کیا ہم تاریخ کی سب سے بڑی فکری گمراہی کا شکار ہیں؟

احساسِ زیاں: معاشرے میں جہالت اور علم کی قدر | صغیر جعفری

تحریر صغیرجعفری

آج کے اس ترقی یافتہ دور میں سوشل میڈیا پر نت نئے ذرائعِ ابلاغ و اظہار چھائے ہوئے ہیں۔

گوگل ریسرچ، ویکیپیڈیا، فیس بک اور انسٹاگرام پر علمی، تاریخی، معاشی و معاشرتی، طب و صحت، زبان و آداب اور تہذیبی ارتقاء و اقدار کے بارے میں مدلل مواد موجود ہے۔

یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم ان معلومات سے کس طرح اور کس قدر استفادہ کرتے ہیں۔

افسوس تو یہ ہے کہ ہمارے ذرائعِ ابلاغ (پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا) پر نااہل و ان پڑھ افراد مسلط ہیں، اور اس پر ستم یہ کہ ہم ان کی لغویات سن کر انہیں داد دیتے ہیں۔

اس ضمن میں مجھے محسن بھوپالی کا یہ قطعہ یاد آ گیا:

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے

اس حادثۂ وقت کو کیا نام دیا جائے

میخانے کی توہین ہے، رندوں کی ہتک ہے

کم ظرف کے ہاتھ میں اگر جام دیا جائے

اگر ہم نے اس مسئلے کو سنجیدہ نہ لیا اور یہی کم علم اور اناڑی لوگ میڈیا پر قابض رہے،

تو ہمارا موجودہ دور اور آنے والی نسلوں کا مستقبل اس ترقی یافتہ دور میں بھی جہالت کے سمندر میں ڈوب جائے گا۔

ملاحظہ فرمائیں کہ ایسے زوال شدہ معاشرے کی تباہی کے بارے میں تاریخ ہمیں کیا سبق سکھاتی ہے!

جب مغلیہ سلطنت زوال کی آخری حدوں کو چھو رہی تھی، تو دلی کے لال قلعے کے باہر ایک مسخرہ اور ان پڑھ بھانڈ بانس پر چڑیا بٹھا کر عجیب و غریب حرکتیں کرتا اور آوازیں نکالتے ہوئے اوٹ پٹانگ اچھل کود کیا کرتا تھا۔

تاریخ لکھتی ہے کہ دلی کے بڑے بڑے نواب، عربی و فارسی کے جید علماء، درباری شعراء، رؤسا اور جاگیردار اپنی پالکیوں سے اتر کر اس بھانڈ کی ایک جھلک دیکھنے اور اس کا ہاتھ چھونے کے لیے ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھال دیا کرتے تھے۔

اسی دوران قلعے کے ایک کونے میں دلی کا سب سے بڑا عالم، ماہرِ فلکیات و معاشیات اور ریاضی دان مفلسی کے عالم میں مر گیا،

لیکن اس کا جنازہ اٹھانے کے لیے چار کندھے تک نصیب نہ ہوئے؛ کیونکہ وقت کے باشعور لوگ تو چوک پر بھانڈوں کے ناٹک دیکھنے اور مسخروں کی بولیاں سننے میں مصروف تھے۔

پھر جب نادر شاہ دلی میں داخل ہوا، تو اس نے سب سے پہلے انہی نوابوں کی گردنیں اڑائیں جو مسخروں کے قدموں میں بیٹھا کرتے تھے۔

بالکل اسی طرح جیسے بغداد میں ہلاکو خان نے لایعنی موضوعات پر مباحثے اور مناظرے کرنے والوں کو گھوڑوں سے روند ڈالا تھا۔

آج ہمارے حالات بالکل اسی دلی اور بغداد کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ آپ اکثر دیکھتے ہوں گے کہ ٹک ٹاک شوز میں علم و شعور سے فارغ بھانڈوں کو ایوارڈز سے نوازا جا رہا ہوتا ہے، تو کہیں ہمارے اسکول و کالج کا پڑھا لکھا طبقہ اور یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ ان مسخروں کے ساتھ ایک سیلفی لینے کے لیے دھکے کھا رہے ہوتے ہیں۔

یہ سیلفی نہیں، یہ دراصل اس بات کا اعتراف ہے کہ ہماری تعلیمی و فنی اسناد و ڈگریاں، ہمارا عہدہ، ہمارا خاندانی پس منظر اور ہماری شرافت و وجاہت سب ایک ڈھونگ ہیں!

ہماری عقل پر ایک ایسے جاہل نے قبضہ کر لیا ہے جس کی کل اوقات ٹک ٹاک پر دو منٹ کا تماشہ دکھانا ہے۔

ڈگری یافتہ، حتیٰ کہ عالم و فاضل لوگ اس بہروپیے کے ساتھ تصویر بنا کر دنیا کو بتا رہے ہوتے ہیں کہ دیکھیں! ہماری سوچ کا معیار کس قدر انحطاط کا شکار ہو گیا ہے۔

کسی غریب جفا کش کسان، فیکٹری کے محنتی مزدور و کاریگر، راتوں کو جاگ کر شفٹوں میں کام کرنے والے محنت کش، پوری توجہ سے پڑھانے والے غریب استاد، یا کسی حلال کمانے والے

مزدور کے ساتھ تصویر کھنچوانے میں ہماری انا کو سانپ سونگھ جاتا ہے، ہماری انا مر جاتی ہے؛ کیونکہ وہاں ہمیں ستائش نہیں ملتی، “لائیکس” اور “ویوز” نہیں ملتے، ہماری تعریف میں کمنٹس نہیں آتے۔

ہم اس قدر اخلاقی طور پر گر چکے ہیں کہ اب ہماری عزت اور ذلت کا معیار انٹرنیٹ کے چند آرٹیکلز، پوسٹس، کمنٹس، لائک، ڈس لائک، شیئرنگ اور ویوز طے کرتے ہیں۔

یہ ترجیحات کی وہ غیر سنجیدہ سوچ ہے جو قوموں کو ہمیشہ کے لیے تباہ و برباد کر دیتی ہے۔

اگر اب بھی آپ کی سمجھ میں یہ بات نہیں آئی، تو آپ اپنی اگلی نسل کو بتا دیں کہ:

“بیٹا! علم و آداب، تہذیب و تربیت سیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں؛ کتابیں پڑھنا اور ہنر سیکھنا فضول کام ہے۔

بس اپنی جہالت کے ساتھ چوک پر کھڑے ہو کر تماشہ لگا لیں، یہ پڑھے لکھے لوگ خود آپ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیں گے اور اندھی عقیدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپ کے پیروں میں آ کر گر جائیں گے!”

خدارا! ہوش کے ناخن لیں۔ مسخروں کو تماشے کی حد تک رکھیں؛ انہیں اپنے شعور پر مسلط کر کے خود کو تاریخ کا سب سے بڑا، احساسِ زیاں کا خیال نہ رکھنے والا غير ذمہ دار فرد ثابت کرنے سے گریز فرمائیں۔

علامہ اقبال نے ہماری اسی اخلاقی پستی اور زبوں حالی کا نقشہ یوں کھینچا ہے:

وائے ناکامی! متاعِ کارواں جاتا رہا

کارواں کے دل سے احساسِ زیاں جاتا رہا

عقل و شعور کے ساتھ مثبت اندازِ فکر اپناتے ہوئے، من حیث القوم ہمیں ایسے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے

جس سے ہم موجودہ نسل اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے فلاح، معاشی استحکام اور تہذیبی ارتقاء کا روشن و درخشاں باب بن سکیں۔

— الداعی الی الخیر واتحاد بین المسلمین، صغیر جعفری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں