Paband e Salasil Novelette Episode 5 by Bushra Irshad– Hamari Digest
ناولٹ: پابندِ سلاسل
پولیس ہسپتال کی ایمرجنسی میں شاہ ویز اس لڑکی کو لے کر داخل ہوا۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کو وائرلیس پر پیشگی اطلاع مل چکی تھی، لہٰذا اس نے بغیر کوئی سوال کیے اسٹریچر پر لیٹی لڑکی کا معائنہ شروع کر دیا۔
“نبض خطرناک حد تک سست ہے۔ یہ محض خوف نہیں، گہرا صدمہ ہے۔” ڈاکٹر نے اسٹیتھوسکوپ ہٹا کر کہا اور نرس کو سکون آور انجکشن تیار کرنے کا حکم دیا۔ میز پر پڑا MLC کا فارم اس کی انگلیوں تلے سرک رہا تھا۔ نام، پتہ، وقت، جسمانی معائنہ۔ ہر خانہ پرت در پرت بھرا جا رہا تھا۔
ملزمہ کے گرد لیڈی کانسٹیبل تعینات تھی۔ شاہ ویز کمرے کے ایک کونے میں ایستاد تھا۔ اس کی آنکھیں ڈاکٹر کے ہاتھوں پر نہیں، اس بے سدھ چہرے پر جمی تھیں جسے وہ کچھ دیر پہلے بیک ویو مرر میں دیکھ چکا تھا۔ وہی چہرہ جو انٹیل رپورٹس میں درج سفاک لیلٰی سے کوئی مطابقت نہیں رکھتا تھا۔
شاہ ویز ایک طرف کھڑا کارروائی دیکھ رہا تھا۔ اسی دوران شاہ ویز کے فون پر ASI فراز کی کال آ گئی۔
اسکرین پر نمبر دیکھتے ہی اس نے فوراً فون اٹھایا۔ “بولو فراز۔” شاہ ویز کا لہجہ سپاٹ تھا۔
مگر جواب میں فراز کے الفاظ کسی دھماکے سے کم نہ تھے۔ “سر، ہم سے بہت بڑی چوک ہو گئی ہے۔ وہ لڑکی جسے ہم نے پکڑا ہے، وہ لیلٰی نہیں ہے۔ وہ بیچاری تو بے گناہ ہے۔” ایک لمحے کو شاہ ویز کو لگا جیسے کمرے کی دیواریں اس پر آن گری ہوں۔ شاہ ویز کے ہاتھ کی گرفت فون پر سخت ہو گئی۔ اسے لگا جیسے ایمرجنسی روم کی ساری آکسیجن کسی نے کھینچ لی ہو۔
“اصلی لیلٰی برقع پوش تھی۔ عین اسی وقت وہیں موجود تھی جب ہم نے کارروائی کی۔ اس کے موبائل سے وہ تمام کوڈ ورڈز برآمد ہوئے ہیں جن کا ذکر انٹیل میں تھا۔ اور جو حلیہ ہمیں بتایا گیا تھا، وہ دراصل لیلٰی کی ایک قریبی ساتھی کا تھا جسے ہم نے دوسرے مقام سے گرفتار کیا ہے۔ اور جس فائل کو ہم ثبوت سمجھ رہے تھے، وہ کسی عام دفتر کی فائل تھی۔ اصل دستاویزات برقع پوش لیلٰی کے قبضے سے ملی ہیں۔” فراز تفصیلات دے رہا تھا اور شاہ ویز کو تو بس رہ رہ کر اس معصوم لڑکی کا رونا یاد آرہا تھا۔ اس نے ایک بے قصور لڑکی کو ریاست کا دشمن سمجھ لیا تھا۔
پیشہ ورانہ زندگی میں پہلی بار شاہ ویز کو اپنی ریڑھ کی ہڈی میں سرد لہر سرسراتی ہوئی محسوس ہوئی۔ اتنا تجربہ، اتنی ٹریننگ، اتنا پروفیشنلزم ہونے کے باوجود اس سے یہ سنگین غلطی کیسے سرزد ہو گئی؟ کیا یہ ڈی آئی جی صاحب کی طرف سے ملنے والا دباؤ تھا، یا پھر وہ اپنے پیشے میں واقعی اندھا ہو چکا تھا؟
ندامت کا ایک تلخ ذائقہ اس کے حلق میں تیر گیا۔
“یہ کیا بول رہے ہو تم؟” اس نے چہرے کو پتھر کی مانند سخت کیا اور آواز میں برف گھول دی۔ اس نے دبے لہجے میں ڈانٹتے ہوئے کہا: “یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے فراز؟ اتنی بڑی غلطی کیسے ہو سکتی ہے؟”
“سر، میں معذرت چاہتا ہوں، لیکن تصدیق ہو چکی ہے۔ اصلی لیلٰی ہمارے پاس ہے۔ اور آپ کے پاس جو لڑکی ہے، وہ کوئی عام شہری ہے جو غلط وقت پر غلط موقعے پر موجود تھی۔” فراز نے وضاحت کی۔
شاہ ویز نے گہری سانس خارج کی۔ طوفان کو اندر ہی اندر دبا کر اس نے حکم دیا: “اصلی ملزمہ کو فوراً سیف ہاؤس منتقل کرو۔ اور سنو، کسی کو بھی اس بلنڈر کے بارے میں پتہ نہیں چلنا چاہیے۔ ڈی آئی جی کو میں خود رپورٹ کر دوں گا۔”
فون بند کرتے ہی اس نے جلدی سے خود کو کمپوز کیا اور ڈاکٹر کی طرف مڑا جو ابھی MLC فائل پر دستخط کر رہا تھا۔
“ڈاکٹر! ان کی حالت کیسی ہے اور کب تک ہوش آئے گا؟” شاہ ویز نے سپاٹ لہجے میں پوچھا۔
“دیکھیے گھبرانے کی بات نہیں ہے انسپکٹر صاحب۔” ڈاکٹر نے تسلی دیتے ہوئے کہا۔ “جسمانی طور پر تو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ نہ کوئی بیرونی چوٹ ہے۔ یہ خالصتاً نفسیاتی صدمے کا کیس تھا۔ شدید خوف کی وجہ سے دماغ نے وقتی طور پر کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ہم نے انہیں سکون کا انجکشن دیا ہے۔ اب یہ کچھ گھنٹوں میں ہوش میں آ جائیں گی۔”
“تو ڈسچارج کب تک کریں گے؟” شاہ ویز کا سوال مختصر تھا۔
“ہوش میں آنے دیں۔ تیس سے چالیس منٹ تک ہم مزید آبزرویشن میں رکھیں گے۔ مگر میں مشورہ دوں گا کہ کم از کم آپ ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ انہیں یہاں رہنے دیں۔ ہوش آنے کے بعد اگر مریضہ نارمل ہو، بول چال درست ہو تو آپ انہیں لے جا سکتے ہیں۔ فی الحال انہیں سونے دیں۔ نیند ہی ان کا بہترین علاج ہے۔” ڈاکٹر نے پیشہ ورانہ لہجے میں تفصیل بتائی۔
شاہ ویز نے سر ہلایا اور شمائلہ کو ہدایت کی: “جب تک ہوش نہ آئے یہیں رکو۔ کوئی اندر نہ آئے۔”
یہ کہہ کر وہ MLC روم سے باہر نکل آیا۔ ہسپتال کی راہداری میں سناٹا تھا۔ وہ چلتا ہوا مرکزی دروازے کی طرف بڑھا۔ باہر گارڈز تعینات تھے۔
مغرب ڈھل چکی تھی۔ افق پر شفق کی سرخی سیاہی میں گھل رہی تھی۔ موذن کی آواز، فضا میں تحلیل ہو رہی تھی۔ دن کی روشنی سمٹ رہی تھی اور اس کی جگہ رات کی تاریکی آہستہ ہر شے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی تھی۔
شاہ ویز نے آسمان کی طرف دیکھا۔ بڑھتی ہوئی تاریکی اس کے ضمیر پر بھی سیاہی بڑھا رہی تھی۔ باہر کی شب اس کے اندر اتر رہی تھی۔ اس کے باطن پر بوجھ بڑھتا جا رہا تھا۔ یہ بوجھ کسی مشن کے ناکام ہونے کا نہیں تھا، کیونکہ اصلی لیلٰی تو گرفت میں آ چکی تھی۔ یہ بوجھ تھا ایک بے گناہ لڑکی کی سسکیوں کا، اس خوف کا جو اس نے ایک معصوم لڑکی کی آنکھوں میں دیکھا تھا۔
سات بجنے والے تھے۔ لڑکی کے ہوش میں آنے میں ابھی خاصا وقت تھا۔
اس نے ڈی آئی جی صاحب کو کال ملانے کا فیصلہ کیا۔
کال پر شاہ ویز نے ڈی آئی جی کو واقعے کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی نے پروٹوکول کے تحت ہدایت جاری کی کہ آپریشنل بلنڈر کو میڈیا کوریج سے محفوظ رکھا جائے۔ ان کے لیے آپریشن کی کامیابی کا معیار یہی تھا کہ غیر ملکی جاسوس زیر حراست ہے اور حساس معلومات ریکور کر لی گئی ہیں۔
شاہ ویز مسلسل راہداری میں ٹہل رہا تھا۔ لڑکی ابھی تک بے ہوش تھی۔ دیوار پر لگی گھڑی کی ٹک ٹک اس کے اعصاب پر ہتھوڑے برسا رہی تھی۔
ٹھیک دس بجے شمائلہ تیزی سے باہر آئی۔ “سر، لڑکی کو ہوش آ گیا ہے۔”
شاہ ویز نے گہرا سانس لیا اور MLC روم کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا۔
بستر پر وہ مناہل حیران پریشان بیٹھی تھی۔ آنکھوں میں بے یقینی تھی۔ وہ خوفزدہ نظروں سے ادھر ادھر دیکھ رہی تھی۔ “میں… میں کہاں ہوں؟ مجھے یہاں کیوں رکھا ہے؟؟”
شاہ ویز دو قدم آگے بڑھا۔ آواز میں پیشہ ورانہ ٹھہراؤ رکھتے ہوئے بولا: “دیکھیں مس، ہمارے ایک آپریشن کے دوران غلط شناخت کی بنیاد پر آپ کو حراست میں لینا پڑا۔ یہ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ایک انٹیلیجنس لیپس تھا جس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔ میں آپ سے پرسنلی بہت شرمندہ ہوں۔ آپ اب محفوظ ہیں۔” اس کی وضاحت پر میڈم شمائلہ نے حیرت سے شاہ ویز کو دیکھا۔
مناحل کو آہستہ آہستہ سب یاد آنے لگا۔ اس نے شاہ ویز کی بات سنی ان سنی کر دی۔ اس کی آنکھوں میں صرف ایک ہی فکر تھی۔ “میرا… میرا نو بجے نکاح تھا۔ مجھے گھر جانا ہے۔ گھر جانا ہے۔” وہ تڑپ کر اٹھی۔
شمائلہ فوراً آگے بڑھی۔ “بی بی، آپ کی کنڈیشن سٹیبل نہیں۔ ڈاکٹر کے دستخط کے بغیر ہم آپ کو ڈسچارج نہیں کر سکتے۔ پروٹوکول فالو کرنا ہوتا ہے۔”
شاہ ویز نے ہاتھ کے اشارے سے شمائلہ کو روک دیا۔ “آپ رہنے دیں۔ ڈاکٹر اور باقی پروسیجر جو بھی پروٹوکول ہے، وہ سب آپ دیکھ لیجیے گا۔ میں ان کو گھر چھوڑنے جا رہا ہوں۔”
اس نے مناحل سے نرمی سے پوچھا: “آپ کا ایڈریس؟”
مناحل نے لرزتی آواز میں ایڈریس بتایا۔
“ٹھیک ہے۔ چلیے آپ میرے ساتھ۔” شاہ ویز نے نرمی سے اسے اٹھنے کے لیے کہا۔
وہ خاموشی سے اس کی ہمراہی میں باہر نکل آئی۔ شاہ ویز نے اسے گاڑی میں بٹھایا اور خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گیا۔
گاڑی فرسٹ گیئر میں ڈال کر ایکسیلیریٹر پر پاؤں رکھا۔ مگر کراچی کا ٹریفک اس کے ارادوں پر پانی پھیر رہا تھا۔ جگہ جگہ سگنل جام۔ اس کی گاڑی رینگتے ہوئے چل رہی تھی۔
پورے راستے لڑکی کی دبی ہوئی سسکیاں اس کے کانوں میں سیسہ انڈیل رہی تھیں۔ وہ اسٹیئرنگ پر نظریں جمائے ڈرائیو کر رہا تھا۔ ڈسٹرب اور بے چین۔ ایسا لگتا تھا کہ وقت اس کے ہاتھ سے ریت کی طرح پھسل رہا ہے۔ وہ جلد سے جلد اسے اس کے گھر پہنچانا چاہتا تھا۔ اور اس سے زیادہ مضطرب مناہل تھی۔ وہ بے چینی سے بار بار پہلو بدل رہی تھی۔
اللہ اللہ کر کے وہ اس کے بتائے ہوئے پتے پر پہنچے، تو وہ دروازہ کھول کر بنا کچھ کہے، بنا پلٹ کر دیکھے، بھاگتی ہوئی اندر چلی گئی۔
شاہ ویز نے ٹھنڈی سانس کھینچی۔ ڈیش بورڈ پر ٹائم دیکھا تو بارہ بج رہے تھے۔ اس نے گیئر بدلا اور گاڑی آگے بڑھا دی۔
“نہ جانے سب کتنا پریشان ہو رہے ہوں گے، کتنی رونق تھی صبح یہاں اور اب۔”
اس نے پورچ سے گزرتے ہوئے رک کر قمقموں سے سجے گھر کو دیکھا جن کی لائٹس آف تھیں۔
اندر سے لوگوں کے بولنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔
وہ دھڑکتے دل اور لرزتے قدموں کے ساتھ لاؤنج میں داخل ہوئی تو ایک ساتھ کئی سر اس کی طرف مڑے۔
خاندان کے سبھی بڑے موجود تھے اور ان کے بیچ غزالہ بیگم زور زور سے کچھ بول رہی تھیں اور جواب میں پھوپھو کی منمناتی ہوئی آواز آ رہی تھی، اس کے اندر داخل ہوتے ہی ساری آوازیں تھم گئیں۔
“لو۔۔ آ گئیں میڈم صاحبہ۔۔۔ دیکھ لو سب، میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ یہ شادی کے نام پہ ہمارے ساتھ ڈرامے بازی ہو رہی ہے۔۔ مجھے تو پہلے ہی شک ہو گیا تھا کہ لڑکی کی رضامندی کے بغیر پھوپھو صاحبہ شادی کروا رہی ہیں۔” غزالہ بیگم نے ہاتھ نچاتے ہوئے کہا۔
“لو دیکھ لو سعدین بیٹا۔۔ تم سمجھ رہے تھے کہ کوئی حادثہ پیش آ گیا ہے مناہل میڈم کے ساتھ۔ ارے وہ تو میں نے سکینہ بیگم اور حسن کی باتیں نہ سنی ہوتیں تو پتہ ہی نہ چلتا، کہ دلہن صاحبہ پارلر جانے کے بہانے کسی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کے رفو چکر ہو چکی ہیں۔” انہوں نے سعدین کی طرف دیکھ کر جتاتے ہوئے کہا جو غصے سے مناہل ہی کو گھور رہا تھا۔
جبکہ مناہل کی تو یہ حالت تھی کہ کاٹو تو بدن میں لہو نہیں۔ اسے اندازہ تھا خراب صورت حال کا مگر اس قدر خراب رویہ وہ ایکسپیکٹ نہیں کر رہی تھی۔
اس کے قدم پتھر کے ہو گئے تھے۔
“ارے آپ کے جو منہ میں آتا جا رہا ہے آپ بکتی جا رہی ہیں۔” خاندان کے کسی بڑے نے کہا تو جواب میں مسٹر آفندی بولے:
“میری وائف نے اپنے کانوں سے حسن کی باتیں سنی ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم بک رہے ہیں۔”
“آپ پلیز آرام سے بیٹھ کر بات کریں۔ آنٹی کو کوئی غلط فہمی ہو گئی ہے ابھی سب کلیئر ہو جائے گا۔” حسن کی آواز آئی۔
“صاحبزادے تمہاری کزن رات کے اس آخری پہر گھر میں اکیلی داخل ہو رہی ہے اور تم کہہ رہے ہو غلط فہمی دور کرو گے؟ بس بس ہو گئی غلط فہمیاں دور۔” وہ غضبناکی سے کہتے ہوئے سکینہ بیگم کی طرف مڑے۔ “آج آپ کی بھتیجی کی وجہ سے جو شرمندگی ہم کو پوری بارات کے سامنے ہوئی اس کے بعد ہم تو کیا، سوسائٹی کا کوئی بھی اعلیٰ گھرانہ آپ کے ساتھ رشتہ بنانا پسند نہیں کرے گا۔ یہ سمجھ لیجیے آپ۔” مسٹر آفندی تیز لہجے میں بولتے وہاں سے چلے گئے؛ پیچھے پیچھے مسز آفندی اور سعدین بھی نکل گئے۔
مناہل کی اتنی ہمت بھی نہ ہو سکی کہ وہ سعدین سے نظریں بھی ملا پاتی۔
“تم کہاں چلی گئی تھی؟ ایسا کیوں کیا تم نے ہمارے ساتھ؟ کون تھا وہ شخص جس کی کار میں بیٹھ رہی تھی تم؟ کتنی آوازیں دی میں نے تم کو؟ میں نے تم سے وہیں رکنے کو کہا تھا .. اور تم… تم مجھے بیوقوف بنا کے چلی گئی؟ تمہاری وجہ سے امی کو اتنا ذلیل ہونا پڑا۔” یہ حسن تھا جو بناوٹی دکھ اور افسوس سے اس سے پوچھ رہا تھا جبکہ مناہل حیرت کے مارے کچھ بول ہی نہیں پا رہی تھی اور جب بولی تو صرف اتنا کہ “حسن تم یہ کیا بول رہے ہو۔۔۔؟ میں ۔۔ میں تو ۔۔ تم نے مجھ سے ایسا کب کہا تھا؟” وہ مارے حیرت کے بمشکل بولی۔
“اچھا! تو اب تم سب کے سامنے مجھے جھٹلاؤ گی؟” وہ تیزی سے اس کی بات کاٹ کے بولا جبکہ مناہل کا سر مسلسل نفی میں ہل رہا تھا۔
“ایک منٹ حسن!” سکینہ بیگم اسے ہٹا کے خود مناہل کے سامنے کھڑی ہوئیں تو مناہل جھٹ ان کے گلے لگ کے پھوٹ پھوٹ کے رو دی۔
“کہاں تھی تم اتنے گھنٹوں سے؟” سکینہ بیگم نے اس کو بے رخی سے دھکا دے کے خود سے الگ کیا تو مناہل حیرت سے رونا بھی بھول گئی۔
“بتاؤ کہاں تھی؟ جواب دو؟ کیوں چپ ہو؟؟” انہوں نے تیز اور پتھریلے لہجے میں خاموش کھڑی مناہل سے پوچھا تو اس نے گھٹی گھٹی آواز میں کہنا شروع کیا:
“پھوپھو مجھے نہیں پتہ۔۔ وہ پولیس والے تھے ۔۔ وہ مجھے لے گئے تھے۔۔ بے ہوش ہو گئی تھی ۔۔ جب ہوش آیا تو وہ لوگ مجھے خود یہاں چھوڑ کے گئے ہیں۔ مجھے کچھ پتہ نہیں کیا ہوا ہے یہ سب .. پلیز پھوپھو پلیز۔۔ خدا کے لیے میرا یقین کریں۔” وہ ہاتھ جوڑنے لگی۔
“تم کسے پاگل بنا رہی ہو لڑکی؟ مجھے؟ حسن نے خود دیکھا ہے تم کو پارلر کے بجائے کسی اور کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر جاتے ہوئے۔۔ میرا بچہ تمہارے پیچھے پاگلوں کی طرح بھاگا لیکن تم نے مڑ کر نہیں دیکھا۔۔۔ میں تمہاری ہر رگ سے واقف ہوں۔ نہیں کرنی تھی شادی تو نہ کرتیں ہمارے سر میں خاک کیوں ڈالی؟”
مناہل نے افسوس سے سر جھکا لیا۔ اسے خاندان بھر کے سامنے ذلیل ہونے سے زیادہ پھوپھو کی سوچ پہ تاسف ہو رہا تھا۔ وہ کیسے حسن کی جھوٹی کہانی کو سب کے سامنے دھرا کے اسے ذلیل کر رہی تھیں۔
“میرے سفید سر میں کالک پوتتے تجھے ذرا شرم نہیں آئی؟ باپ کی قبر کی مٹی خشک بھی نہیں ہوئی اور تو نے چاند چڑھا دیا؟ کیا جواب دوں گی میں بھائی صاحب کو؟ بول؟” وہ درشتی سے اسے پکڑ کر ہلاتے ہوئے بولیں۔ “باپ کو مرے مہینہ نہیں گزرا اور اس نے پر نکال لیے۔۔ اب بتاؤ کس سے کروں تیری شادی؟؟ کون کرے گا تیری اس جھوٹی کہانی پہ یقین؟ کون اپنائے گا تجھے؟ کیسے کروں گی تیری رخصتی میں؟ مناہل کیسے؟؟ کیسے؟” وہ اپنا ماتھا پیٹتے ہوئے رو رہی تھیں۔
“بتاؤ کسی نے کچھ نہیں کیا تمہارے ساتھ؟ یہ گھنٹے جو تم رات کے باہر گزار کر آئی ہے، بول دے کہ ان دس گھنٹوں میں بھی تیری پاکیزگی برقرار ہے۔۔۔ مجھے مطمئن کر دے مناہل۔۔ میرے دل کو قرار آ جائے۔” وہ ہاتھ جوڑتے ہوئے عجیب سے لہجے میں بولیں۔
“پلیز پھوپھو ایسا نہ کریں۔ معاف کر دیجیے مجھے۔ پلیز بس ایک بار مجھ پہ یقین کر لیں۔” اس نے روتے ہوئے ان کے جڑے ہاتھ نیچے کیے۔
“دفع ہو جاؤ میری نظروں کے سامنے سے۔۔ دفع ہو جاؤ ورنہ میں تمہارا قتل کر دوں گی۔” وہ ہزیانی انداز میں اس کو مارنے کو دوڑیں تو، ان کے چیختے کانپتے وجود کو دیکھتے ہوئے کسی نے اس کو پکڑ کر روم میں دھکیلا اور دروازہ بند کر دیا۔ دروازے کے پیچھے سکینہ بیگم کی ہزیانی آوازیں آ رہی تھیں۔
مناہل نے روتے ہوئے کانوں پہ ہاتھ رکھ لیے۔ اس کا ذہن اس صورتحال کو قبول نہیں کر پا رہا تھا۔
“حد کرتے ہو یار.. تمہیں اس کے والدین سے مل کر صورت حال واضح کر دینی چاہیے تھی … اور معافی بھی مانگنی چاہیے تھی۔” صبح ناشتے کی ٹیبل پہ حیدر صاحب نے اس سے استفسار کرتے ہوئے اسے لتاڑا۔
“آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں ڈیڈ، میں بھی کل ساری رات یہی سوچتا رہا۔۔ اب جو فائلز اس لڑکی سے ضبط کی تھیں وہ لوٹانے جا رہا ہوں۔۔ I THINK YOU SHOULD COME WITH ME۔۔ آپ ساتھ ہوں گے تو معافی مانگ کر وضاحت کرنے میں آسانی رہے گی۔” اس کے اپنے دل پر بڑا بوجھ تھا۔
“اچھا چلو ٹھیک ہے چلتے ہیں۔” انہوں نے ہامی بھری۔
اور پھر لنچ ٹائم میں شاہ ویز نے ان کو پک کر لیا۔ آدھے گھنٹے بعد وہ سبز بیلوں سے ڈھکے اسی بنگلے کے سامنے موجود تھے جہاں کل رات اس نے اس لڑکی کو ڈراپ کیا تھا۔
ملازمہ نے انہیں ڈرائنگ روم میں بٹھا دیا۔ چند لمحوں بعد ایک ادھیڑ عمر عورت کمرے میں داخل ہوئیں۔ سلام دعا کے بعد شاہ ویز گویا ہوا:
“میں اپنا تعارف کرواتا چلوں۔ میں ایس ایس پی شاہ ویز حیدر ہوں اور یہ میرے والد صاحب ہیں۔ کل رات آپ کی بیٹی کے ساتھ جو مس انڈرسٹینڈنگ ہوئی ہم اس پہ شرمندہ ہیں، دراصل ایک بہت بڑی غلط فہمی ہو گئی تھی جس پر مجھ سمیت میری ساری آپریشن ٹیم نادم ہے۔ ہم آج یہاں اسی واقعے کے لیے ایکسکیوز کرنے آئے ہیں۔ میں معافی چاہتا ہوں کل کے واقعے پر۔۔ اور یہ فائلز …..”
شاہ ویز مقابل کے چہرے کی بے زاری دیکھتے ہوئے خاموش سا ہو گیا۔
“معاف کیجیے گا ایس ایس پی صاحب!! لیکن آپ کی معذرت قابل قبول نہیں، کیونکہ جس غلطی کی آپ بات کر رہے ہیں، اس کا کفارہ محض ایک معذرت سے پورا نہیں ہو سکتا۔ شاید آپ کو پتہ بھی ہو کہ کل جس لڑکی کو 8 سے 10 گھنٹوں تک آپ لوگوں نے بلاوجہ اپنی تحویل میں رکھا تھا، کل اس کا نکاح تھا۔ جو اب یقیناً ایک تماشا بن کے رہ گیا ہے۔” انہوں نے چبھتے ہوئے لہجے میں کہتے ہوئے حیدر صاحب کی سماعتوں پہ بم پھوڑا۔
“ہمیں اس بارے میں علم نہیں تھا۔ بہت برا ہوا یہ تو۔ ہمیں بہت افسوس ہے۔ خدا آپ لوگوں کو صبر دے۔۔ جو کچھ بھی ہوا وہ نادانستگی میں ہوا۔” حیدر صاحب نے ٹوٹا پھوٹا عذر پیش کیا، جبکہ شاہ ویز تو افسوس کے مارے کچھ بول ہی نہیں پایا تھا۔
“جرم دانستہ تھا یا نادانستہ، اس بات سے قطع نظر آپ بس مجھے اتنا بتا دیجیے، کہ میرے مرحوم بھائی کی بن ماں کی بچی کو ساری رات اپنی تحویل میں رکھ کر میرے خاندان کی ناموس کو جو کالا ٹیکہ آپ لوگوں نے لگایا ہے، اب اس کالک کو کون پوچھے گا؟؟ اور اس کا ازالہ کون کرے گا؟” سکینہ بیگم نے ہاتھ پہ ہاتھ رکھ کر تیز لہجے میں حیدر صاحب سے پوچھا۔
“مجھ سے جو جرم سرزد ہو چکا ہے، میں جانتا ہوں معافی کے قابل نہیں۔ لیکن اگر کسی بھی طرح اس کا ازالہ ممکن ہو سکے تو میں ضرور کرنا چاہوں گا۔” شاہ ویز نے دھیمے لہجے میں کہا۔
“تلافی تو آپ کو کرنا ہی پڑے گی، کیونکہ سوسائٹی تو اب ایسی لڑکی کو کبھی قبول نہیں کرے گی لہٰذا اب آپ کو ہی اس سے شادی کرنی پڑے گی۔” سکینہ بیگم نے سیدھا اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے مقصد کی بات کی تو ایک پل کو شاہ ویز چپ سا ہو گیا۔
اس نے سوچا۔۔ کیا قسمت یہی چاہتی ہے مجھ سے؟ کیا میری زندگی کا یہ اہم فیصلہ اسی طرح طے ہونا لکھا تھا؟
“کیا ہوا ایس ایس پی صاحب؟” سکینہ بیگم نے طنزیہ مسکراتے ہوئے پوچھا تو شاہ ویز نے حیدر صاحب کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا، جنہوں نے مسکرا کے اسے، اس کا جواب دے دیا تھا۔
“ٹھیک ہے۔ میں تیار ہوں۔ گو کہ اس سے آپ کی جا چکی عزت تو واپس نہیں آ سکتی لیکن پھر بھی تلافی کی اس شرط کو پورا کرنے کے لیے میں تیار ہوں۔” اس کے چہرے پہ اس کے فیصلے کی مضبوطی ثبت تھی۔
“بس آپ اپنی بھتیجی سے پوچھ لیجیے۔”
“آپ آج رات کو قاضی صاحب اور دو گواہوں سمیت تشریف لے آئیے گا، میں آپ کو آج ہی رخصتی دے دوں گی، رہی بات مناہل کی تو اس کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔” انہوں نے اٹھتے ہوئے کہا۔
“یہ تمہارا جوڑا اور یہ جیولری۔ آدھے گھنٹے میں بیوٹیشن آ جائے گی ریڈی ہو جانا۔ دو گھنٹے بعد تمہارا نکاح ہے۔” اجنبی لہجے میں کہتی ہوئیں وہ واپسی کو پلٹیں۔
“پھوپھو! کیا سعدین مان گئے؟” اس نے تیزی سے پوچھا۔
“جو گل کل رات تم کھلا چکی ہو کیا اس کے بعد ممکن ہے کہ وہ مان جائے؟” وہ الٹا اسی سے پوچھ بیٹھیں۔
“میں قسم کھاتی ہوں پھوپھو۔۔ میرا دامن پاک ہے۔۔ آپ تو ایسی باتیں نہ کریں جیسے مجھے جانتی ہی نہ ہوں۔۔ کم از کم آپ تو یقین کیجیے میرا۔”
“اب اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون قصور وار ہے اور کون نہیں۔ کل رات کے واقعے سے خاندان کی عزت کو جو دھبہ لگا ہے اب اسے تم کو ہی دھونا پڑے گا۔ اسی آفیسر سے شادی کر کے جو تمہیں کل رات کی تاریکی میں یہاں چھوڑنے آیا تھا۔” ان کا لہجہ سپاٹ تھا۔
“کیا؟ آپ یہ کیا کہہ رہی ہیں پھوپھو جان۔۔ میں اس انسان سے کیسے شادی کر سکتی ہوں؟ میں تو اس کا نام تک نہیں جانتی۔” اس نے بے یقینی سے سر نفی میں ہلاتے ہوئے کہا۔
“تو نکاح کے وقت جان لینا۔ اور ہاں۔ ایک بات کان کھول کر سن لو۔ اگر تم نے نکاح کے دوران کوئی تماشا کیا تو تم میرا مارا ہوا منہ دیکھو گی۔” سکینہ بیگم اس کو سزا سناتے ہوئے اس کی امیدوں کی تمام کشتیوں کو خاک کر کے چلی گئیں۔
اور پھر اس کے لاکھ تڑپنے بلکنے کے باوجود بھی وہ محض چند گھنٹوں میں مناہل احسن سے مناہل شاہ ویز بنا دی گئی۔
پھوپھو نے اس کو پتھرائے ہوئے چہرے کے ساتھ گاڑی میں لے جا کر بٹھا دیا۔
“اب جا ہی رہی ہو تو واپس آنے کی غلطی مت کرنا۔ بھول جاؤ کہ تمہارا کوئی میکہ ہے۔ ختم ہو گئے ہم تمہارے لیے، اور تم ہمارے لیے۔” انہوں نے اسے قطع تعلق کی سزا سناتے ہوئے گاڑی کا دروازہ بند کیا۔ ساتھ ہی مناہل کا دل بھی بند ہونے لگا۔ اس کو لگ رہا تھا جیسے کوئی بھاری سل اس کے سینے پہ دھر دی گئی ہو۔ جیسے کسی نیزے کی انی اس کے کلیجے میں گاڑ دی گئی ہو۔
وہ بھیگی پلکوں سے ان کو تیزی سے گھر میں جاتا دیکھنے لگی جہاں سے اس کا دولہا اور چند اور لوگ ڈرائیو وے سے ہوتے ہوئے باہر آ رہے تھے۔
نہ جانے کیسی قسمت پائی تھی اس نے۔ اکلوتی اور لاڈلی ہونے کے باوجود رخصتی کے وقت کسی کی دعائیں تک نصیب نہ ہو سکیں۔
سارے راستے اس کے سسکتے وجود نے شاہ ویز کو بے چین رکھا، جبکہ مناہل کا دل اپنے برابر بیٹھے انسان سے شدید نفرت محسوس کر رہا تھا۔
“تم نے مجھے میرے اپنوں کی نظروں سے گرا دیا۔ شاہ ویز حیدر میں تم کو کبھی معاف نہیں کروں گی۔ میری زندگی برباد کر دی تم نے۔ اب تم دیکھو گے شاہ ویز حیدر، تم دیکھو گے .. کہ کسی کی زندگی کو جہنم بنانا تمہیں کتنا مہنگا پڑتا ہے۔” وہ بے آواز روتے ہوئے نفرت سے سوچ رہی تھی۔
👉 پابندِ سلاسل ناولٹ از بشریٰ ارشاد قسط نمبر6 پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں
السلام علیکم معزز اور مخلص لکھاریو!
کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسا بہترین ناول، نذرِ قلم افسانہ یا دل کو چھو لینے والی قسط ہے جسے آپ دنیا بھر کے اردو قارئین تک پہنچانا چاہتی ہیں؟
اب اپنی تحریر کو شائع کروانے کے لیے طویل اور پیچیدہ انتظار کے مراحل سے گزرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہماری ڈائجسٹ کا “Writer Desk” خاص طور پر آپ ہی کی سہولت کے لیے حاضر ہے، جہاں آپ انتہائی آسان طریقے سے اپنی تحریر ہمیں براہِ راست ای میل پر بھیج سکتی ہیں اور ہماری ٹیم اسے شاندار کور ڈیزائن اور معیاری فارمیٹنگ کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کرے گی۔
ہمارے رائٹر ڈیسک کی نمایاں خصوصیات:
- آپ کی ہر تحریر کو معیاری PDF فارمیٹنگ اور خوبصورت کور ڈیزائن کے ساتھ ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
- اس طرح آپ کی تخلیق کو لاکھوں قارئین تک پہنچنے کا بہترین اور باوقار موقع ملے گا۔
- آپ کی تحریر کی اشاعت سے متعلق تمام اہم اپ ڈیٹس اور رہنمائی آپ کو براہِ راست ہماری طرف سے مل جائے گی۔
اپنی تخلیق جمع کروانے کا طریقہ:
اپنی تحریر بمعہ مکمل نام اور تعارف ہماری آفیشل ای میل پر ارسال کریں:
اپنی تحریر کی اشاعت کا سفر آج ہی شروع کریں!
ای بکس پڑھیں
ہماری ای بکس (Ebooks) کی مرکزی کیٹیگری میں خوش آمدید!
یہاں آپ کو ہر قسم کی ڈیجیٹل کتب کا ایک بہترین ذخیرہ ملے گا، جن میں اردو ناولز، اسلامی کتب، تعلیمی مواد، اور خود سازی کی کتب شامل ہیں۔ تمام کتابیں آسان پی ڈی ایف فارمیٹ میں دستیاب ہیں تاکہ آپ انہیں اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر آسانی سے پڑھ سکیں۔ اپنی پسندیدہ کتاب تلاش کریں اور ابھی ڈاؤن لوڈ کریں۔













