کیا ہماری سوچ یہ ہوتی ہے کہ میں اس سے بچ جاؤں یا یہ کہ ہم سب اس سے بچ جائیں؟

اس کے بعد اس چیونٹی کی بات اور بھی خوبصورت ہو جاتی ہے جب وہ کہتی ہے: “ادْخُلُوا مَسَاكِنَكُمْ” (اپنے گھروں میں داخل ہو جاؤ)۔ وہ چیونٹی صرف یہ نہیں کہہ رہی کہ بھاگو، بلکہ وہ محفوظ جگہ کی نشان دہی کر رہی ہے۔ خطرے کے وقت اس کا پیغام پریشان ہونا نہیں بلکہ تحفظ فراہم کرنا ہے۔ وہ لوگوں کو صرف خوف زدہ کر کے نہیں چھوڑتی، بلکہ خطرہ بتانے کے بعد اس کا حل بھی بتاتی ہے۔ یہی ایک حقیقی رہنما کی پہچان ہوتی ہے کہ وہ صرف یہ نہ کہے کہ یہ غلط یا تباہ کن ہے، بلکہ اس کا حل بھی بتائے اور قوم کی مدد بھی کرے۔

اگر ہم “مساکن” کے لفظ پر غور کریں تو یہ لفظ “سکن” سے نکلتا ہے، جس سے سکون اور تحفظ کا تصور آتا ہے۔ چیونٹیوں کے گھر ان کے لیے محفوظ پناہ گاہ تھے۔ قرآنِ پاک کے اس لفظ سے معلوم ہوتا ہے کہ گھر کا اصل تصور صرف وہ جگہ نہیں جہاں ہم رہتے ہیں، بلکہ ایسی جگہ ہے جہاں انسان سکون اور تحفظ کے ساتھ زندگی بسر کرے۔ آج ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کیا ہم اپنے گھروں کو واقعی “مساکن” بنا رہے ہیں؟ ایسی جگہ جہاں اہل خانہ خوف سے نہیں بلکہ سکون سے واپس آئیں، جہاں قرآن کی تعلیمات، رحمت، نرم گفتگو اور ایک دوسرے کی حفاظت کا ماحول ہو؟ تحفظ کی ذمہ داری صرف ایک شخص کی نہیں ہوتی اور نہ ہی سکون ایک شخص کی وجہ سے آتا ہے، بلکہ گھر کے تمام افراد کے رویوں اور کردار کی بدولت گھر سکون کی جگہ بنتا ہے۔

ایک اور بہت خوبصورت بات جو چیونٹی کہتی ہے، وہ یہ ہے: “وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ” (اور انہیں اس کا احساس بھی نہیں ہوگا)۔ وہ یہ نہیں کہتی کہ سلیمان علیہ السلام اور ان کا لشکر ہمیں جان بوجھ کر کچل دے گا، بلکہ وہ نقصان کے امکان کو تسلیم کرتے ہوئے بھی سامنے والے کی نیت پر الزام نہیں لگاتی۔ وہ اپنی حفاظت بھی کر رہی ہے اور بدگمانی سے بھی بچ رہی ہے۔ یہ اخلاقی بصیرت کا ایک بہترین سبق ہے۔ ہماری زندگی میں اکثر مسئلہ صرف یہ نہیں ہوتا کہ کسی نے ہمیں نقصان پہنچایا، بلکہ مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ ہم فوراً اس کے پیچھے بری نیت فرض کر لیتے ہیں۔ چیونٹی ہمیں یہ سوچنے کی دعوت دیتی ہے کہ ممکن ہے نقصان ہو جائے، مگر سامنے والے کو اس کا احساس نہ ہو۔ اپنی حفاظت ضرور کریں، لیکن ہر شخص کی نیت کا فیصلہ خود نہ کریں۔

اس کے بعد اگلی آیت میں حضرت سلیمان علیہ السلام کا ردِعمل بتایا جاتا ہے: “فَتَبَسَّمَ ضَاحِكًا مِنْ قَوْلِهَا” (تو وہ اس کی بات پر مسکراتے ہوئے ہنس پڑے)۔ ایک چھوٹی سی چیونٹی کی بات سن کر بادشاہِ وقت حضرت سلیمان علیہ السلام نے یہ نہیں سوچا کہ میری فوج کتنی طاقتور ہے یا میرے پاس کتنا علم ہے، بلکہ فوراً اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی: “رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَال والدَيَّ” (اے میرے رب! مجھے توفیق دے کہ میں تیری اس نعمت کا شکر ادا کروں جو تو نے مجھ پر اور میرے والدین پر کی)۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کی نظر مخلوق کے کلام سے سیدھی خالق کی نعمت اور شکر کی طرف چلی گئی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ایسا شعور عطا فرمائے کہ ہم صرف اپنی ذات کی فکر کرنے والے نہ بنیں، بلکہ دوسروں کی حفاظت، خیرخواہی اور رہنمائی کا ذریعہ بھی بنیں، اور اجتماعی طور پر ہمیں ہماری ذمہ داری کا صدقِ دل سے احساس نصیب ہو۔ وما توفيقي إلا بالله۔

کیا محبت واقعی اندھی ہوتی ہے یا انسان خود اپنے ہاتھوں اپنی تباہی کا سامان کرتا ہے؟

سچائی اور سبق آموز حقائق سے پردہ اٹھاتی ملک محمد شاکر بہاولپوری کی یہ کامل تحریر محبت سے بلیک میلنگ تک — یہاں کلک کر کے مکمل کہانی پڑھیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں