وکیلِ خصوصی صغیر جعفری کالم اور اللہ پر توکل

وکیلِ خصوصی: اللہ پر توکل اور نامِ الٰہی “الْوَكِيلُ” کی برکتیں | ہماری ڈائجسٹ

تحریر: صغیر جعفری

دستورِ زمانہ ہے کہ جب ہم کسی مسئلے میں بری طرح پھنس جاتے ہیں، تو اس مسئلے سے نکلنے کے لیے کوئی بااثر، معتبر اور طاقتور مددگار ڈھونڈتے ہیں۔

اگر کسی دنیاوی مقدمے میں جکڑے جاتے ہیں، تو پھر اس کے لیے انتہائی قابل اور چوٹی کے ذہین ترین وکیل کا انتخاب کرتے ہیں؛ تو آئیں دینی و دنیاوی صورتِ حال میں، میں آپ کو ہر لحاظ سے کامل و اکمل حقیقی مددگار و وکیلِ کامل کے بارے میں بتاتا ہوں۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا نام بھی ہے جو انسان کی ہر طرح کی ذہنی بے چینی اور پریشانی کو پل بھر میں ختم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے؟

ہم ان چیزوں کے بارے میں سوچ سوچ کر راتوں کی نیندیں حرام کر لیتے ہیں جو ابھی تک پیش ہی نہیں آئی ہوتیں:

”میرا مستقبل کیا ہوگا؟“

”میری شادی کس سے ہوگی اور میری شادی شدہ زندگی کیسی گزرے گی؟“

”میرے کتنے بچے ہوں گے اور ان کی تربیت کیسے ہوگی؟ میں کتنا کما پاؤں گا؟ میرا گھر کیسا ہوگا؟“

یہ اور اس جیسے سینکڑوں سوالات ہمارے ذہن پر حاوی رہتے ہیں۔ ذہنی دباؤ اور بے چینی انسان کو غیر یقینی صورتِ حال کے خوف میں مبتلا کر دیتی ہے، لیکن اس پریشانی کا علاج خود ہمارے رب کریم نے ہمیں سکھایا ہے۔

اللہ تعالیٰ کا یہ مبارک نام ہے: ”الْوَكِيلُ“؛ یعنی تمام کاموں کو سنبھالنے والے، بہترین کارساز اور ہر معاملے میں بھروسا کیے جانے کے لائق۔

جب آپ ”الْوَكِيلُ“ کی حقیقت کو سمجھ لیتے ہیں، تو آپ کا بوجھ وہیں سے ہی ہلکا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے رزق، ہماری اولاد، ہماری زندگی اور ہماری عمر کے تمام معاملات سے بخوبی واقف ہیں۔

اور سوچیں، جب کائنات کے سب سے بڑے مالک خود آپ کے معاملات کے نگہبان ہوں، تو پھر بھلا انسان کو کس بات کا ڈر؟ وہ انسان اپنی ذمہ داری کو نہ صرف پورا کرتا ہے بلکہ بہترین انداز میں نبھاتا بھی ہے۔

احادیث کی تعلیمات کی روشنی میں توکل کی حقیقت کو سمجھیں کہ جب کوئی بندہ سچے دل سے کہتا ہے:

”حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ“

ترجمہ: اللہ تعالیٰ ہمارے لیے کافی ہیں اور وہی بہترین کارساز ہیں۔

تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ بندے نے اپنی زندگی کی باگ ڈور، اپنے تمام اختیارات اور تمام تفکرات اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیے ہیں۔ بندہ اللہ پاک پر بھروسا کرتا ہے، اسباب اختیار کرتا ہے اور اپنے معاملات اسی رب کے حوالے کر دیتا ہے۔ یہی توکل دل کو سکون اور حوصلہ عطا کرتا ہے۔

یہ صرف الفاظ نہیں ہیں، بلکہ توکل اور اللہ پر کامل بھروسا ظاہر کرنے والے عظیم کلمات ہیں۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اس وقت اللہ پر بھروسا کیا جب انہیں آگ میں پھینکا جا رہا تھا۔

اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے اس آگ کو ان کے لیے ٹھنڈا اور سلامتی والی بنا دیا (* كوني برداً و سلاماً على إبراهيم *)۔

یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ جب تمام راستے بند ہو جائیں اور کچھ دکھائی نہ دے، تب بھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

جب بھی آپ کو سکون نہ ملے۔ پریشانی غالب آ جائے۔ مستقبل کا کوئی ڈر، کوئی خوف آپ کو ڈرانے لگے، اور جب بھی ذہن میں بے شمار سوالات بے چینی بن کر اٹکنے لگیں، تو فوراً رک جائیے۔

اپنے رب کو یاد کیجیے اور سچے دل سے اپنے رب کے سامنے اپنی پریشانی رکھ کر پکاریے:

حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ

اپنے معاملات اللہ تعالیٰ کے سپرد کر کے سکون حاصل کیجیے، کیونکہ جس کے کارساز و مددگار اللہ تعالیٰ ہوں، اسے کسی بھی حال میں اپنے رب کی رحمت سے قطعی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

یا اللہ تعالیٰ! ہمیں سچا توکل نصیب فرما دیجیے، اور ہمیں (* توكلت على الله *) پر قائم رہنے کی استقامت عطا فرما دیجیے۔

ہمارے تمام جائز معاملات میں آسانیاں پیدا فرما دیجیے اور ہمیں ہر حال میں اپنے فیصلوں پر راضی رہنے والا شاکر و صابر بنا دیجیے تاکہ اطاعت اور شکرگزاری ہماری عادت بن جائے۔

!آمین ثم آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں